دو آدمی تیسرے آدمی کی موجودگی میں سرگوشی نہ کریں
تحریر : فضیلۃ الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظ اللہ

وعن ابن مسعود رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏إذا كنتم ثلاثة فلا يتناجى اثنان دون الآخر حتى تختلطوا بالناس من اجل ان ذلك يحزنه [متفق عليه واللفظ لمسلم] ، [بلوغ المرام : 1239]
”اور ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جب تم تین ہو تو دو آدمی تیسرے کے بغیر آپس میں سرگوشی نہ کریں یہاں تک کہ تم دوسرے لوگوں کے ساتھ مل جاؤ کیونکہ یہ چیز اسے غمگین کرے گی۔“ [متفق عليه اور يه الفاظ مسلم كے هيں۔] ، [بلوغ المرام : 1237]
تخریج : [بخاري :2688] ، [مسلم، السلام 37] ، [بلوغ المرام : 1237] وغیرہما دیکھئے [تحفة الأشراف 56/7]
مفردات : يحزنه زاء کے کسرہ کے ساتھ أكرم يكرم کی طرح اور زاء کے ضمہ کے ساتھ نصر ينصر کی طرح متعدی ہے دونوں کا معنی غمگین کرنا ہے ولا يحزنك الذين يسارعون فى الكفر کفر میں آگے بڑھنے والے لوگ تجھے غمناک نہ کریں [آل عمران : 19] البتہ زاء کے فتحہ کے ساتھ سمع لازم ہے اس کا معنی غمگین ہونا ہے۔ لَا تَحْزَنْ إِنَّ اللَّـهَ مَعَنَا ”غمگین نہ ہو بےشک اللہ ہمارے ساتھ ہے۔“ [9-التوبة:40]
فوائد :
➊ دو آدمیوں کی آپس میں سرگوشی سے تیسرے ساتھی کے غمگین ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اسے خیال گزرے گا کہ یہ میرے خلاف کوئی منصوبہ بنا رہے ہیں یا کم از کم اتنی بات ضرور ہے کہ انہوں نے مجھے اس قابل نہیں سمجھا کہ مجھے اپنے راز میں شریک کریں۔
➋ دوسرے لوگوں سے مل جانے کے بعد دو آدمی آپس میں سرگوشی کر سکتے ہیں خواہ ایک آدمی بھی مزید مل جائے۔ کیونکہ دو آدمیوں کے آپس میں سرگوشی کرنے کی صورت میں تیرا اکیلا نہیں بلکہ اس کے ساتھ بھی ایک آدمی موجود ہے وہ آپس میں بات چیت کر سکتے ہیں۔ مالک نے عبداللہ بن دینار سے بیان کیا ہے کہ
ایک دفعہ میں اور عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بازار میں خالد بن عقبہ کے گھر کے پاس تھے ایک آدمی آیا جو ان سے کوئی پوشیدہ بات کرنا چاہتا تھا اور اس وقت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس میرے علاوہ کوئی اور نہیں تھا تو انہوں نے ایک اور آدمی کو بلایا اور مجھ سے اور اس آدمی سے کہا: تم دونوں ذرا ٹھہرو کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے پھر انہوں نے یہ حدیث بیان کی کہ جب تم تین آدمی ہو۔۔۔ الخ [موطا]
➌ امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا : ایک ساتھی کو چھوڑ کر دو آدمی سرگوشی نہیں کر سکتے تو دو سے زیادہ آدمی بھی ایک ساتھی کو اکیلا چھوڑ کر سرگوشی نہیں کر سکتے مثلاً تین یا دس آدمی اپنے کسی ایک ساتھی کو علیحدہ کر کے آپس میں سرگوشی کریں گے تو یہ چیز دو آدمیوں کے علیحدہ ہو کر سرگوشی کرنے سے بھی زیادہ باعث غم ہو گی۔ اس لئے جب تک اس کے ساتھ کوئی اور آدمی نہ ہو دوسرے ساتھیوں کو آپس میں سرگوشی کرنا جائز نہیں۔ [فتح الباري]
➍ دو آدمی اگر آپس میں کوئی راز کی بات کر رہے ہیں اور کوئی تیسرا اسے سننے کے لئے آ جائے تو یہ اس کے لئے جائز نہیں نہ ہی اس کے آنے سے ان کے لئے آپس میں سرگوشی منع ہو گی۔ سعید مقبری فرماتے ہیں کہ میں عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس سے گزرا ان کے ساتھ ایک آدمی باتیں کر رہا تھا میں ان کے پاس کھڑا ہو گیا تو انہوں نے میرے سینے میں دھکا دے کر کہا: جب تم دو آدمیوں کو بات کرتے ہوئے دیکھو تو جب تک اجازت نہ لے لو نہ ان کے پاس کھڑے ہو نہ بیٹھو [صحيح الأدب المفرد للبخاري 1166/889 ]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جو شخص ایسے لوگوں کی بات کان لگا کر سنے جو اس سے بھاگتے ہوں قیامت کے دن اس کے کانوں میں سیسہ ڈالا جائے گا۔“ [عن ابن عباس احمد، ابوداود، الترمذي، صحيح الجامع 6370 ]

 

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته، الحمد للہ و الصلٰوة والسلام علٰی سيد المرسلين

بغیر انٹرنیٹ مضامین پڑھنے کے لیئے ہماری موبائیل ایپلیکشن انسٹال کریں!

نئے اور پرانے مضامین کی اپڈیٹس حاصل کرنے کے لیئے ہمیں سوشل میڈیا پر لازمی فالو کریں!