ترجمہ و تفسیر — سورۃ الشعراء (26) — آیت 131

فَاتَّقُوا اللّٰہَ وَ اَطِیۡعُوۡنِ ﴿۱۳۱﴾ۚ
پس اللہ سے ڈرو اور میرا کہا مانو۔
تو خدا سے ڈرو اور میری اطاعت کرو
اللہ سے ڈرو اور میری پیروی کرو

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت 131) {فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِيْعُوْنِ:} یہ دعوت کا خلاصہ ہے جو تقریر کے شروع میں بیان فرمایا، تاکید کے لیے اسے پھر بیان فرمایا ہے کہ اللہ سے ڈر کر اس اکیلے کی عبادت کرو اور اس کے رسول کی اطاعت کرو۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

131-1جب ان کے اوصاف قبیحہ بیان کیئے جو ان کے دنیا میں انہماک اور ظلم و سرکشی پر دلالت کرتے ہیں تو پھر انھیں دوبارہ تقویٰ اور اپنی اطاعت کی دعوت دی۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

131۔ لہٰذا اللہ [84] سے ڈرو اور میرا حکم مانو
[84] ہودؑ نے انھیں شرک کے انجام سے ڈرایا اور ان تینوں قسم کے کاموں کی قباحت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے ڈرتے ہوئے زندگی گزارنے کا طرز عمل سیکھو اور خوب سمجھ لو کہ تمہیں یہاں ہمیشہ رہنا کبھی میسر نہ آئے گا۔ مرنے کے بعد تمہیں دوبارہ زندہ کیا جائے گا اور تمہارے ان تمام افعال و اعمال کی تم سے باز پرس بھی ہو گی۔ لہٰذا تمہارے لئے بہترین راستہ یہ ہے کہ میری بات مان لو اور جس طرح میں کہہ رہا ہوں اسی طرح کرتے جاؤ۔

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔