وہ جنھوں نے اپنے دین کو دل لگی اور کھیل بنا لیا اور انھیں دنیا کی زندگی نے دھوکا دیا تو آج ہم انھیں بھلا دیں گے، جیسے وہ اپنے اس دن کی ملاقات کو بھول گئے اور جیسے وہ ہماری آیات کا انکار کیا کرتے تھے۔
جنہوں نے اپنے دین کو تماشا اور کھیل بنا رکھا تھا اور دنیا کی زندگی نے ان کو دھوکے میں ڈال رکھا تھا۔ تو جس طرح یہ لوگ اس دن کے آنے کو بھولے ہوئے اور ہماری آیتوں سے منکر ہو رہے تھے۔ اسی طرح آج ہم بھی انہیں بھلا دیں گے
جنہوں نے دنیا میں اپنے دین کو لہو ولعب بنا رکھا تھا اور جن کو دنیاوی زندگی نے دھوکہ میں ڈال رکھا تھا۔ سو ہم (بھی) آج کے روز ان کا نام بھول جائیں گے جیسا کہ وه اس دن کو بھول گئے اور جیسا یہ ہماری آیتوں کا انکار کرتے تھے
(آیت 51) ➊ {فَالْيَوْمَنَنْسٰىهُمْ ……:} آیت کے شروع میں کافروں کی علامات بیان کی گئی ہیں جنھوں نے اپنے دین کو دل لگی اور کھیل بنا لیا اور انھیں دنیوی زندگی کی فراوانی اور خوشحالی نے آخرت کے بارے میں دھوکے میں رکھا اور انھوں نے آخرت کو بھلا دیا اور اسی نسیان کے نتیجے میں انھیں نظر انداز کر دیا گیا۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت کے دن اﷲ تعالیٰ بندے سے ملے گا اور فرمائے گا: ”اے فلاں! کیا میں نے یہ نہیں کیا کہ تجھے عزت بخشی؟ تجھے سردار بنایا؟ تیری شادی کی؟ تیرے لیے گھوڑے اور اونٹ تابع کر دیے اور تجھے کھلا چھوڑ دیا کہ لوگوں کا سردار بنے اور ان کی آمدنی کا چوتھا حصہ ٹیکس لے؟“ وہ کہے گا: ”کیوں نہیں، اے میرے رب!“ اﷲ تعالیٰ فرمائے گا: ”تو تو نے یقین کیا کہ تو مجھ سے ملنے والا ہے؟“ وہ کہے گا: ”نہیں!“ اﷲ تعالیٰ فرمائے گا: ”پھر میں بھی تجھے بھلا رہا ہوں جیسے تو نے مجھے بھلا دیا۔“[مسلم، الزہد والرقائق، باب الدنیا سجن المؤمن وجنۃ الکافر: ۲۹۲۸، عن أبی ھریرۃ رضی اللہ عنہ] یہاں نسیان کا معنی چھوڑ دینا ہے، کیونکہ اﷲ تعالیٰ تو بھولتا ہی نہیں، فرمایا: «لَايَضِلُّرَبِّيْوَلَايَنْسَى»[طٰہٰ: ۵۲]” میرا رب نہ بھٹکتا ہے اور نہ بھولتا ہے۔“ یعنی اﷲ تعالیٰ انھیں جہنم میں ڈال کر ان کی کوئی خبر نہیں لیں گے۔ یہاں بھلانے کے بدلے کو بھلانا فرمایا ہے، یعنی خواہ کتنا ہی پکاریں ان پر رحم نہیں کیا جائے گا۔ ➋ { كَمَانَسُوْالِقَآءَيَوْمِهِمْهٰذَا:} معلوم ہوا کہ دین کو لہو و لعب بنانے والے اور آیاتِالٰہی کا انکار کرنے والے وہی ہوتے ہیں جو آخرت اور اﷲ تعالیٰ کی ملاقات کو بھول جاتے ہیں اور دنیا کی زندگی ہی کو سب کچھ سمجھ لیتے ہیں۔
نئے مضامین کی اپڈیٹس کے لیے ہماری میلنگ لسٹ میں شامل ہوں
قرآن و سنت کی روشنی میں علمی و تحقیقی مضامین براہ راست اپنے ان باکس میں پائیں
اہم:
ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر
واٹس اپ
پر اطلاع دیں یا
ای میل کریں۔