ترجمہ و تفسیر کیلانی — سورۃ مريم (19) — آیت 51

وَ اذۡکُرۡ فِی الۡکِتٰبِ مُوۡسٰۤی ۫ اِنَّہٗ کَانَ مُخۡلَصًا وَّ کَانَ رَسُوۡلًا نَّبِیًّا ﴿۵۱﴾
اور کتاب میں موسیٰ کا ذکر کر، یقینا وہ خالص کیا ہوا تھا اور ایسا رسول جو نبی تھا۔ En
اور کتاب میں موسیٰ کا بھی ذکر کرو۔ بےشک وہ (ہمارے) برگزیدہ اور پیغمبر مُرسل تھے
En
اس قرآن میں موسیٰ (علیہ السلام) کا ذکر بھی کر، جو چنا ہوا اور رسول اور نبی تھا En

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

51۔ نیز اس کتاب میں موسیٰ کا قصہ بھی بیان کیجئے۔ بلا شبہ وہ ایک برگزیدہ انسان اور رسول [47] نبی تھے۔
[47] نبی اور رسول کا فرق:۔
سیدنا اسحاق اور یعقوب علیہما السلام کی اولاد میں سے سیدنا موسیٰؑ کا ذکر غالباً اس وجہ سے کیا جا رہا ہے کہ آپ اولوالعزم پیغمبر، مشرع اعظم اور قد آور شخصیت ہیں اور آپ کو فرمایا جا رہا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں سے ان کا ذکر کیجئے۔ آپ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری میں انتہائی مخلص تھے۔ آپ نبی بھی تھے اور صاحب شریعت رسول بھی۔ نبی اور رسول میں فرق یہ ہے کہ نبی عام ہے، اور رسول خاص۔ یعنی ہر رسول نبی تو ہوتا ہے مگر ہر نبی رسول نہیں ہوتا۔ روایات کے مطابق رسولوں کی تعداد صرف 313 یا 315 تھی جبکہ انبیاء کی تعداد ایک لاکھ چوبیس ہزار ہے۔ (نبی اور رسول کے فرق کے لئے دیکھئے سورۃ مائدہ کی آیت نمبر 67 کا حاشیہ)