ترجمہ و تفسیر کیلانی — سورۃ الشعراء (26) — آیت 144

فَاتَّقُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوۡنِ ﴿۱۴۴﴾ۚ
پس اللہ سے ڈرو اور میرا کہا مانو۔
تو خدا سے ڈرو اور میرا کہا مانو
تو تم اللہ سے ڈرو اور میرا کہا کرو

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

144۔ لہٰذا اللہ سے ڈرو [90] اور میری اطاعت کرو
[90] سیدنا صالحؑ کا شجرہ نسب :۔
قوم ثمود کی ہدایت کے لئے اللہ تعالیٰ نے اسی قوم کے ایک فرد حضرت صالحؑ کو مبعوث فرمایا۔ ثمود اس قوم کے جد اعلیٰ کا نام تھا اور صالحؑ کا شجرہ نسب یوں چلتا ہے۔ صالح بن عبید بن آصف بن ماشح بن عبید بن یاور بن ثمود۔ اس لحاظ سے یہ اپنی قوم کے بھائی ہوئے۔ انبیاء کی دعوت کا آغاز ہمیشہ توحید سے ہوتا ہے۔ وہ اپنی قوم کو اللہ کے احسانات یاد دلاتا ہے۔ ایسے احسانات جسے سب لوگ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اللہ ہی کے احسانات ہیں۔ پھر قوم کو دعوت فکر دی جاتی ہے کہ جب انعامات و احسانات کی بارش کرنے والا صرف اللہ ہے تو تم اس کی بندگی میں دوسروں کو کیوں اس کا شریک بناتے ہو۔ اور اگر قوم پیغمبر کی بات پر توجہ نہ دے یا اس کی دعوت کی مخالفت پر اتر آئے تو وہ انھیں اللہ کی گرفت اور عذاب سے ڈراتا ہے۔ یہی کام صالحؑ نے بھی اسی انداز پر سرانجام دیا۔