ترجمہ و تفسیر القرآن الکریم (عبدالسلام بھٹوی) — سورۃ الزمر (39) — آیت 19

اَفَمَنۡ حَقَّ عَلَیۡہِ کَلِمَۃُ الۡعَذَابِ ؕ اَفَاَنۡتَ تُنۡقِذُ مَنۡ فِی النَّارِ ﴿ۚ۱۹﴾
تو کیا وہ شخص جس پر عذاب کی بات ثابت ہو چکی، پھر کیا تو اسے بچا لے گا جو آگ میں ہے۔ En
بھلا جس شخص پر عذاب کا حکم صادر ہوچکا۔ تو کیا تم (ایسے) دوزخی کو مخلصی دے سکو گے؟
En
بھلا جس شخص پر عذاب کی بات ﺛابت ہو چکی ہے، تو کیا آپ اسے جو دوزخ میں ہے چھڑا سکتے ہیں؟ En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 19){ اَفَمَنْ حَقَّ عَلَيْهِ كَلِمَةُ الْعَذَابِ …:} تو کیا وہ شخص جس (کے شیطان کی پیروی اور کفر پر اصرار اور ضد اور عناد کی وجہ سے اس) پر عذاب کی بات ثابت ہو چکی اور جسے اللہ تعالیٰ آگ میں ڈالنے کا فیصلہ فرما چکا (دیکھیے سورۂ ص: ۸۵) تو اے نبی! کیا تو اسے بچالے گا جو آگ میں ہے؟ نہیں! تو ہر گز نہیں بچا سکے گا۔ پھر جسے تو نہ بچا سکا تو اور کون ہے جو اسے آگ سے بچا سکے گا؟ اس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دی ہے کہ بے شک آپ کی شدید خواہش ہے کہ سب لوگ ایمان لے آئیں مگر ایمان لانے کی توفیق دینا یا نہ دینا آپ کے اختیار میں نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، جیسا کہ فرمایا: «‏‏‏‏اِنَّكَ لَا تَهْدِيْ مَنْ اَحْبَبْتَ» ‏‏‏‏ [القصص: ۵۶] بے شک تو ہدایت نہیں دیتا جسے تو دوست رکھے۔