ترجمہ و تفسیر القرآن الکریم (عبدالسلام بھٹوی) — سورۃ السجدة (32) — آیت 8
ثُمَّ جَعَلَ نَسۡلَہٗ مِنۡ سُلٰلَۃٍ مِّنۡ مَّآءٍ مَّہِیۡنٍ ۚ﴿۸﴾
ترجمہ عبدالسلام بن محمد بھٹوی
پھر اس کی نسل ایک حقیر پانی کے خلاصے سے بنائی۔
ترجمہ فتح محمد جالندھری
پھر اس کی نسل خلاصے سے (یعنی) حقیر پانی سے پیدا کی
ترجمہ محمد جوناگڑھی
پھر اس کی نسل ایک بے وقعت پانی کے نچوڑ سے چلائی

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 8){ ثُمَّ جَعَلَ نَسْلَهٗ مِنْ سُلٰلَةٍ مِّنْ مَّآءٍ مَّهِيْنٍ:} اس کے لیے دیکھیے سورۂ مومنون (۱۲ تا۱۴) اور سورۂ حج (۵) یعنی پھر اس کی نسل کو نطفہ اور توالد و تناسل سے آگے چلا دیا، جس سے لاتعداد انسان آگے پیدا ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ نطفہ کو خلاصہ اس لیے فرمایا کہ اطباء کے مطابق یہ غذا کے چوتھے ہضم کے نتیجے میں وجود میں آتا ہے، جب کہ خون تیسرے ہضم کے بعد پیدا ہوتا ہے اور اعضائے بول سے نکلنے کی وجہ سے اسے { مَهِيْنٍ } قرار دیا۔ پھر منی کے اس قطرے میں لاکھوں جرثومے ہوتے ہیں جو طاقت ور خوردبین کے بغیر نظر نہیں آتے، جن میں سے ہر جرثومہ رحم میں مکمل انسان بننے کی استعداد رکھتا ہے۔

یہ صفحہ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل