ترجمہ و تفسیر — سورۃ إبراهيم (14) — آیت 16

مِّنۡ وَّرَآئِہٖ جَہَنَّمُ وَ یُسۡقٰی مِنۡ مَّآءٍ صَدِیۡدٍ ﴿ۙ۱۶﴾
اس کے پیچھے جہنم ہے اور اسے اس پانی سے پلایا جائے گا جو پیپ ہے۔ En
اس کے پیچھے دوزخ ہے اور اسے پیپ کا پانی پلایا جائے گا
En
اس کے سامنے دوزخ ہے جہاں وه پیﭗ کا پانی پلایا جائے گا En

تفسیر القرآن کریم از عبدالسلام بن محمد

(آیت16){مِنْ وَّرَآىِٕهٖ جَهَنَّمُ وَ يُسْقٰى مِنْ مَّآءٍ صَدِيْدٍ: وَرَآءٌ} کے متعدد معانی آئے ہیں: 1 پیچھے یا بعد، جیسے فرمایا: «{ وَ مِنْ وَّرَآءِ اِسْحٰقَ يَعْقُوْبَ [ھود: ۷۱] اور اسحاق کے بعد یعقوب کی بشارت دی۔ 2 غیر یعنی سوا، جیسے فرمایا: «{ فَمَنِ ابْتَغٰى وَرَآءَ ذٰلِكَ فَاُولٰٓىِٕكَ هُمُ الْعٰدُوْنَ [المؤمنون: ۷] پھر جو اس کے سوا تلاش کرے تو وہی لوگ حد سے بڑھنے والے ہیں۔ 3 آگے، جیسا کہ سورۂ کہف (۷۹) میں { وَ كَانَ وَرَآءَهُمْ مَّلِكٌ } کا معنی ان کے آگے ایک بادشاہ تھا کیا گیا ہے۔ یہاں مراد بعد بھی ہو سکتا ہے کہ دنیا کی ناکامی کے بعد اس کے لیے جہنم ہے اور آگے بھی کہ آئندہ جہنم اس کے انتظار میں ہے۔ {صَدِيْدٍ } وہ رقیق پانی جو زخم سے نکلتا ہے، مراد اہلِ جہنم کے جلنے سے ان کے جسموں سے نکلنے والی پیپ، خون اور رطوبت ہے۔ مزید دیکھیے سورۂ صٓ (۵۷، ۵۸)، محمد (۱۵) اور کہف (۲۹) { مَآءٍ صَدِيْدٍ } مبدل منہ اور بدل ہے، یعنی ایسا پانی جو صدید ہو گا۔

تفسیر احسن البیان از حافظ صلاح الدین یوسف

16۔ 1 صَدِیْد، پیپ اور خون جو جہنمیوں کے گوشت اور ان کی کھالوں سے بہا ہوگا۔ بعض احادیث میں اسے (جہنمیوں کے جسم سے نچوڑا ہوا) اور بعض احادیث میں ہے یہ صدید اتنا گرم اور کھولتا ہوا ہوگا کہ ان کے منہ کے قریب پہنچتے ہی ان کے چہرے کی کھال جھلس کر گرپڑے گی اور اس کا ایک گھونٹ پیتے ہی ان کے پیٹ کی آنتیں پاخانے کے راستے باہر نکل پڑیں گی۔

تيسير القرآن از مولانا عبدالرحمن کیلانی

16۔ اس کے بعد (اس کے لئے) جہنم ہو گی اور پینے کو اسے پیپ کا پانی دیا جائے گا

تفسیر ابن کثیر مع تخریج و تحکیم

اس آیت کی تفسیر اگلی آیات کیساتھ ملاحظہ کریں۔