سنن ترمذي
كتاب الزكاة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: زکاۃ و صدقات کے احکام و مسائل
باب مَا جَاءَ فِي الصَّدَقَةِ عَنِ الْمَيِّتِ باب: میت کی طرف سے صدقہ کرنے کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مَنِيعٍ، حَدَّثَنَا رَوْحُ بْنُ عُبَادَةَ، حَدَّثَنَا زَكَرِيَّا بْنُ إِسْحَاق، حَدَّثَنِي عَمْرُو بْنُ دِينَارٍ، عَنْ عِكْرِمَةَ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ، أَنَّ رَجُلًا ، قَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، إِنَّ " أُمِّي تُوُفِّيَتْ أَفَيَنْفَعُهَا إِنْ تَصَدَّقْتُ عَنْهَا ؟ قَالَ : نَعَمْ ، قَالَ : فَإِنَّ لِي مَخْرَفًا فَأُشْهِدُكَ أَنِّي قَدْ تَصَدَّقْتُ بِهِ عَنْهَا " . قَالَ أَبُو عِيسَى : هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ ، وَبِهِ يَقُولُ أَهْلُ الْعِلْمِ ، يَقُولُونَ : لَيْسَ شَيْءٌ يَصِلُ إِلَى الْمَيِّتِ إِلَّا الصَّدَقَةُ وَالدُّعَاءُ ، وَقَدْ رَوَى بَعْضُهُمْ هَذَا الْحَدِيثَ عَنْ عَمْرِو بْنِ دِينَارٍ ، عَنْ عِكْرِمَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُرْسَلًا ، قَالَ : وَمَعْنَى قَوْلِهِ إِنَّ لِي مَخْرَفًا يَعْنِي : بُسْتَانًا .´عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ` ایک شخص نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میری والدہ فوت ہو چکی ہیں ، اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو کیا یہ ان کے لیے مفید ہو گا ؟ آپ نے فرمایا : ” ہاں “ ، اس نے عرض کیا : میرا ایک باغ ہے ، آپ گواہ رہئیے کہ میں نے اسے والدہ کی طرف سے صدقہ میں دے دیا ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : ۱- یہ حدیث حسن ہے ، ۲- بعض لوگوں نے یہ حدیث بطریق «عن عمرو بن دينار عن عكرمة عن النبي صلى الله عليه وسلم» مرسلاً روایت کی ہے ، ۳- اور یہی اہل علم بھی کہتے ہیں کہ کوئی چیز ایسی نہیں ہے جو میت کو پہنچتی ہو سوائے صدقہ اور دعا کے ۱؎ ، ۴- «إن لي مخرفا» میں «مخرفاً» سے مراد باغ ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ایک شخص نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میری والدہ فوت ہو چکی ہیں، اگر میں ان کی طرف سے صدقہ کروں تو کیا یہ ان کے لیے مفید ہو گا؟ آپ نے فرمایا: ” ہاں “، اس نے عرض کیا: میرا ایک باغ ہے، آپ گواہ رہئیے کہ میں نے اسے والدہ کی طرف سے صدقہ میں دے دیا۔ [سنن ترمذي/كتاب الزكاة/حدیث: 669]
1؎:
ان دونوں کے سلسلہ میں اہل سنت و الجماعت میں کوئی اختلاف نہیں، اختلاف صرف بدنی عبادتوں کے سلسلہ میں ہے جیسے صوم و صلاۃ اور قرأت قرآن وغیرہ عبادتیں۔
مخراف اس باغ کا نام تھا یا اس کے معنی بہت میوہ دار کے ہیں۔
(1)
حضرت سعد ؓ کی والدہ کا نام عمرہ بنت مسعود تھا۔
ان کی وفات کے وقت حضرت سعد ؓ رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ غزوۂ دومۃ الجندل میں شریک تھے۔
جب جنگ سے واپس آئے تو رسول اللہ ﷺ نے ان کی قبر پر جا کر نماز جنازہ ادا کی۔
(2)
حضرت ابن عباس ؓ اس وقت اپنے والد گرامی حضرت عباس ؓ کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں تھے۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ واقعہ حضرت سعد ؓ سے سنا ہو گا جیسا کہ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے۔
(3)
حضرت سعد ؓ نے اپنی والدہ کی طرف سے باغ صدقہ کیا تھا۔
میت کی طرف سے صدقہ کرنا جائز ہے۔
اس سے میت کو نفع پہنچتا ہے۔
(4)
مخراف، حضرت سعد ؓ کے باغ کا نام ہے جو زیادہ پھل دینے کی وجہ سے رکھا گیا تھا۔
(فتح الباري: 472/5۔
473)
یعنی مخراف پھل دار درخت کوکہتے ہیں‘ اس باغ کانام ہی مخراف ہوگیا تھا۔
(1)
جب اس حدیث سے صدقے پر گواہ بنانا ثابت ہو گیا تو وقف اور وصیت کو اس پر قیاس کر کے ان کے لیے بھی گواہ بنانا ثابت ہو جائے گا۔
حافظ ابن حجر ؒ کہتے ہیں: حدیث میں رسول اللہ ﷺ کو اس کی اطلاع دینے کے لیے بھی یہ لفظ استعمال ہو سکتا ہے۔
ممکن ہے کہ معروف گواہی مراد نہ ہو۔
لیکن جب خریدوفروخت میں گواہ بنانا قرآن سے ثابت ہے، حالانکہ اس میں معاوضہ ہوتا ہے تو وقف اور وصیت میں تو بالاولیٰ گواہ بنانا درست ہو گا۔
(2)
شارح بخاری ابن منیر ؒ کہتے ہیں: امام بخاری ؒ نے اس عنوان سے ایک وہم دور کیا ہے، وہ یہ کہ جب وقف وغیرہ نیکی کے اعمال سے ہے تو اسے لوگوں سے مخفی رکھنا چاہیے۔
امام بخاری ؒ نے وضاحت کر دی ہے کہ اس کا ظاہر کرنا جائز ہے تاکہ کل کو اس کے متعلق کوئی وارث جھگڑا یا اختلاف نہ کرے۔
(فتح الباري: 478/5)
ابن بطال ؒنے کہا ہے: وقف میں گواہ بنانا واجب ہے، اس کے بغیر وقف درست نہیں ہو گا۔
(عمدة القاري: 45/10)
اس سے مقصد باب ثابت ہوا۔
یہ بھی ثابت ہوا کہ ایصال ثواب کیلئے کنواں یا کوئی باغ وقف کردینا بہترین صدقہ جاریہ ہے کہ مخلوق اس سے فائدہ حاصل کرتی رہے گی اور جس کیلئے بنایا گیا اس کو ثواب ملتا رہے گا۔
(1)
ایک دوسری روایت کے مطابق اس آدمی کا نام حضرت سعد بن عبادہ ؓ تھا۔
انہوں نے اپنا ایک پھل دار باغ اپنی والدہ کی طرف سے صدقہ کیا تھا۔
چونکہ وقف اور صدقہ ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، اس لیے دونوں کا حکم ایک ہے۔
(2)
مخراف اسم جنس ہے۔
اس کی تحدید ضروری تھی لیکن اس کی تحدید صدقہ کرنے والے کی طرف نسبت کرنے سے ہو گئی کیونکہ اس کے پاس صرف یہی باغ تھا جو ممتاز و متعین تھا۔
(3)
یہ بھی ثابت ہوا کہ ایصال ثواب کے لیے کنواں یا باغ وقف کر دینا بہترین صدقہ جاریہ ہے۔
جب تک مخلوق ان سے فائدہ حاصل کرتی رہے گی مرنے والے کو ثواب ملتا رہے گا۔
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ایک شخص (سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ) نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: اللہ کے رسول! میری ماں کا انتقال ہو گیا ہے، کیا اگر میں ان کی طرف سے خیرات کروں تو انہیں فائدہ پہنچے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” ہاں (پہنچے گا) “، اس نے کہا: میرے پاس کھجوروں کا ایک باغ ہے، میں آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نے اسے اپنی ماں کی طرف سے صدقہ کر دیا۔ [سنن ابي داود/كتاب الوصايا /حدیث: 2882]
ایصال ثواب کی یہی صورتیں جائز اور مشروع ہیں۔
کے اولاد اپنے مرحوم والدین کےلئے دعایئں کرتی رہے اور اس کی طرف س مال خرچ کرے۔
خواہ انہوں نے اس کی طرف سے وصیت نہ بھی کی ہو۔
حج کرنا بھی انہی اعمال میں شامل ہے۔
جیسے کہ گزشتہ حدیث 2877 میں گزرا ہے۔
(مذید تفصیل کےلئے ملاحظہ ہو، حافظ صلاح الدین یوسف کا کتابچہ ایصال ثواب اور قرآن خوانی شائع کردہ، دارالسلام)