سنن ترمذي
كتاب تفسير القرآن عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: تفسیر قرآن کریم
باب وَمِنْ سُورَةِ السَّجْدَةِ باب: سورۃ السجدہ سے بعض آیات کی تفسیر۔
حَدَّثَنَا حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي عُمَرَ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، عَنْ أَبِي الزِّنَادِ، عَنِ الْأَعْرَجِ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ يَبْلُغُ بِهِ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " قَالَ اللَّهُ تَعَالَى : أَعْدَدْتُ لِعِبَادِيَ الصَّالِحِينَ مَا لَا عَيْنٌ رَأَتْ ، وَلَا أُذُنٌ سَمِعَتْ ، وَلَا خَطَرَ عَلَى قَلْبِ بَشَرٍ ، وَتَصْدِيقُ ذَلِكَ فِي كِتَابِ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ : فَلا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَا أُخْفِيَ لَهُمْ مِنْ قُرَّةِ أَعْيُنٍ جَزَاءً بِمَا كَانُوا يَعْمَلُونَ سورة السجدة آية 17 " . قَالَ أَبُو عِيسَى : هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ .´ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : میں نے اپنے نیک صالح بندوں کے لیے ایسی چیز تیار کی ہے جسے کسی آنکھ نے نہ دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے نہ کسی کے دل میں اس کا خیال گزرا ہے ، اس کی تصدیق کتاب اللہ ( قرآن ) کی اس آیت «فلا تعلم نفس ما أخفي لهم من قرة أعين جزاء بما كانوا يعملون» ” کوئی شخص نہیں جانتا جو ہم نے ان کے ( صالح ) اعمال کے بدلے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک ( کے لیے ) پوشیدہ رکھ رکھی ہے “ ( السجدۃ : ۱۶ ) ، سے ہوتی ہے “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: میں نے اپنے نیک صالح بندوں کے لیے ایسی چیز تیار کی ہے جسے کسی آنکھ نے نہ دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے نہ کسی کے دل میں اس کا خیال گزرا ہے، اس کی تصدیق کتاب اللہ (قرآن) کی اس آیت «فلا تعلم نفس ما أخفي لهم من قرة أعين جزاء بما كانوا يعملون» " کوئی شخص نہیں جانتا جو ہم نے ان کے (صالح) اعمال کے بدلے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک (کے لیے) پوشیدہ رکھ رکھی ہے " (السجدۃ: ۱۶)، سے ہوتی ہے۔" [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3197]
وضاحت:
1؎:
کوئی شخص نہیں جانتا جو ہم نے ان کے (صالح) اعمال کے بدلے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک (کے لیے) پوشیدہ رکھ رکھی ہے (السجدۃ: 16)
قیامت کے دن یہ ایمان والوں کے اعمال صالحہ کا بدلہ ہوگا جو بالضرور ان کو ملے گا۔
1۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ابھی تک کوئی بندہ بشرجنت کی نعمتوں پر مطلع نہیں ہو اور نہ کسی مقرب فرشتے اور نبی مرسل ہی کو اس کی خبر ہے لیکن رسول اللہ ﷺ اس سے مستثنیٰ ہیں۔
کیونکہ آپ نے ایک مرتبہ نماز کسوف میں جنت اور اس کے پھل دیکھے اور انھیں توڑنا چاہا لیکن بعض مصالح کے پیش نظر اپنا ارادہ ترک کردیا۔
معراج کے موقع پر بھی آپ نے جنت اور اس کی نعمتوں کا مشاہدہ فرمایا۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نعیم جنت پر مطلع ہیں۔
2۔
آیت کریمہ کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح اللہ کے نیک بندے رات کو چھپ کر اللہ کی عبادت کیا کرتے اور تہجد پڑھا کرتے تھے اللہ تعالیٰ نے بھی ان کے لیے پیش قیمت انعامات چھپا کررکھے ہیں۔
جس کا کسی کو علم ہی نہیں۔
اس حدیث قدسی میں بھی اللہ تعالیٰ کا کلام نقل ہوا ہے جو قرآن کریم کےعلاوہ ہے اور یہ کلام مبنی برحقیقت ہے، نیز یہ کلام غیرمخلوق ہے اور اللہ تعالیٰ کی مشیت سے متعلق ہے۔
اللہ تعالیٰ جب چاہے جسے چاہے اس قسم کے کلام سے عزت دیتا ہے۔
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لیے ایسی چیزیں تیار کی ہیں جسے نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے نہ ہی کسی کان نے سنا ہے اور نہ کسی انسان کے دل میں اس کا خیال آیا ہے، تم چاہو تو اس آیت کو پڑھ لو «فلا تعلم نفس ما أخفي لهم من قرة أعين جزاء بما كانوا يعملون» " ان کے نیک اعمال کے بدلے میں ان کی آنکھ کی ٹھنڈک کے طور پر جو چیز تیار کی گئی ہے اسے کوئی بھی نہیں جانتا " (السجدۃ: ۱۷)، جنت میں ایک ایسا درخت ہے جس کی (گھنی) چھاؤں میں سوار سو برس تک بھی چلتا چلا جائے تو بھی اس ک۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3292]
وضاحت:
1؎:
ان کے نیک اعمال کے بدلے میں ان کی آنکھ کی ٹھنڈک کے طور پر جو چیز تیار کی گئی ہے اسے کوئی بھی نہیں جانتا (السجدۃ: 17)
2؎:
پھیلاہوا لمبا لمبا سایہ (الواقعہ: 30)
3؎:
جو شخص جہنم سے بچا لیا گیا اور جنت میں داخل کر دیا گیا تو وہ کامیاب ہو گیا اور دنیا کی زندگی تو دھوکے کا سامان ہے (آل عمران: 85 1)
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ عزوجل فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لیے وہ نعمت تیار کر رکھی ہے جسے نہ کسی آنکھ نے دیکھا، نہ کسی کان نے سنا، اور نہ کسی آدمی کے دل میں اس کا خیال آیا۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ان نعمتوں کے علاوہ جو تم کو اللہ تعالیٰ نے بتائی ہیں اور بھی نعمتیں ہیں، اگر تم چاہتے ہو تو یہ آیت پڑھو: «فلا تعلم نفس ما أخفي لهم من قرة أعين جزاء بما كانوا يعملون» " کوئی نفس نہیں جانتا ہے کہ اس کے لیے کیا آنکھوں کی ٹھنڈک چھپا کر رکھی گئی ہے، یہ بدلہ ہے اس کے نیک اعمال کا " (سورۃ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4328]
فوائد و مسائل:
(1)
انسان انھی نعمتوں کا تصور کر سکتا ہے جو اسے حاصل ہوں یا ان سے ملتی جلتی نعمتوں کا تصور کر سکتا ہے۔
جبکہ جنت کی نعمتیں ان سے بلکل منفرد اور انوکھی ہیں۔
(2)
جنت کی بہت سی نعمتیں ایسی ہیں جنکی ہم نام اشیاء دنیا میں پائی جاتی ہیں مثلاً مختلف پھل اور میوے پرندوں کا گوشت طرح طرح کے مشروبات وغیرہ ان میں بھی دنیا کی نعمت اور جنت کی نعمت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
ان کے علاوہ بھی ایسی نعمتیں ہیں جن کا ہم تصور ہی نہیں کر سکتے۔
کیونکہ وہ دنیا کی نعمتوں سے کسی طرح بھی مشابہ نہیں ہیں۔
(3)
کسی آنکھ نے نہیں دیکھیں۔
اس سے مراد انسان اور جن ہیں۔
انھوں نے یہ نعمتیں نہ دیکھیں نہ سنیں جو حضرات فوت یا شہید ہوکر جنت میں پہنچ گئے وہ ان نعمتون سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
(4)
جنت کی ہر نعمت خالص مسرت اور خوشی کا باعث ھے۔
دنیا کی چیزوں کی طرح ان کے حصول کے لیے تکلیف و مشقت اور حصول کے بعد گم ہونے، چوری ہونے یا ختم ہونے کا خطرہ یا ان کے استعمال کے کچھ ضمنی ناپسندیدہ اثرات جیسے زیادہ کھا لینے سے پیٹ کی تکلیف وغیرہ بلکل نہیں۔
(5)
قرآن مجید کے بعض الفاظ کو ایک سے زیادہ طریقوں سے پڑھا جا سکتا ہے۔
لیکن اس کے لیے ضروری ہے۔
کہ وہ طریقہ معتبر انداز سے مروی ہو۔
علمائے قرات و تجوید نے ایسے کلمات اورانکو پڑھنے کے طریقے بیان کر دیے ہیں۔
ان سے ہٹ کر پڑھنا جائز نہیں۔
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:" اللہ نے فرمایا: میں نے اپنے فرمانبردار بندوں کے لیے ایسی نعمتیں تیار کر رکھی ہیں جنہیں نہ کسی آنکھ نے دیکھا، نہ کسی کان نے سنا اور نہ ہی کسی انسان کے دل میں ان کا خیال تک (پیدا) ہوا ہے۔" [صحيفه همام بن منبه/متفرق/حدیث: 31]
جنت میں ایسی ایسی نعمتوں اور راحتوں کا منظر ہوگا، جنہیں اہل دنیا کی آنکھوں نے دیکھا اور کانوں نے سنا تک نہ ہوگا۔
علاوہ ازیں وہ نعمتیں ایسے انتہائی کمال کو پہنچی ہوئی ہیں، جن کے متعلق کسی دل میں خیال و تصور تک پیدا نہیں ہوا۔ کیونکہ لوگوں کے پاس وہ دل نہیں جو جنت کی نعمتوں اور راحتوں کا تصور قائم کر سکیں، یعنی کہ ایسے دلوں میں قوت تصور موجود نہیں ہے۔ الله تعالیٰ نے گزشتہ امتوں کی تباہی اور بربادی کا تذکرہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: «إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَذِكْرَىٰ لِمَن كَانَ لَهُ قَلْبٌ» [ق: 37]
"یقیناً ان (گزشتہ واقعات) میں نصیحت ہے اس شخص کے لیے جو صاحبِ دل ہو۔ "
اس آیت مبارکہ سے پوری طرح واضح ہو گیا کہ گوشت کا ٹکڑا یعنی دل تو سب کے پاس موجود ہے، مگر اس دل سے مراد نصیحت قبول کرنے والا دل ہے۔
عام طور پر مشہور ہے کہ کوئی آنکھ جنت اور اس کی بہار اور نعمتوں کو دیکھ نہیں پاتی، جبکہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے معراج کے موقع پر ان کا نظارہ کیا تھا، تو اس کا جواب یہ ہے کہ اس مطلق نفی سے امت محمدیہ علی صاحبھا الصلوٰة والسلام کا نہ دیکھنا مراد ہے، رسول الله صلی الله علیہ وسلم اس سے مستثنیٰ ہیں۔
خیالات انسانی سے بالاتر نعمتیں:
«وَلَا خَطَرَ عَلَي قَلْبٍ بَشَرٍ» "اور نہ ہی کسی انسان کے دل میں ان کا خیال تک (پیدا) ہوا۔ " اس حدیث میں ایک لفظ "بشر" استعمال ہوا ہے، جس سے مقصود یہ ہے کہ جنت کی نعمتیں اور راحتیں فقط انسانوں کے لیے بنائی گئی ہیں نہ کہ فرشتوں کے لیے، چناچہ انسانوں کو شوق دلانے کے لیے یہ الفاظ استعمال کیے گئے۔
سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے الله تعالیٰ سے پوچھا کہ (اے الہی!) اہل جنت کے لیے جنت میں سب سے بڑا مقام کون سا ہوگا؟ (اس کے جواب میں) ذات باری تعالیٰ نے فرمایا: (وہ ایسا مقام ہے) جہاں پر میں نے اپنے ہاتھ سے پودے گاڑے ہیں اور ان پر مہریں ثبت کر دیں، تاکہ کوئی آنکھ اسے دیکھ نہ پائے، کوئی کان انہیں سن نہ پائے اور کسی دل میں ان کا خیال تک پیدا نہ ہو۔
ایک دوسری روایت کے آخر میں یہ الفاظ مذکور ہیں کہ "اور اسی بات کی تصدیق کتاب الہی میں بھی موجود ہے۔ جیسا کہ فرمایا: «فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّا أُخْفِيَ لَهُم مِّن قُرَّةِ أَعْيُنٍ» [سورة السجده: 17]
"کوئی نفس (یہ بات) نہیں جانتا کہ ان کے لیے تسکین کا کون سا سامان مخفی رکھا گیا ہے۔ " [صحيح مسلم، كتاب الايمان، رقم: 465 - سنن ترمذي، رقم: 3198 - فتح الباري: 516/8]
یہ حدیث قدسی ہے، اس میں بھی اللہ تعالیٰ نے جنت کی نعمتوں کا تذکرہ کیا ہے کہ جنت میں ایسی نعمتیں ہوں گی کہ دنیا میں ان کا وہم و گمان بھی نہیں ہے، اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بالکل کمزور پیدا کیا ہے، اس سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی کے تقویٰ کو ضائع نہیں کرتے، اور اس کو اس کی محنت کا صلہ ضرور دیں گے۔