ترجمہ و تفسیر کیلانی — سورۃ الانسان/الدهر (76) — آیت 25

وَ اذۡکُرِ اسۡمَ رَبِّکَ بُکۡرَۃً وَّ اَصِیۡلًا ﴿ۖۚ۲۵﴾
اور اپنے رب کا نام صبح اور پچھلے پہر یاد کیا کر۔ En
اور صبح وشام اپنے پروردگار کا نام لیتے رہو
En
اور اپنے رب کے نام کا صبح وشام ذکر کیا کر En

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

25۔ اور صبح و شام اپنے پروردگار [29] کا نام یاد کیجیے
[29] نمازوں کے اوقات :۔
اس صبر اور برداشت کے لیے جو قوت درکار ہے۔ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ کے ذکر اور اس پر توکل کرنے سے حاصل ہو گی۔ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر وقت اللہ کو یاد کیا کیجیے۔ واضح رہے کہ اگرچہ پنج وقتہ نماز شب معراج میں فرض ہوئی تھی اور ہر نماز میں رکعات کی تعداد اور نماز کی دوسری جزئیات بتائی گئی تھیں۔ تاہم اس سے پہلے بھی نمازوں کے اوقات تقریباً وہی تھے مثلاً اس آیت میں ﴿بُكْرَةً وَّاَصِيْلًا کے الفاظ آئے ہیں۔ بکرہ سے مراد پہلے پہر یا صبح کی نماز ہے اور اصیلا زوال آفتاب سے غروب آفتاب کے وقت کو کہتے ہیں یہ ظہر اور عصر کی نمازیں ہوئیں۔ اور اس سے اگلی آیت میں رات سے مراد شام اور عشاء کی نمازیں ہیں۔ اور ﴿لَيْلاً طَوِيْلاً سے مراد تہجد کی نماز ہے۔ جو آپ پر فرض تھی۔