ترجمہ و تفسیر — سورۃ الواقعة (56) — آیت 61

عَلٰۤی اَنۡ نُّبَدِّلَ اَمۡثَالَکُمۡ وَ نُنۡشِئَکُمۡ فِیۡ مَا لَا تَعۡلَمُوۡنَ ﴿۶۱﴾
اس بات سے کہ تمھاری جگہ تمھارے جیسے اور لوگ لے آئیں اور نئے سرے سے تمھیں ایسی صورت میں پیدا کر دیں جو تم نہیں جانتے۔ En
کہ تمہاری طرح کے اور لوگ تمہاری جگہ لے آئیں اور تم کو ایسے جہان میں جس کو تم نہیں جانتے پیدا کر دیں
En
کہ تمہاری جگہ تم جیسے اور پیدا کر دیں اور تمہیں نئے سرے سے اس عالم میں پیدا کریں جس سے تم (بالکل) بےخبر ہو En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 61){ عَلٰۤى اَنْ نُّبَدِّلَ اَمْثَالَكُمْ …:} یعنی ہم ہر گز اس سے عاجز نہیں کہ تمھاری جگہ تمھارے جیسے اور لوگ لے آئیں اور تمھاری شکلیں ایسی بنا دیں جنھیں تم نہیں جانتے، مثلاً تمھاری صورتیں مسخ کرکے بندر یا خنزیر بنا دیں۔ اس میں شدید ڈانٹ ہے۔ مزید دیکھیے سورۂ نساء (۱۳۳)، انعام (۱۳۳) اور ابراہیم (۱۹، ۲۰)۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

61-1یعنی تمہاری صورتیں مسخ کر کے بندر اور خنزیر بنادیں اور تمہاری جگہ تمہاری شکل و صورت کی کوئی اور مخلوق پیدا کردیں۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

61۔ کہ تمہاری صورتیں بدل ڈالیں اور تمہیں ایسی صورت میں [29] پیدا کریں جو تم نہیں جانتے
[29] دوسری تخلیق زمین کے پیٹ میں اور اس کے لئے طبعی قوانین بالکل جداگانہ ہوں گے :۔
یعنی تمہارے طریقہ تخلیق کو ہی یکسر بدل ڈالے اور وہ اس بات پر بھی قادر ہے۔ پہلے تمہاری تخلیق ماں کے پیٹ میں ہوئی تھی۔ دوبارہ تمہاری تخلیق زمین کے پیٹ میں ہو۔ ماں کے پیٹ میں تمہارے تخلیقی مراحل اور قسم کے تھے۔ زمین کے پیٹ میں تمہارے تخلیقی مراحل ان مراحل سے بالکل جداگانہ ہوں؟ پہلے تم بچے کی صورت میں پیدا ہوئے تھے اور دوبارہ تم اس حالت میں پیدا ہو جس حالت میں مرے تھے۔ اور اسی قدوقامت کے ساتھ پیدا ہو، پھر رحم مادر کی تخلیق کے بعد جو طبعی قوانین تمہارے لیے مقرر تھے۔ دوسری بار کی پیدائش کے لیے طبعی قوانین بھی جداگانہ نہ ہوں۔ اس دنیا میں موت تمہارے لیے مقدر تھی اور موت سے فرار ممکن نہ تھا۔ آخرت میں زندگی مقدر ہو اور موت کبھی نہ آئے۔ اس دنیا میں تمہاری آنکھوں کے سامنے غیب کے پردے حائل تھے۔ اس دنیا میں سب حقائق واشگاف نظر آنے لگیں۔ حتیٰ کہ انسان اللہ کے دیدار سے بھی مشرف ہو سکے۔ اگر تم اپنی پہلی تخلیق کا بہ نظر غائر مطالعہ کر لو گے تو تمہیں دوسری تخلیق میں کوئی بات ناممکن نظر نہیں آئے گی۔

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔