حدیث نمبر: 3150
حَدَّثَنَا أَبُو حَفْصٍ عَمْرُو بْنُ عَليٍّ، حَدَّثَنَا أَبُو قُتَيْبَةَ سَلْمُ بْنُ قُتَيْبَةَ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْجَبَّارِ بْنُ الْعَبَّاسِ الْهَمْدَانِيُّ، عَنْ أَبِي إِسْحَاق، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، عَنْ أُبَيِّ بْنِ كَعْبٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " الْغُلَامُ الَّذِي قَتَلَهُ الْخَضِرُ طُبِعَ يَوْمَ طُبِعَ كَافِرًا " ، قَالَ أَبُو عِيسَى : هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ غَرِيبٌ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابی بن کعب رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” وہ لڑکا جسے خضر علیہ السلام نے مار ڈالا تھا پیدائشی کافر تھا “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : یہ حدیث حسن صحیح غریب ہے ۔

حوالہ حدیث سنن ترمذي / كتاب تفسير القرآن عن رسول الله صلى الله عليه وسلم / حدیث: 3150
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح ظلال الجنة (194 و 195)
تخریج حدیث «انظر ماقبلہ (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2661 | سنن ابي داود: 4705 | سنن ابي داود: 4706

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2661 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابی بن کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"بچہ جسے حضرت خضر نے قتل کیا تھا، اس پر کفر کی مہر لگی ہوئی تھی اور وہ زندہ رہتا تو اپنے والدین کو کفر اور سر کشی پر پھنسا دیتا۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6766]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: یہ بچہ فطرت سلیمہ پر پیدا ہوا تھا، لیکن اگر یہ زندہ رہتا تو برے ماحول میں بیٹھ کر کفر اختیار کر لیتا، اسے والدین اس کی محبت میں، اس کا رویہ اور طرز عمل قبول کرتے ہوئے سرکشی اور کفر میں مبتلا ہو جاتے، اللہ تعالیٰ نے ان کے نیک اعمال کی برکت سے، ان پر رحم و کرم فرمایا اور اس بچے کو موت سے دوچار کر دیا اور ہم بیان کر چکے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کو علم ہے جو نہیں ہوا ہے، اگر اس نے ہونا ہوتا تو کیسے ہوتا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2661 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4705 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´تقدیر (قضاء و قدر) کا بیان۔`
ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ لڑکا جسے خضر (علیہ السلام) نے قتل کر دیا تھا طبعی طور پر کافر تھا اگر وہ زندہ رہتا تو اپنے ماں باپ کو سرکشی اور کفر میں مبتلا کر دیتا۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب السنة /حدیث: 4705]
فوائد ومسائل:
1: وہ کافر پیدا کیا گیا تھا کا مطلب یہی ہے کہ اس نے اللہ کی طرف سے ودیعت کردہ اختیار سے کام لیتے ہوئے کفر ہی کرنا تھا اور یہ بات اللہ کو پہلے سے معلوم تھی۔

2: حضرت خضر اور حضرت موسی ؑکا دلچسپ واقعہ سورۃ کہف میں اور اس کی تفصیلات صحیین میں موجود ہیں۔
(صحیح البخاري، التفسير، حدیث:4725، صحیح مسلم، الفضائل، حدیث: 2380)
3: حضرت خضر اللہ کی طرف سے عطا کردہ خا ص علم کے حامل اور کچھ کاموں کے مکلف تھے، اس لیے اس پر کوئی قیاس نہیں ہو سکتا۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4705 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4706 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´تقدیر (قضاء و قدر) کا بیان۔`
ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کے فرمان «وأما الغلام فكان أبواه مؤمنين» اور رہا لڑکا تو اس کے ماں باپ مومن تھے (سورۃ الکہف: ۸۰) کے بارے میں فرماتے سنا کہ وہ پیدائش کے دن ہی کافر پیدا ہوا تھا۔ [سنن ابي داود/كتاب السنة /حدیث: 4706]
فوائد ومسائل:
1: وہ اس کے مطابق ہی پیدا ہوا جو اس کے لئے اللہ کے علم میں تھا کہ وہ کفر کرے گا۔

2: ہر مسلمان کو اپنی عاقبت کے بارے میں فکر مند رہنا چاہیے، ہمیشہ برے انجام سے پناہ اور خیر وسعادت کی دعا کرتے رہنا چاہیے: (اللَّهُمَّ أَحْسِنْ عَاقِبَتَنَا فِي الْأُمُورِ كُلِّهَا وَأَجِرْنَا مِنْ خِزْيِ الدُّنْيَا وَعَذَابِ الْآخِرَةِ) اے اللہ! تمام امور میں ہمارا انجام بہترین بنا اور دنیا کی رسوائی اور آخرت کے عذاب سے ہمیں بچا لے۔
‘‘
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4706 سے ماخوذ ہے۔