ترجمہ و تفسیر کیلانی — سورۃ آل عمران (3) — آیت 33

اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰۤی اٰدَمَ وَ نُوۡحًا وَّ اٰلَ اِبۡرٰہِیۡمَ وَ اٰلَ عِمۡرٰنَ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ ﴿ۙ۳۳﴾
بے شک اللہ نے آدم اور نوح کو اور ابراہیم کے گھرانے اور عمران کے گھرانے کو جہانوں پر چن لیا۔ En
خدا نے آدم اور نوح اور خاندان ابراہیم اور خاندان عمران کو تمام جہان کے لوگوں میں منتخب فرمایا تھا
En
بے شک اللہ تعالیٰ نے تمام جہان کے لوگوں میں سے آدم (علیہ السلام) کو اور نوح (علیہ السلام) کو، ابراہیم (علیہ السلام) کے خاندان اور عمران کے خاندان کو منتخب فرما لیا En

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

33۔ اللہ تعالیٰ نے آدم کو، نوح کو، آل ابراہیم اور آل عمران کو تمام اہل عالم میں [35] سے (رسالت کے لیے) منتخب کیا تھا
[35] ضابطہ نبوت:۔
اس آیت سے حضرت عیسیٰؑ اور ان کی امت نصاریٰ کا ذکر ہو رہا ہے۔ اس آیت میں یہ بتلایا جا رہا ہے کہ حضرت عیسیٰؑ انسان ہی تھے اور آدم ہی کی اولاد سے تھے۔ کوئی مافوق البشر ہستی نہیں تھے۔ پھر بعد میں یہ بتلایا گیا ہے کہ ان کی پیدائش کن حالات میں ہوئی اور کیسے ہوئی۔ بعدہٗ ان کی زندگی کے مختصر سے حالات اور پھر عیسیٰؑ کو اللہ تعالیٰ کا اپنے ہاں اٹھا لینے کا ذکر ہے اور ساتھ ہی عیسائیوں کے عقائد باطلہ کی تردید بھی پیش کی جا رہی ہے، جس وقت اللہ تعالیٰ نے آدم کو پیدا کیا تو اس وقت کی موجودہ کائنات (آسمان و زمین، شمس و قمر، ستارے، جن اور فرشتے وغیرہ) میں فرشتے ہی تمام مخلوق سے افضل تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں سے حضرت آدمؑ کو سجدہ کروایا اور حضرت آدمؑ کو تمام جہان والوں پر فضیلت بخشی، پھر انہیں نبوت سے سرفراز فرمایا۔ پھر ان ہی کی اولاد میں نبی پیدا ہوتے رہے۔ پھر حضرت نوحؑ کے بعد سلسلہ نبوت حضرت نوحؑ کی اولاد سے مختص ہو گیا جو حضرت ابراہیمؑ تک چلتا رہا۔ پھر یہ سلسلہ نبوت حضرت ابراہیمؑ کی اولاد سے مختص ہو گیا۔ حتیٰ کہ نبی آخر الزمان بھی انہی کی اولاد سے تھے اور آل عمران کا ذکر بالخصوص اس لیے کیا کہ نسب تو مرد کی طرف سے چلتا ہے اور حضرت عیسیٰؑ بن باپ پیدا ہوئے تھے۔ البتہ ان کی والدہ حضرت مریمؑ عمران ہی کے خاندان سے تھیں اور اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰؑ کو منسوب بھی ان کی والدہ مریم ہی کی طرف کیا ہے۔ یہ عمران حضرت موسیٰؑ اور حضرت ہارونؑ کے والد کا نام ہے۔ انہی کی اولاد سے حضرت مریمؑ تھیں اور اس سورت کا نام آل عمران بھی اسی نسبت سے ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ حضرت مریمؑ کے والد کا نام بھی عمران ہو، جیسا کہ آیت کے الفاظ
﴿ قَالَتِ امْرَاَتُ عِمْرٰنَ
سے ہوتا ہے۔