اور ہم نہیں اترتے مگر تیرے رب کے حکم کے ساتھ۔ اسی کا ہے جو ہمارے آگے ہے اور جو ہمارے پیچھے ہے اور جو اس کے درمیان ہے اور تیرا رب کبھی کسی طرح بھولنے والا نہیں۔
En
اور (فرشتوں نے پیغمبر کو جواب دیا کہ) ہم تمہارے پروردگار کے حکم سوا اُتر نہیں سکتے۔ جو کچھ ہمارے آگے ہے اور پیچھے ہے اور جو ان کے درمیان ہے سب اسی کا ہے اور تمہارا پروردگار بھولنے والا نہیں
64۔ اور (اے نبی!) ہم (فرشتے) آپ کے پروردگار کے حکم کے بغیر نازل [60] نہیں ہوا کرتے۔ جو کچھ ہمارے سامنے ہے اور جو ہمارے پیچھے ہے اور جو ان کے درمیان ہے سب اسی کا ہے اور آپ کا پروردگار بھولنے والا نہیں ہے۔
[60] فرشتوں کا نزول اللہ کے حکم کے تحت:۔
اس آیت کے شان نزول اور تفسیر کے لئے درج ذیل احادیث ملاحظہ فرمایئے: (1) سیدنا ابن عباسؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جبریل ؑسے پوچھا: ”تم ہمارے پاس جیسے آیا کرتے ہو اس سے زیادہ دفعہ کیوں نہیں آتے؟“ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ ﴿وَمَانَتَنَزَّلُاِلَّابِاَمْرِرَبِّكَ﴾[بخاري، كتاب التفسير، ترمذي، ابواب التفسير] (2)
اللہ سے کوئی بات بھولی ہوئی نہیں:۔
سیدنا ابو درداءؓ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو چیز اللہ نے اپنی کتاب میں حلال کر دی وہ حلال ہے اور جو حرام کی وہ حرام ہے اور جس سے سکوت اختیار کیا وہ معاف ہے۔ لہٰذا تم اللہ کی دی ہوئی معافی قبول کرو۔ کیونکہ اللہ بھولنے والا نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت پڑھی: ﴿وَمَاكَانَرَبُّكَنَسِيًّا﴾[المستدرك للحاكم، سنده صحيح ج 2 ص 375] (3) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بے شک اللہ نے کچھ فرائض مقرر کئے ہیں انھیں ضائع نہ کرو اور کچھ چیزوں سے روکا ہے، ان کی اہانت نہ کرو اور کچھ چیزوں سے تم سے درگزر کیا ہے، بھول کی بنا پر نہیں لہٰذا تم ان میں چھان پھٹک نہ کرو۔“ [دارقطنی، بحوالہ الموافقات للشاطبی مترجم ج 1 ص 219] ہوا یہ تھا کہ ایک دفعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کو اللہ کی طرف سے حالات کے مطابق احکام و ہدایت کی شدید ضرورت تھی۔ پھر جب کافی دیر بعد جبریلؑ متعلقہ ہدایات و احکام لے کر آئے تو بعد میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جبریلؑ سے ضمناً یہ بات بھی کہہ دی۔ جس کے جواب میں جبریلؑ نے یہ وضاحت فرما دی کہ ہم کوئی با اختیار شخصیت نہیں ہیں بلکہ اللہ کے حکم کے بندے ہیں جب ہمیں حکم ملے تب ہی آ سکتے ہیں اور آپ کا پروردگار سب کچھ دیکھ رہا ہے وہ بھولنے والا نہیں، بلکہ اس دیر میں بھی اس کی مصلحتیں مضمر ہوتی ہیں۔
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔