77۔ یہاں تک کہ ہم نے ان پر سخت عذاب کا در کھول دیا [77] تو اس حال میں وہ (ہر بھلائی سے) مایوس [78] ہونے لگے۔
[77] سخت عذاب سے مراد وہ امر ہے جو کافروں کو مسلمانوں کے ہاتھوں پڑتی رہی اور جس کا آغاز غزوہ بدر سے ہوا تھا۔
[78] بلس کے معنی، مایوسی کی وجہ سے انتقام پر اتر آنا:۔
لفظ ﴿مُبْلِسُوْنَ﴾ آیا ہے اور بلس کے معنی غم کی وجہ سے سخت مایوس ہو جانا یا سخت مایوسی کی وجہ سے غمگین ہونا پھر اسی مایوسی کی بنا پر برافروختہ ہو جانا یا بھڑک اٹھنا۔ سعدی کا ایک شعر ہے۔ نہ بینی کہ چوں گر بہ عاجز شود بر آزر بچنگال چشم پلنگ
ترجمہ:۔
تم دیکھتے نہیں کہ چیتے کے مقابلہ میں جب بلی عاجز ہو جاتی ہے اور اسے اپنی موت کا یقین ہو جاتا ہے تو چیتے پر حملہ کر کے اپنے پنجہ سے اس کی آنکھ نکال دیتی ہے۔ یعنی ان کافروں کی یہ حالت ہے کہ جوں جوں انھیں مار پڑتی ہے اور انھیں اپنی کامیابی کے امکان ختم ہوتے نظر آتے ہیں تو بجائے اس کے کہ وہ سیدھی راہ اختیار کریں۔ مزید برافروختہ ہو جاتے ہیں۔ اور دوسری اقوام اور دوسرے مشرک قبائلی کو اپنے ساتھ ملا کر اجتماعی طور پر مسلمانوں پر حملہ آور ہو کر انھیں صفحہ ہستی سے مٹا ڈالنے کی کوشش کرنے لگتے ہیں۔
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔