ترجمہ و تفسیر القرآن الکریم (عبدالسلام بھٹوی) — سورۃ البقرة (2) — آیت 36

فَاَزَلَّہُمَا الشَّیۡطٰنُ عَنۡہَا فَاَخۡرَجَہُمَا مِمَّا کَانَا فِیۡہِ ۪ وَ قُلۡنَا اہۡبِطُوۡا بَعۡضُکُمۡ لِبَعۡضٍ عَدُوٌّ ۚ وَ لَکُمۡ فِی الۡاَرۡضِ مُسۡتَقَرٌّ وَّ مَتَاعٌ اِلٰی حِیۡنٍ ﴿۳۶﴾
تو شیطان نے دونوں کو اس سے پھسلا دیا، پس انھیں اس سے نکال دیا جس میں وہ دونوں تھے اور ہم نے کہا اتر جاؤ، تمھارا بعض بعض کا دشمن ہے اور تمھارے لیے زمین میں ایک وقت تک ٹھہرنا اور فائدہ اٹھانا ہے۔ En
پھر شیطان نے دونوں کو وہاں سے پھسلا دیا اور جس (عیش ونشاط) میں تھے، اس سے ان کو نکلوا دیا۔ تب ہم نے حکم دیا کہ (بہشت بریں سے) چلے جاؤ۔ تم ایک دوسرے کے دشمن ہو، اور تمہارے لیے زمین میں ایک وقت تک ٹھکانا اور معاش (مقرر کر دیا گیا) ہے
En
لیکن شیطان نے ان کو بہکا کر وہاں سے نکلوا ہی دیا اور ہم نے کہہ دیا کہ اتر جاؤ! تم ایک دوسرے کے دشمن ہو اور ایک وقت مقرر تک تمہارے لئے زمین میں ٹھہرنا اور فائده اٹھانا ہے En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 36) ➊ شیطان کے اس پھسلانے کی تفصیل سورۂ اعراف (۲۰) میں ہے۔
➋ { بَعْضُكُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ:} یعنی آدم علیہ السلام اور ابلیس اور ان کی اولاد ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ [الکہف: ۵۰۔ یٰسٓ: ۶۰] یہ مطلب بھی درست ہے کہ اولاد آدم آپس میں ایک دوسرے کے دشمن ہیں، جیسا کہ آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں کا قصہ ہے۔ [المائدۃ: ۲۷] فرشتوں نے بھی { «وَ يَسْفِكُ الدِّمَآءَ» ‏‏‏‏ } میں اسی عداوت کا ذکر کیا تھا۔
➌ { وَ لَكُمْ فِي الْاَرْضِ مُسْتَقَرٌّ: } یہ الفاظ دلیل ہیں کہ آدم علیہ السلام جس جنت میں رکھے گئے تھے وہ آسمان پر تھی، زمین پر جنت سے نکلنے کے بعد آئے۔ { اهْبِطُوْا } سے بھی یہی بات نکلتی ہے۔ یہ جمعہ کا دن تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب سے بہتر دن جس میں سورج طلوع ہوتا ہے جمعہ کا دن ہے، اسی میں آدم علیہ السلام پیدا کیے گئے، اسی میں جنت میں داخل کیے گئے اور اسی میں اس سے نکالے گئے۔ [مسلم، الجمعۃ، باب فضل یوم الجمعۃ: ۸۵۴، عن أبی ہریرۃ رضی اللہ عنہ]
➍ {اِلٰى حِيْنٍ:} یعنی موت تک کے لیے، کیونکہ انسان کے لیے مرنے کے بعد زمین سے فائدہ اٹھانا ممکن نہیں۔ ایک وقت تک سے معلوم ہوا کہ زمین پر رہائش عارضی ہے، دائمی نہیں۔