سنن ترمذي
كتاب الزكاة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: زکاۃ و صدقات کے احکام و مسائل
باب مَا جَاءَ فِي الصَّدَقَةِ عَلَى ذِي الْقَرَابَةِ باب: رشتہ داروں پر صدقہ کرنے کا بیان۔
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ، عَنْ عَاصِمٍ الْأَحْوَلِ، عَنْ حَفْصَةَ بِنْتِ سِيرِينَ، عَنْ الرَّبَاب، عَنْ عَمِّهَا سَلْمَانَ بْنِ عَامِرٍ، يَبْلُغُ بِهِ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " إِذَا أَفْطَرَ أَحَدُكُمْ فَلْيُفْطِرْ عَلَى تَمْرٍ ، فَإِنَّهُ بَرَكَةٌ فَإِنْ لَمْ يَجِدْ تَمْرًا فَالْمَاءُ فَإِنَّهُ طَهُورٌ " وقَالَ : " الصَّدَقَةُ عَلَى الْمِسْكِينِ صَدَقَةٌ وَهِيَ عَلَى ذِي الرَّحِمِ ثِنْتَانِ صَدَقَةٌ وَصِلَةٌ " . قَالَ : وَفِي الْبَاب عَنْ زَيْنَبَ امْرَأَةِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ ، وَجَابِرٍ ، وَأَبِي هُرَيْرَةَ . قَالَ أَبُو عِيسَى : حَدِيثُ سَلْمَانَ بْنِ عَامِرٍ حَدِيثٌ حَسَنٌ ، وَالرَّبَاب هِيَ أُمُّ الرَّائِحِ بِنْتُ صُلَيْعٍ ، وَهَكَذَا رَوَى سُفْيَانُ الثَّوْرِيُّ، عَنْ عَاصِمٍ، عَنْ حَفْصَةَ بِنْتِ سِيرِينَ، عَنْ الرَّبَاب، عَنْ سَلْمَانَ بْنِ عَامِرٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَحْوَ هَذَا الْحَدِيثِ ، وَرَوَى شُعْبَةُ، عَنْ عَاصِمٍ، عَنْ حَفْصَةَ بِنْتِ سِيرِينَ , سَلْمَانَ بْنِ عَامِرٍ، وَلَمْ يَذْكُرْ فِيهِ عَنْ الرَّبَاب ، وَحَدِيثُ سُفْيَانَ الثَّوْرِيِّ ، وَابْنِ عُيَيْنَةَ أَصَحُّ ، وَهَكَذَا رَوَى ابْنُ عَوْن , وَهِشَامُ بْنُ حَسَّانَ، عَنْ حَفْصَةَ بِنْتِ سِيرِينَ، عَنْ الرَّبَاب، عَنْ سَلْمَانَ بْنِ عَامِرٍ .´سلمان بن عامر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب تم میں سے کوئی روزہ افطار کرے تو کھجور سے افطار کرے ، کیونکہ اس میں برکت ہے ، اگر کھجور میسر نہ ہو تو پانی سے افطار کرے وہ نہایت پاکیزہ چیز ہے “ ، نیز فرمایا : ” مسکین پر صدقہ ، صرف صدقہ ہے اور رشتے دار پر صدقہ میں دو بھلائیاں ہیں ، یہ صدقہ بھی ہے اور صلہ رحمی بھی “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : ۱- سلمان بن عامر کی حدیث حسن ہے ، ۲- سفیان ثوری نے بھی عاصم سے بطریق : «حفصة بنت سيرين ، عن الرباب ، عن سلمان بن عامر ، عن النبي صلى الله عليه وسلم» اسی حدیث کی طرح روایت کی ہے ، ۳- نیز شعبہ نے بطریق : «عاصم ، عن حفصة ، عن سلمان بن عامر» روایت کی ہے اور اس میں انہوں نے رباب کا ذکر نہیں کیا ہے ، ۴- سفیان ثوری اور ابن عیینہ کی حدیث ۱؎ زیادہ صحیح ہے ، ۵- اسی طرح ابن عون اور ہشام بن حسان نے بھی بطریق : «حفصة ، عن الرباب ، عن سلمان بن عامر» روایت کی ہے ، ۶- اس باب میں عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کی اہلیہ زینب ، جابر اور ابوہریرہ رضی الله عنہ سے بھی احادیث آئی ہیں ۔
تشریح، فوائد و مسائل
سلمان بن عامر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جب تم میں سے کوئی روزہ افطار کرے تو کھجور سے افطار کرے، کیونکہ اس میں برکت ہے، اگر کھجور میسر نہ ہو تو پانی سے افطار کرے وہ نہایت پاکیزہ چیز ہے “، نیز فرمایا: ” مسکین پر صدقہ، صرف صدقہ ہے اور رشتے دار پر صدقہ میں دو بھلائیاں ہیں، یہ صدقہ بھی ہے اور صلہ رحمی بھی۔“ [سنن ترمذي/كتاب الزكاة/حدیث: 658]
1؎:
جس میں رباب کے واسطے کا ذکر ہے۔
نوٹ:
نیز دیکھئے رقم: 695 پہلا فقرہ روزے سے متعلق (ضعیف) ہے، سند میں رباب، أم الرائح ’’لین الحدیث‘‘ ہیں، اور صدقہ سے متعلق دوسرا فقرہ صحیح ہے، تراجع الالبانی: 132، والسراج المنیر: 1873، 1874)
سلمان بن عامر ضبی رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جب تم میں سے کوئی افطار کرے تو چاہیئے کہ کھجور سے افطار کرے کیونکہ اس میں برکت ہے اور جسے (کھجور) میسر نہ ہو تو وہ پانی سے افطار کرے کیونکہ یہ پاکیزہ چیز ہے ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصيام/حدیث: 695]
1؎:
اگرچہ قولاً اس کی سند صحیح نہیں ہے، مگر فعلاً یہ حدیث دیگر طرق سے ثابت ہے۔
2؎:
یہ حدیث اس بات پردلالت کرتی ہے کہ اگر افطار میں کھجور میسر ہو تو کھجور ہی سے افطار کرے کیونکہ یہ مقوی معدہ، مقوی اعصاب اور جسم میں واقع ہونے والی کمزوریوں کا بہترین بدل ہے اور اگر کھجور میّسر نہ ہو سکے تو پھر پانی سے افطار بہتر ہے نبی اکرم ﷺ تازہ کھجورسے افطار کیا کرتے تھے اگر تازہ کھجور نہیں ملتی تو خشک کھجور سے افطار کرتے اور اگر وہ بھی نہ ملتی تو چند گھونٹ پانی سے افطار کرتے تھے۔
ان دونوں چیزوں کے علاوہ اجر و ثواب وغیرہ کی نیت سے کسی اور چیز مثلاً نمک وغیرہ سے افطار کرنا بدعت ہے، جو ملاؤں نے ایجاد کی ہے۔
نوٹ:
(الرباب ام الرائح لین الحدیث ہیں، اس حدیث کی تصحیح ترمذی کے علاوہ: ابن خزیمہ اور ابن حبان نے بھی کی ہے، البانی نے پہلے اس کی تصحیح کی تھی بعد میں اسے ضعیف الجامع الصغیر میں رکھ دیا (رقم: 369) دیکھئے: تراجع الألبانی رقم: 132 و ارواء رقم: 922)
سلمان بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جب تم میں سے کوئی روزے سے ہو تو اسے کھجور ۱؎ سے روزہ افطار کرنا چاہیئے اگر کھجور نہ پائے تو پانی سے کر لے اس لیے کہ وہ پاکیزہ چیز ہے۔“ [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2355]
(1) یہ امر ارشاد و ترغیب ہے نہ کہ امر وجوب۔
اس لیے کسی بھی طعام و مشروب سے روزہ افطار کیا جا سکتا ہے۔
(2) مسلمانوں کو چاہیے کہ کجھور جیسے مبارک پھل کو اپنے دسترخوان کا جزو بنانے کا اہتمام کریں۔
یہ نعمت لذت و شیرینی آمیز پھل ہی نہیں، بلکہ طعام کا قائم مقام بھی ہے۔
تہذیب مغرب نے سیب کو بہت شہرت دی ہے جو یقینا اللہ کی عظیم پاکیزہ نعمت ہے مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کجھور کو جو فضیلت دی ہے وہ کسی اور پھل کو حاصل نہیں، اسی لیے چاہیے کہ اس کی کاشت بھی بڑھائی جائے۔
(3) مسلمان جہاں کھانے پینے اور پہننے کی ظاہری سنتوں کا اہتمام کرتے ہیں، وہاں انہیں چاہیے کہ عقیدہ و عمل کے معنوی امور کا اس سے بڑھ کر اہتمام کریں۔
(34) اس حدیث کی اسنادی مباحث کے لیے دیکھئے، ارواء الغلیل، حدیث:922۔
سلمان بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جب تم میں سے کوئی افطار کرے تو کھجور سے افطار کرے، اور اگر اسے کھجور نہ ملے تو پانی سے افطار کرے، اس لیے کہ وہ پاکیزہ چیز ہے۔“ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1699]
فوائد و مسائل:
(1)
تمر خشک کھجور کو کہتے ہیں جا مع التر مذی کی دوسری حدیث میں تمر خشک کھجو ر کے علاوہ رطب تر کھجور سے روزہ کھولنا بھی مذکو ر ہے۔ دیکھیے: (جامع ترمذي، الصوم، حدیث: 696)
(2)
کھجور سے روزہ کھولنا اس لئے افضل ہے کہ یہ بابرکت پھل ہے اور پانی کا تعلق طہارت اور پا کیزگی سے ہے روزہ روحانی پاکیزگی کا باعث ہے اور پانی ظاہری پاکیزگی کا، اس مناسبت سے پانی سے روزہ کھولنا بھی مستحب ہے۔
سیدنا سلمان بن عامر رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” جب تم میں سے کوئی روزہ افطار کرے تو اسے کھجور سے افطار کرنا چاہیئے۔ پھر اگر کھجور دستیاب نہ ہو سکے تو پانی سے افطار کر لے اس لئے کہ وہ پاک ہے۔ “
اسے پانچوں نے روایت کیا ہے۔ ابن خزیمہ، ابن حبان اور حاکم نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 536]
➊ اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر ممکن ہو تو کھجور سے افطار کرنا چاہیے کیونکہ کھجور مقوئ معدہ مقوئ اعصاب اور جسم میں واقع ہونے والی کمزوری کا بدل ہے۔ اگر کھجور مہیا نہ ہو سکے تو پھر پانی سے افطار بہتر ہے۔
➋ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کھجوروں سے روزہ افطار فرمایا کرتے تھے۔ اگر تازہ نہ ملتی تو خشک کھجور سے افطار کرتے۔ اگر یہ بھی نہ ملتی تو پھر چند گھونٹ پانی سے روزہ افطار فرمالیتے تھے۔ [جامع الترمذي، الصوم، باب ماجاء ما يستحب عليه الأِفطار، حديث: 696]
➌ امام ابنِ قیّم رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ کھجور یا پانی سے روزہ افطار کرنے میں رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اپنی اُمت کیساتھ کمالِ شفقت اور خیر خواہی کا اظہار ہے، کیونکہ خالی معدے کی حالت میں میٹھی چیز کھانا معدے کے لیے بہت مفید ہے۔ اس کے ساتھ باقی اعضاء بھی قوت پکڑتے ہیں۔ خصوصًا قوتِ بینائی کو بیحد فائدہ پہنچتا ہے۔ اس طرح پانی کا فائدہ یہ ہے کہ روزے کیساتھ جگر میں خشکی پیدا ہو جاتی ہے، اگر اسے پانی کیساتھ رطوبت پہنچ جائے تو وہ بعد میں کھائی جانے والی غذا سے بہت فائدہ حاصل کرتا ہے۔ علاوہ ازیں کھجور اور پانی کی خاصیات کو امراضِ دل کے ماہرین ہی بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ دل کی درستی میں انکا کسقدر عمل دخل ہے۔ [زادالمعاد: 160/1]
راوئ حدیث:
حضرت سلمان بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ انکا سلسلہ نسب یوں ہے: سلمان بن عامر بن اویس بن حجر بن عمرو بن حارث الضبی، مشہور صحابی ہیں۔ بصرہ میں رہائش پذیر رہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہی میں یہ صاحب عمر رسیدہ تھے۔ خلافتِ معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تک زندہ رہے۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ جنگِ جمل میں شہید ہو گئے۔ اس وقت ان کی عمر سو برس تھی۔ ایک قول کے مطابق ان کے سوا کوئی بھی صحابی ضبی نہیں۔