سنن ترمذي
كتاب المناقب عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: فضائل و مناقب
باب فِي مَنَاقِبِ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ رضى الله عنه باب: عثمان بن عفان رضی الله عنہ کے مناقب کا بیان
حَدَّثَنَا صَالِحُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ، حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ، عَنْ عُثْمَانَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَوْهَبٍ، أَنَّ رَجُلًا مِنْ أَهْلِ مِصْرَ حَجَّ الْبَيْتَ فَرَأَى قَوْمًا جُلُوسًا فَقَالَ : مَنْ هَؤُلَاءِ ؟ قَالُوا : قُرَيْشٌ ، قَالَ : فَمَنْ هَذَا الشَّيْخُ ؟ قَالُوا : ابْنُ عُمَرَ ، فَأَتَاهُ , فَقَالَ : إِنِّي سَائِلُكَ عَنْ شَيْءٍ فَحَدِّثْنِي أَنْشُدُكَ اللَّهَ بِحُرْمَةِ هَذَا الْبَيْتِ ، أَتَعْلَمُ أَنَّ عُثْمَانَ فَرَّ يَوْمَ أُحُدٍ ؟ قَالَ : نَعَمْ ، قَالَ : أَتَعْلَمُ أَنَّهُ تَغَيَّبَ عَنْ بَيْعَةِ الرِّضْوَانِ فَلَمْ يَشْهَدْهَا ؟ قَالَ : نَعَمْ ، قَالَ : أَتَعْلَمُ أَنَّهُ تَغَيَّبَ يَوْمَ بَدْرٍ فَلَمْ يَشْهَدْ ؟ قَالَ : نَعَمْ ، قَالَ : اللَّهُ أَكْبَرُ ، فَقَالَ لَهُ ابْنُ عُمَرَ : تَعَالَ أُبَيِّنْ لَكَ مَا سَأَلْتَ عَنْهُ ، أَمَّا فِرَارُهُ يَوْمَ أُحُدٍ فَأَشْهَدُ أَنَّ اللَّهَ قَدْ عَفَا عَنْهُ وَغَفَرَ لَهُ ، وَأَمَّا تَغَيُّبُهُ يَوْمَ بَدْرٍ فَإِنَّهُ كَانَتْ عِنْدَهُ , أَوْ تَحْتَهُ ابْنَةُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لَكَ أَجْرُ رَجُلٍ شَهِدَ بَدْرًا وَسَهْمُهُ " , وَأَمَرَهُ أَنْ يَخْلُفَ عَلَيْهَا وَكَانَتْ عَلِيلَةً ، وَأَمَّا تَغَيُّبُهُ عَنْ بَيْعَةِ الرِّضْوَانِ فَلَوْ كَانَ أَحَدٌ أَعَزَّ بِبَطْنِ مَكَّةَ مِنْ عُثْمَانَ لَبَعَثَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَكَانَ عُثْمَانَ ، بَعَثَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عُثْمَانَ إِلَى مَكَّةَ وَكَانَتْ بَيْعَةُ الرِّضْوَانِ بَعْدَ مَا ذَهَبَ عُثْمَانُ إِلَى مَكَّةَ ، قَالَ : فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِيَدِهِ الْيُمْنَى : " هَذِهِ يَدُ عُثْمَانَ " , وَضَرَبَ بِهَا عَلَى يَدِهِ ، فَقَالَ : " هَذِهِ لِعُثْمَانَ , قَالَ لَهُ : " اذْهَبْ بِهَذَا الْآنَ مَعَكَ " . قَالَ أَبُو عِيسَى : هَذَا حَسَنٌ صَحِيحٌ .´عثمان بن عبداللہ بن موہب سے روایت ہے کہ` اہل مصر میں سے ایک شخص نے بیت اللہ کا حج کیا تو اس نے کچھ لوگوں کو بیٹھے دیکھا تو پوچھا : یہ کون لوگ ہیں ؟ لوگوں نے بتایا یہ قبیلہ قریش کے لوگ ہیں ، اس نے کہا : یہ کون شیخ ہیں ؟ لوگوں نے بتایا کہ یہ ابن عمر رضی الله عنہما ہیں تو وہ ان کے پاس آیا اور بولا : میں آپ سے ایک چیز پوچھ رہا ہوں آپ مجھے بتائیے ، میں آپ سے اس گھر کی حرمت کا واسطہ دے کر پوچھتا ہوں ، کیا آپ کو معلوم ہے کہ عثمان رضی الله عنہ احد کے دن بھاگے تھے ؟ انہوں نے کہا : ہاں ، پھر اس نے کہا : کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہ بیعت رضوان کے وقت موجود نہیں تھے ؟ انہوں نے کہا : ہاں ، پھر اس نے کہا : کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہ بدر میں موجود نہیں تھے ، تمہارے انہوں نے کہا : ہاں ، اس مصری نے ازراہ تعجب اللہ اکبر کہا ۱؎ ، اس پر ابن عمر رضی الله عنہما نے اس سے کہا : آؤ میں تیرے سوالوں کو تم پر واضح کر دوں : رہا ان ( عثمان ) کا احد کے دن بھاگنا ۲؎ تو تو گواہ رہ کہ اللہ نے اسے معاف کر دیا اور بخش دیا ہے ۳؎ اور رہی بدر کے دن ، ان کی غیر حاضری تو ان کے نکاح میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی تھیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا تھا : ” تمہیں اس آدمی کے برابر ثواب اور اس کے برابر مال غنیمت میں سے حصہ ملے گا ، جو بدر میں حاضر ہو گا “ ، اور رہی ان کی بیعت رضوان سے غیر حاضری تو اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر عثمان سے بڑھ کر وادی مکہ میں کوئی باعزت ہوتا تو عثمان رضی الله عنہ کی جگہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسی کو بھیجتے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عثمان کو مکہ بھیجا اور بیعت رضوان عثمان کے مکہ جانے کے بعد ہوئی پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک سے اشارہ کرتے ہوئے فرمایا : ” یہ عثمان کا ہاتھ ہے “ ، اور اسے اپنے دوسرے ہاتھ پر مارا اور فرمایا : ” یہ عثمان کی طرف سے بیعت ہے “ ، تو ابن عمر رضی الله عنہما نے اس سے کہا : اب یہ جواب تو اپنے ساتھ لیتا جا ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔
۲؎: یہ اشارہ ہے غزوہ احد سے ان بھاگنے والوں کی طرف جو جنگ کا پانسہ پلٹ جانے کے بعد میدان جنگ سے بھاگ کھڑے ہوئے تھے، ان میں عثمان رضی الله عنہ بھی تھے۔
۳؎: اللہ تعالیٰ نے ان کی معافی اس آیت میں نازل کی تھی «ولقد عفا الله عنهم إن الله غفور حليم» (سورة آل عمران: 155) پوری آیت اس طرح ہے «إن الذين تولوا منكم يوم التقى الجمعان إنما استزلهم الشيطان ببعض ما كسبوا ولقد عفا الله عنهم إن الله غفور حليم» یعنی: ” تم میں سے جن لوگوں نے اس دن پیٹھ دکھائی جس دن دونوں جماعتوں کی مڈبھیڑ ہوئی تھی، یہ لوگ اپنے بعض گناہوں کے باعث شیطان کے بہکاوے میں آ گئے، لیکن یقین جانو کہ اللہ نے انہیں معاف کر دیا، اللہ تعالیٰ ہے ہی بخشنے والا اور تحمل والا “ (آل عمران: 155)۔
تشریح، فوائد و مسائل
عثمان بن عبداللہ بن موہب سے روایت ہے کہ اہل مصر میں سے ایک شخص نے بیت اللہ کا حج کیا تو اس نے کچھ لوگوں کو بیٹھے دیکھا تو پوچھا: یہ کون لوگ ہیں؟ لوگوں نے بتایا یہ قبیلہ قریش کے لوگ ہیں، اس نے کہا: یہ کون شیخ ہیں؟ لوگوں نے بتایا کہ یہ ابن عمر رضی الله عنہما ہیں تو وہ ان کے پاس آیا اور بولا: میں آپ سے ایک چیز پوچھ رہا ہوں آپ مجھے بتائیے، میں آپ سے اس گھر کی حرمت کا واسطہ دے کر پوچھتا ہوں، کیا آپ کو معلوم ہے کہ عثمان رضی الله عنہ احد کے دن بھاگے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں، پھر اس نے کہا: کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہ بیعت رضوان کے وقت موجود نہی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3706]
وضاحت:
1؎: یہ شیعی آدمی تھا جو عثمان رضی اللہ عنہ سے بغض رکھتا تھا، اسی لیے ان تینوں باتوں پر اللہ اکبرکہا، یعنی: جب ان میں یہ تینوں عیب ہیں تولوگ ان کی فضیلت کے کیوں قائل ہیں۔
2؎: یہ اشارہ ہے غزوئہ احد سے ان بھاگنے والوں کی طرف جو جنگ کا پانسہ پلٹ جانے کے بعد میدان جنگ سے بھاگ کھڑے ہوئے تھے، ان میں عثمان رضی اللہ عنہ بھی تھے۔
3؎: اللہ تعالیٰ نے ان کی معافی اس آیت میں نازل کی تھی ﴿وَلَقَدْ عَفَا اللّهُ عَنْهُمْ إِنَّ اللّٰهَ غَفُورٌ حَلِيمٌ﴾ (سورة آل عمران:155) پوری آیت اس طرح ہے ﴿إِنَّ الَّذِينَ تَوَلَّوْاْ مِنكُمْ يَوْمَ الْتَقَى الْجَمْعَانِ إِنَّمَا اسْتَزَلَّهُمُ الشَّيْطَانُ بِبَعْضِ مَا كَسَبُواْ وَلَقَدْ عَفَا اللّهُ عَنْهُمْ إِنَّ اللّهَ غَفُورٌ حَلِيمٌ﴾ (آل عمران:155) یعنی: تم میں سے جن لوگوں نے اس دن پیٹھ دکھائی جس دن دونوں جماعتوں کی مڈبھیڑہوئی تھی، یہ لوگ اپنے بعض گناہوں کے باعث شیطان کے بہکاوے میں آ گئے، لیکن یقین جانو کہ اللہ نے انہیں معاف کر دیا، اللہ تعالیٰ ہے ہی بخشنے والا اورتحمل والا۔
غزوئہ احد کے موقع پر عام مسلمانوں میں کفار کے اچانک حملہ کی وجہ سے گھبرہٹ پھیل گئی تھی۔
حضور اکرم ﷺ اپنی جگہ پر کھڑے ہوئے تھے اور دو ایک صحابہ کے ساتھ کفار کے تمام حملوں کا انتہائی پا مردی سے مقابلہ کر رہے تھے۔
تھوڑی دیر کے بعد آنحضرتﷺ نے صحابہ کو آواز دی اور پھر تمام صحابہ جمع ہوگئے۔
اللہ تعالی نے صحابہ کی اس غلطی کو معاف کردیا اور اپنی معافی کاخود قرآن مجید میں اعلان کیا۔
اکثر صحابہ منتشر ہو گئے تھے اور انہیں میں عثمان ؓ بھی تھے۔
مسلمانوں کو اس غزوہ میں اگرچہ نقصان بہت اٹھانا پڑا لیکن یہ نہیں کہا جاسکتا کہ مسلمانوں نے غزوئہ احد میں شکست کھائی۔
کیونکہ نہ مسلمانوں نے ہتھیار ڈالے اور نہ آنحضرت ﷺ نے میدان جنگ چھوڑا تھا۔
فوج یعنی صحابہ ؓ میں اگر تھوڑی دیر کے لیے انتشار پیدا ہوگیا تھا لیکن پھر یہ سب حضرات بھی جلد ہی میدان میں آگئے۔
یہ بھی نہیں ہوا کہ صحابہ ؓ نے میدان چھوڑدیا ہو بلکہ غیر متوقع صورت حال سے گھبراہٹ اور صفوں میں انتشار پیدا ہو گیا تھا۔
جب اللہ کے نبی ﷺ نے انہیں پکارا تو وہ فوراً سنبھل گئے اور پھر آکر آپ کے چاروں طرف جمع ہوگئے اور آخر میں کفار کو فرار کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔
عظیم نقصانات کے باوجود آخری فتح مسلمانوں کو ہی نصیب ہوئی۔
احادیث بالا میں یہی مضامین بیان میں آرہے ہیں۔
حضرت عثمان ؓ کے متعلق سوالات کرنے والا مخالفین میں سے تھا۔
حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ نے اس کے سوالات کو تفصیل کے ساتھ حل فرمادیا۔
مگر جن لوگوں کو کسی سے نا حق بغض ہو تاہے وہ کسی بھی طور مطمئن نہیں ہو سکتے۔
آج تک ایسے کج فہم لوگ موجود ہیں جو حضرت عثمان ؓ پر طعن کرنا ہی اپنے لیے دلیل فضیلت بنائے ہوئے ہیں صحابہ کرام ؓ خصوصاً ًًخلفائے راشدین ہمارے ہر احترام کے مستحق ہیں۔
ان کی بشری لغزشیں سب اللہ کے حوالہ ہیں۔
اللہ تعالی یقینا ان کو معاف کرچکا ہے۔
رضي اللہ عنهم ولعن اللہ من عادھم۔
1۔
حافظ ابن حجر ؓ لکھتے ہیں کہ جس شخص نے حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ سے حضرت عثمان ؓ کے متعلق تین سوالات کیے تھے میں اس کے نام سے مطلع نہیں ہو سکا۔
روایات سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اہل مصر سے تھا ممکن ہے کہ وہ علاء بن عرارہو۔
(فتح الباري: 75/7)
پھر دوسرے مقام پر جزم ووثوق سے لکھا ہے کہ اس کا نام حکیم تھا۔
لیکن انھوں نے اس سے رجوع کرتے ہوئے فرمایا: کہ وہ علاء بن عرار ہی تھا۔
(فتح الباري: 454/7)
بہر حال وہ حضرت عثمان ؓ کے مخالفین میں سے تھا جو واقعات کی ظاہری سطح کو بیان کر کے حضرت عثمان ؓ کی برائی کرنا چاہتا تھا2۔
دراصل غزوہ احد کے موقع پر عام مسلمانوں میں کفار کے اچانک حملے کی وجہ سے گھبراہٹ پھیل گئی تھی، البتہ رسول اللہ ﷺ اپنے چند ایک صحابہ سمیت کفار کے تمام حملوں کا انتہائی پامردی سے مقابلہ کر رہے تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے تھوڑی دیر کے بعد اپنے صحابہ کرام ؓ کو آواز دی تمام صحابہ کرام جمع ہو گئے۔
اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام ؓ کی اس غلطی کو معاف کردیا اور اس معافی کا اعلان اپنی کتاب میں کردیا جیسا کہ عنوان میں ذکر کردہ آیت سے واضح ہےلیکن خارجی حضرات نے اللہ تعالیٰ کی اس معافی سے اتفاق نہیں کیا۔
وہ بدستور حضرت عثمان ؓ پر"فرار"کا الزام لگاتے رہے جیسا کہ اس حدیث میں ہے کہ حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ نے فرمایا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے تو انھیں معاف کردیا ہے لیکن تم لوگ انھیں معاف کرنے کے لیے تیار نہیں۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4515)
3۔
حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ نے ان اعتراضات کا شافی جواب دیا تاکہ صحابہ کرام ؓ کے متعلق لوگوں کے فاسد اعتقاد کا ازالہ ہو جائے اور حضرت عثمان کے متعلق بدگمانی کو نکال دیا جائے مگر جن لوگوں کو کسی سے ناحق بغض ہوتا ہے وہ کسی طور پر مطمئن نہیں ہو سکتے۔
آج بھی کچھ ایسے کم فہم لوگ موجود ہیں۔
جو سانپ نکل جانے کے بعد لکیر کو پیٹ رہے ہیں اور صحابہ کرام ؓ پر طعن کرنے میں بڑا فخر سمجھتے ہیں حالانکہ اللہ تعالیٰ نے ان کی لغزشیں معاف کر دینے کا واضح طور پر اعلان کردیا ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے’’بے شک اللہ تعالیٰ نے تمھیں معاف کردیا ہے کیونکہ وہ اہل ایمان کے لیے بڑے فضل والا ہے۔
‘‘ (آل عمران: 152/3)
اللہ تعالیٰ نے معافی کے اس اعلان کے بعد صحابہ کرام ؓ کے متعلق خبث باطن رکھنے اور زبان درازی کی گنجائش ختم کردی ہے۔
واللہ اعلم۔
بعض روایات میں حراء پہاڑی پر چڑھنے کا ذکر ہے ممکن ہے کہ واقعات متعدد ہوں کیونکہ صحیح مسلم میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ابو بکر، عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ، عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ،علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ، طلحہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ،اور زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ،جنبل حراءپر تھے تو وہ حرکت میں آگیا۔
اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ٹھہرجا!تیرے اوپر نبی،صدیق اور شہید ہیں صحیح مسلم ہی کی ایک روایت میں حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بھی ذکر ہے۔
(صحیح مسلم، فضائل الصحابة، حدیث: 6247۔
6248)
اس کی تائید ایک اورروایت سے بھی ہوتی ہے جو جامع ترمذی میں سعید بن زید سے مروی ہے۔
(فتح الباري: 74/7)
اور سنن دار قطنی میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بیان کی گئی ہے۔
(جامع الترمذي، المناقب، حدیث: 3696)
1۔
حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بیوی سیدہ رقیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیمار تھیں۔
رسول اللہ ﷺنے ان کی دیکھ بھال اور تیمارداری کے لیے حضرت عثمان ؓ کو مدینہ طیبہ ٹھہرنے کا حکم دیا، اس لیے وہ غزوہ بدر میں شریک نہ ہوسکے۔
لیکن رسول اللہ ﷺ نے انھیں بدر میں شریک ہونے والوں کے برابر حصہ دیا اور فرمایا: ’’اےاللہ! عثمان تیرے رسول کے کام میں مصروف ہے۔
‘‘(المصنف لابن أبي شیبة: 46/12۔
حدیث 32704)
2۔
کچھ حضرات کا موقف ہے کہ غنیمت کے مال میں سے صرف انھی لوگوں کو حصہ ملے گا جو شریک جنگ ہوں، لیکن اس حدیث کے پیش نظر اس میں یہ ترمیم کرنی ہوگی کہ جو لوگ امام کے کہنے یا جنگی ضرورت کے پیش نظر جنگ میں شریک نہ ہوسکے ہوں، انھیں بھی غنیمت سے پور حصہ دیاجائے گا۔
واللہ أعلم۔
(عمدة القاري: 469/10)
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے یعنی بدر کے دن اور فرمایا: ” بیشک عثمان اللہ اور اس کے رسول کی ضرورت سے رہ گئے ہیں ۱؎ اور میں ان کی طرف سے بیعت کرتا ہوں “، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے لیے حصہ مقرر کیا اور ان کے علاوہ کسی بھی غیر موجود شخص کو نہیں دیا۔ [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2726]
بد ر کے موقع پر رسول اللہ ﷺ کی صاحبزادی حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زوجہ محترمہ رقیہ رضی اللہ عنہا بیمار تھیں۔
رسول اللہ ﷺ نے خود انھیں حضرت رقیہ کی خدمت وتمارداری کے لئے پابند فرمایا تھا۔
اورپھر وہ اس بیماری میں وفات پاگئیں تھیں۔
اسی بنیاد پر انہیں غنیمت میں حصہ دیا گیا تھا۔
البتہ اس میں بعیت والی بات رواوی کا وہم ہے۔
کیونکہ نبی کریمﷺ نے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف سے بعیت حدیبیہ کے موقع پرلی تھی۔
یہاں راوی کو وہم ہوا ہے۔
اور اس نے اسے بدر کے واقعے میں بیان کر دیا ہے۔
اس واقعے سے ثابت ہوا کہ جو شخص مجاہدین کی کوئی ذمہ داری ادا کرنے کی وجہ سے قتال میں شریک نہ ہوا اسے بھی غنیمت میں سے حصہ دیا جائے گا۔