سنن ترمذي
كتاب المناقب عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: فضائل و مناقب
باب مَنَاقِبِ الْحَسَنِ وَالْحُسَيْنِ عَلَيْهِمَا السَّلاَمُ باب: حسن و حسین رضی الله عنہما کے مناقب کا بیان
حَدَّثَنَا عُقْبَةُ بْنُ مُكْرَمٍ الْعَمِّيُّ، حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرِ بْنِ حَازِمٍ، حَدَّثَنَا أَبِي ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ أَبِي يَعْقُوبَ، عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي نُعْمٍ، أَنَّ رَجُلًا مِنْ أَهْلِ الْعِرَاقِ سَأَلَ ابْنَ عُمَرَ عَنْ دَمِ الْبَعُوضِ يُصِيبُ الثَّوْبَ ، فَقَالَ ابْنُ عُمَرَ : انْظُرُوا إِلَى هَذَا يَسْأَلُ عَنْ دَمِ الْبَعُوضِ وَقَدْ قَتَلُوا ابْنَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَسَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " إِنَّ الْحَسَنَ وَالْحُسَيْنَ هُمَا رَيْحَانَتَايَ مِنَ الدُّنْيَا " . قَالَ أَبُو عِيسَى : هَذَا صَحِيحٌ رَوَاهُ شُعْبَةُ، وَمَهْدِيُّ بْنُ مَيْمُونٍ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ أَبِي يَعْقُوبَ، وَقَدْ رُوِيَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَحْوَهُ .´عبدالرحمٰن بن ابی نعم سے روایت ہے کہ` اہل عراق کے ایک شخص نے ابن عمر رضی الله عنہما سے مچھر کے خون کے بارے میں پوچھا جو کپڑے میں لگ جائے کہ اس کا کیا حکم ہے ؟ ۱؎ تو ابن عمر رضی الله عنہما نے کہا : اس شخص کو دیکھو یہ مچھر کے خون کا حکم پوچھ رہا ہے ! حالانکہ انہیں لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسہ کو قتل کیا ہے ، اور میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے : ” حسن اور حسین رضی الله عنہما یہ دونوں میری دنیا کے پھول ہیں “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : ۱- یہ حدیث صحیح ہے ، ۲- اسے شعبہ اور مہدی بن میمون نے بھی محمد بن ابی یعقوب سے روایت کیا ہے ، ۳- ابوہریرہ کے واسطے سے بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اسی طرح کی روایت آئی ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبدالرحمٰن بن ابی نعم سے روایت ہے کہ اہل عراق کے ایک شخص نے ابن عمر رضی الله عنہما سے مچھر کے خون کے بارے میں پوچھا جو کپڑے میں لگ جائے کہ اس کا کیا حکم ہے؟ ۱؎ تو ابن عمر رضی الله عنہما نے کہا: اس شخص کو دیکھو یہ مچھر کے خون کا حکم پوچھ رہا ہے! حالانکہ انہیں لوگوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسہ کو قتل کیا ہے، اور میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے: ” حسن اور حسین رضی الله عنہما یہ دونوں میری دنیا کے پھول ہیں۔“ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3770]
وضاحت:
1؎:
صحیح بخاری کی روایت میں ہے کہ سائل نے حالت احرام میں مچھرمارنے کے فدیہ کے بارے میں سوال کیا تھا، ہو سکتا ہے کہ مؤلف کی روایت میں کسی راوی نے مبہم روایت کر دی ہو، سیاق وسباق کے لحاظ سے صحیح صورتِ حال مسئلہ وہی ہے جو صحیح بخاری میں ہے۔
اسی دن سے یہ مثال ہوگئی ''الکوفي لا یوفي'' یعنی کوفہ والے وفادار نہیں ہوتے۔
1۔
جامع ترمذی کی ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ حضرت حسن ؓ اورحضرت حسین ؓ کواپنے پاس بلاتے انھیں سونگھتے اور ا پنے جسم سے چمٹا لیتے۔
(فتح الباري: 123/7)
2۔
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے سوال پر تعجب کیا کہ اہل عراق عجیب لوگ ہیں،حالتِ احرام میں مکھی مارنے میں تامل کرتے ہیں کہ اس کو مارنا جرم ہے اور اس کی پاداش میں کچھ جرمانہ اداکرنا پڑے گا۔
حالانکہ انھوں نے نہایت بے شرمی اورڈھٹائی سے نواسہ رسول ﷺ حضرت حسین ؓ کو شہید کردیا اور ذرہ بھر بھی غور نہ کیاکہ ان کے قتل کرنے میں ہمیں قیامت کے دن کن کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا اوررسول اللہ ﷺ کی سفارش کے کیونکر اُمیدوار ہوں گے۔
ان لوگوں کی فہم وفراست پر رونا آتا ہے کہ حقیر سی چیز کے متعلق دریافت کرتے ہیں کہ مکھی مارنے سے محرم پر کیا تاوان اورجرمانہ پڑتا ہے اور عظیم ترین شخصیت کے قتل کرنے میں مکمل طور پر دلیرہوکر بے حیائی کا مظاہرہ کیا ہے۔
قاتلان حسین پر تف ہے کہ انھوں نےدنیاوی اغراض اور نفسانی خواہشات کی تکمیل کے لیے رسول اللہ ﷺ کے نواسے اور سیدہ فاطمہ ؓ کے جگر گوشے کو بڑی بے دردی سے شہید کردیا۔
إنا اللہ وإنا إلیه راجعون۔
بناکر دند خوش رسمےبخاک وخون غلطیدن۔
۔
۔
خدارحمت کند ایں عاشقان پاک طینت را
اترجوامۃ قتلت حسینا شفاعۃ جدہ یوم الحساب
(1)
حضرت حسین رضی اللہ عنہ کو شہید کرنے والے بیشتر کوفی لوگ تھے۔
انھوں نے بار بار خطوط لکھ کر آپ کو کوفہ بلایا اور اپنی وفاداری کا یقین دلایا مگر وقت آنے پر سب دشمنوں سے مل گئے، پھر میدان کربلا میں وہ کچھ ہوا جو دنیا کو معلوم ہے۔
(2)
اس حدیث کی عنوان سے مطابقت اس طرح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہا کو دو خوشبودار پھول قرار دیا اورخوشبودار پھول کوسونگھا جاتا ہے اور اولاد کو بھی سونگھا جاتا ہے، اس پر پیار کرتے ہوئے اسے بوسہ دیا جاتا ہے، انھیں گلے بھی لگایا جاتا ہے۔
واللہ أعلم