214۔ اور اپنے کنبہ کے قریبی رشتہ داروں [127] کو (برے انجام سے) ڈرائیے
[127] قریش کو آپ کی پہلی دعوت:۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعد تین سال تک آپ انتہائی خفیہ طریقہ پر دار ارقم میں فریضہ تبلیغ سرانجام دیتے رہے۔ بعد میں یہ حکم نازل ہوا کہ آپ اب اپنے قریبی رشتہ داروں کو بھی کھل کر شرک سے بچنے کی دعوت دیجئے اور اس شرک کے انجام سے انھیں ڈرائیے۔ اس آیت پر آپ نے جس طرح عمل فرمایا وہ درج ذیل احادیث سے واضح ہے: حضرت ابن عباسؓ کہتے ہیں کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم باہر نکلے اور صفا پہاڑ پر چڑھ گئے اور آواز دینے لگے: اے فہر کی اولاد، اے عدی کی اولاد، غرض قریش کے سب خاندان کو پکارا۔ وہ جمع ہو گئے جو کوئی خود نہ آسکا اس نے اپنی طرف سے ایک آدمی بھیج دیا تاکہ یہ دیکھے کہ کیا معاملہ ہے۔ ابو لہب خود آیا اور قریش کے دوسرے لوگ بھی آگئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا: ”اگر میں تم سے کہوں کہ اس وادی کے اس طرح کچھ سوار تم پر حملہ کرنے کے لئے جمع ہیں تو کیا تم میری بات سچ مانو گے؟“ انہوں نے کہا۔ ”بے شک! کیونکہ ہم نے آپ کو ہمیشہ سچ ہی بولتے دیکھا ہے“ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں تمہیں اس سخت عذاب سے ڈراتا ہوں۔ جو(قیامت کو) تمہیں پیش آنے والا ہے“ اس پر ابو لہب کہنے لگا: ”تم پر بقیہ سارا دن ہلاکت ہو کیا تم نے اسی بات کے لئے ہمیں اکٹھا کیا تھا؟“ اس وقت یہ سورت نازل ہوئی: ﴿تَبَّتْيَدَآاَبِيْلَهَبٍوَّتَبَّ ...﴾[بخاري۔ كتاب تفسير] حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہو کر فرمانے لگے: ”اے قریش کے لوگو!(یا کچھ ایسا ہی کلمہ کہا) تم اپنی اپنی جانیں بچا لو۔ میں اللہ کے سامنے تمہارے کسی کام نہ آ سکوں گا۔ اے بنو عبد مناف! میں اللہ کے سامنے تمہارے کسی کام نہ آسکوں گا۔ اے میری پھوپھی صفیہ! میں اللہ کے سامنے تمہارے کسی کام نہ آ سکوں گا۔ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی فاطمہ! میرے مال سے جو چاہتی ہے مانگ لے لیکن اللہ کے سامنے میں تیرے کسی کام نہ آ سکوں گا“ [حواله ايضاً]
نئے مضامین کی اپڈیٹس کے لیے ہماری میلنگ لسٹ میں شامل ہوں
قرآن و سنت کی روشنی میں علمی و تحقیقی مضامین براہ راست اپنے ان باکس میں پائیں
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔