ترجمہ و تفسیر — سورۃ الذاريات (51) — آیت 29

فَاَقۡبَلَتِ امۡرَاَتُہٗ فِیۡ صَرَّۃٍ فَصَکَّتۡ وَجۡہَہَا وَ قَالَتۡ عَجُوۡزٌ عَقِیۡمٌ ﴿۲۹﴾
تو اس کی بیوی چیختی ہوئی آگے بڑھی، پس اس نے اپنا چہرہ پیٹ لیا اور اس نے کہا بوڑھی بانجھ! En
تو ابراہیمؑ کی بیوی چلاّتی آئی اور اپنا منہ پیٹ کر کہنے لگی کہ (اے ہے ایک تو) بڑھیا اور (دوسرے) بانجھ
En
پس ان کی بیوی آگے بڑھی اور حیرت میں آکر اپنے منھ پر ہاتھ مار کر کہا کہ میں تو بوڑھیا ہوں اور ساتھ ہی بانجھ En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 29) ➊ { فَاَقْبَلَتِ امْرَاَتُهٗ فِيْ صَرَّةٍ …: صَرَّةٍ } صیحہ، چیخ۔ {صَرَّ يَصُرُّ (ن) صَرِيْرُ الْقَلَمِ} (قلم کی آواز) اور {صَرِيْرُ الْبَابِ } (دروازے کی آواز) بھی اسی سے مشتق ہے۔ { صَرَّةٍ } میں تنوین تعظیم کی ہے: {أَيْ صَيْحَةٌ عَظِيْمَةٌ وَ رَنَّةٌ۔} ابن کثیر نے فرمایا: { صَرَّةٍ } سے مراد اس کا { يٰوَيْلَتٰۤي } کہنا ہے جو سورۂ ہود(۷۲) میں مذکور ہے، یہاں اس کا قول مختصر ذکر فرمایا ہے۔ { عَجُوْزٌ عَقِيْمٌ أَيْ أَنَا عَجُوْزٌ عَقِيْمٌ} یعنی یہ بشارت سن کر اپنی عمر کو دیکھتے ہوئے حیرت و مسرت کے جذبات سے بے اختیار چیختی ہوئی فرشتوں کی طرف آئی۔
➋ { فَصَكَّتْ وَجْهَهَا: صَكَّ يَصُكُّ صَكًّا} (ن) چہرے پر زور سے ہاتھ مارنا، جیسا کہ عورتیں تعجب کے وقت کرتی ہیں۔ یعنی تعجب سے چہرے کو پیٹ کر کہنے لگی کہ میں تو بوڑھی ہوں، جوانی کی عمر سے بانجھ ہوں، اب خاک بچہ جنوں گی۔
➌ بعض لوگوں نے اس سے ماتم اور سینہ کوبی کی دلیل کشید کی ہے، مگر یہ نہیں سوچا کہ کیا خوشی کی خبر پر بھی ماتم ہوتا ہے!؟

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

29۔ 1 صرۃ کے دوسرے معنی ہیں چیخ و پکار، یعنی چیختے ہوئے کہا۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

29۔ پھر اس کی بیوی بھی چلاتی ہوئی آگے بڑھی اس نے اپنا منہ پیٹا اور کہنے لگی: ایک تو بڑھیا [23] اور دوسرے بانجھ؟
[23] سیدنا ابراہیم کو اسحاق کی خوشخبری :۔
جب فرشتوں نے سیدنا اسحٰق کی خوشخبری دی تو ان کا خوف جاتا رہا۔ البتہ ان کی بیوی آگے بڑھی اور تعجب سے اپنا ہاتھ اپنی پیشانی پر مارتے ہوئے کہا یہ کیسے ہو گا؟ میں تو بانجھ ہوں، جوانی میں بھی اولاد نہ ہوئی اور اب تو بوڑھی بھی ہو چکی ہوں۔ اب یہ کیسے ہو گی؟

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔