6۔ رات کا اٹھنا [6]یقیناً (نفس کو) بہت زیر [7] کرنے والا ہے اور قرآن پڑھنے کے لیے زیادہ موزوں [8] وقت ہے۔
[6] تہجد کا لغوی مفہوم :۔
پانچ نمازوں کی فرضیت تو معراج کو ہوئی تھی۔ اس سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اور دوسرے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی یہی رات کی نماز ہی پڑھا کرتے تھے۔ نماز با جماعت کا بھی کوئی اہتمام یا حکم نہیں تھا۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اپنے اپنے گھروں میں یہ نماز اپنے اپنے طور پر ادا کر لیا کرتے تھے۔ جب معراج میں پانچ وقت نمازیں فرض ہوئیں تو یہ نماز صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے فرض رہ گئی باقی مسلمانوں سے اس کی فرضیت ساقط کر دی گئی۔ البتہ اس کے ادا کرنے کی ترغیب ضرور دی گئی۔ اب اس نماز کی حیثیت عام مسلمانوں کے لیے سنت موکدہ کی ہے۔ اس کے اوقات بھی مختلف تھے۔ کئی مسلمان اسے رات کے ابتدائی حصہ میں ادا کر لیا کرتے تھے۔ بعض دوسرے پچھلے حصہ میں یہ نماز ادا کیا کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قیام اللیل کی ایک صورت وہ تھی جو اوپر سیدہ ام سلمہؓ کی روایت میں مذکور ہے۔ اور لغوی لحاظ سے لفظ تہجد یا ھجود کا یہی معنی ہے۔ یعنی رات بھر میں کئی بار سونا بھی اور جاگنا بھی۔ پھر جب پانچ نمازیں فرض ہو گئیں تو بھی یہ نماز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے فرض ہی رہی اور اس کا وقت نصف شب سے لے کر طلوع فجر تک قرار پا لیا۔ یعنی اس عرصہ کے درمیان کسی بھی وقت یہ نماز ادا کی جا سکتی ہے۔ ان آیات سے ضمناً یہ بھی معلوم ہوا کہ سورۃ مزمل کے نزول سے پہلے قرآن کا اتنا حصہ نازل ہو چکا تھا جسے اس لمبی نماز میں ترتیل کے ساتھ پڑھا جا سکتا تھا۔ [7]وَطَأ بمعنی روندنا، پامال کرنا، سب کس بل نکال دینا۔ یعنی رات کو جاگ کر اپنے نفس کو اللہ کی عبادت پر آمادہ کرنا نفس کی سرکشی کو دور کرنے اور اس کے کس بل نکالنے کے لیے بہت موثر علاج ہے۔ البتہ اس سے نفس کو کوفت بہت ہوتی ہے۔ اور ﴿وَطَأعَلَيالاَمْرِ﴾ کا دوسرا معنی کسی کام کو اپنی مرضی کے موافق آسان بنا لینا بھی ہے۔ گویا شب بیداری اگرچہ نفس پر بہت گرانبار ہے تاہم یہ نفس کی اصلاح کے لیے اور جس کام کے لیے ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تربیت کرنا چاہتے ہیں، نہایت مناسب اور مفید رہے گی۔ [8]﴿أقْوَمُقِيْلاً﴾ یعنی بات کو زیادہ درست بنانے والا۔ یعنی شب بیداری کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ اس وقت دل و دماغ تازہ ہوتے ہیں۔ شور و غل نہیں ہوتا۔ لہٰذا اس وقت جو قرآن پڑھا جائے گا۔ طبیعت پوری توجہ سے اس میں غور و فکر کرے گی۔ گویا قرآن کے مطالب سمجھنے اور اس سے اثر پذیری کے لیے یہ وقت موزوں ہے۔
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔