ترجمہ و تفسیر — سورۃ المدثر (74) — آیت 13

وَّ بَنِیۡنَ شُہُوۡدًا ﴿ۙ۱۳﴾
اور حاضر رہنے والے بیٹے (عطا کیے)۔ En
اور (ہر وقت اس کے پاس) حاضر رہنے والے بیٹے دیئے
En
اور حاضر باش فرزند بھی En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

اس آیت کی تفسیر آیت 12 میں تا آیت 14 میں گزر چکی ہے۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

13۔ 1 اسے اللہ نے اولاد سے نوازا تھا اور وہ ہر وقت اس کے پاس ہی رہتے تھے، گھر میں دولت کی فروانی تھی، اس لئے بیٹوں کو تجارت و کاروبار کے لئے باہر جانے کی ضرورت پیش نہیں آتی تھی بعض کہتے ہیں کہ اس کے تین بیٹے مسلمان ہوگئے تھے، خالد، ہشام اور ولید بن ولید (فتح القدیر)

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

13۔ اور ہر وقت موجود رہنے والے [9] بیٹے دیئے۔
[9] قصہ ولید بن مغیرہ :۔
ان آیات میں بھی اگرچہ اللہ تعالیٰ نے کسی خاص شخص کا نام نہیں لیا تاہم جو صفات بیان کی گئی ہیں اس سے ہر ایک کو واضح طور پر معلوم ہو جاتا تھا کہ ان آیات کا روئے سخن کس طرف ہے؟ یہ شخص باتفاق مفسرین ولید بن مغیرہ تھا۔ حرب بن امیہ کی وفات کے بعد قریش کی سیادت اسی کے ہاتھ آئی تھی اور یہ ابو جہل مخزومی کا چچا تھا۔ بڑا صاحب مال تھا۔ دس یا بارہ جوان بیٹے اس کے پاس موجود رہتے تھے۔ جنہیں کسب معاش کی چنداں فکر نہیں تھی۔ اس کام کے لیے اس کے نوکر چاکر بہت تھے۔ بس ان بیٹوں کا کام یہی تھا کہ اپنے باپ کی مجلس میں حاضر رہ کر اس کی شان و شوکت بڑھائیں۔ انہیں بیٹوں میں سے ایک سیدنا خالدؓ بن ولید بھی تھے۔ جس نے اسلام لا کر اسلام کی بیش بہا خدمات سرانجام دیں تھیں۔

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔