حدیث نمبر: 3114
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ، عَنْ سُلَيْمَانَ التَّيْمِيِّ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ، عَنِ ابْنِ مَسْعُودٍ، أَنَّ رَجُلًا أَصَابَ مِنَ امْرَأَةٍ قُبْلَةَ حَرَامٍ ، فَأَتَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَسَأَلَهُ عَنْ كَفَّارَتِهَا فَنَزَلَتْ وَأَقِمِ الصَّلاةَ طَرَفَيِ النَّهَارِ وَزُلَفًا مِنَ اللَّيْلِ إِنَّ الْحَسَنَاتِ يُذْهِبْنَ السَّيِّئَاتِ سورة هود آية 114 ، فَقَالَ الرَّجُلُ : أَلِي هَذِهِ يَا رَسُولَ اللَّهِ ، فَقَالَ : لَكَ وَلِمَنْ عَمِلَ بِهَا مِنْ أُمَّتِي " ، قَالَ أَبُو عِيسَى : هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ` ایک شخص نے ایک ( غیر محرم ) عورت کا ناجائز بوسہ لے لیا پھر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر پوچھا کہ اس کا کفارہ کیا ہے ؟ اس پر آیت «وأقم الصلاة طرفي النهار وزلفا من الليل إن الحسنات يذهبن السيئات» نازل ہوئی ، اس شخص نے پوچھا کیا یہ ( کفارہ ) صرف میرے لیے ہے ؟ آپ نے فرمایا : ” یہ تمہارے لیے ہے اور میری امت کے ہر اس شخص کے لیے جو یہ غلطی کر بیٹھے “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔

حوالہ حدیث سنن ترمذي / كتاب تفسير القرآن عن رسول الله صلى الله عليه وسلم / حدیث: 3114
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، ابن ماجة (1398)
تخریج حدیث «انظر حدیث رقم 3112 ( تحفة الأشراف : 9386) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 4687 | سنن ابن ماجه: 4254

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4687 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
4687. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے کسی اجنبی عورت کا بوسہ لے لیا۔ اس کے بعد وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اپنا گناہ بیان کیا تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: "آپ دن کے دونوں اطراف میں اور کچھ رات گئے نماز پڑھیں۔ بلاشبہ نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں۔ یہ ایک یاد دہانی ہے یاد کرنے والوں کے لیے۔" اس شخص نے آپ ﷺ سے دریافت کیا: آیا یہ امر خاص میرے لیے ہے؟ آپ نے فرمایا: "نہیں، بلکہ میری امت میں سے جو بھی اس پر عمل کرے یہ سب کے لیے ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:4687]
حدیث حاشیہ: یعنی گناہ کر کے نادم ہو۔
سچے دل سے توبہ کرے اور نماز پڑھے تو اللہ اس کے گناہ بخش دے گا۔
دونوں سروں سے فجر اور مغرب کی نمازیں اور رات سے عشاءکی نماز مراد ہے۔
ظہر اور عصر کی نمازوں کا ذکر دوسری آیتوں میں موجود ہے جو منکرین حدیث صرف تین نمازوں کے قائل ہیں وہ قرآن پاک سے بھی واقف نہیں ہیں۔
اللہ ان کو نیک سمجھ عطا کرے۔
(آمین)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4687 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4687 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4687. حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے کسی اجنبی عورت کا بوسہ لے لیا۔ اس کے بعد وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اپنا گناہ بیان کیا تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: "آپ دن کے دونوں اطراف میں اور کچھ رات گئے نماز پڑھیں۔ بلاشبہ نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں۔ یہ ایک یاد دہانی ہے یاد کرنے والوں کے لیے۔" اس شخص نے آپ ﷺ سے دریافت کیا: آیا یہ امر خاص میرے لیے ہے؟ آپ نے فرمایا: "نہیں، بلکہ میری امت میں سے جو بھی اس پر عمل کرے یہ سب کے لیے ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:4687]
حدیث حاشیہ:

ایک روایت میں اس کی تفصیل بیان ہوئی ہے۔
ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! میں نے ایک عورت سے جماع کے علاوہ سب کچھ کیا ہے۔
میں حاضر ہوں میرے متعلق جو چاہیں فیصلہ فرمائیں حضرت عمرؓ نے کہا: اللہ تعالیٰ نے تجھ پر پردہ ڈالا تھا۔
بہتر تھا کہ تو خود بھی اس پر پردہ پوشی کرتا لیکن رسول اللہ ﷺ نے اسے کوئی جواب نہ دیا وہ اٹھ کر چلا گیا تو رسول اللہ ﷺ نے اس کے پیچھے ایک آدمی کو بھیجا اور اسے بلا کر مذکورہ آیت سنائی قوم سے ایک آدمی نے کہا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! کیا یہ حکم خاص اس کے لیے ہے؟ آپ نے فرمایا: "نہیں بلکہ تمام لوگوں کے لیے ہے۔
" (صحیح مسلم التوبہ حدیث 7004۔
(2763)
ایک دوسری روایت میں ہے: " کیا تونے اچھی طرح وضو کر کے نماز نہیں پڑھی؟" اس نے کہا: کیوں نہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ نے تیرا گناہ معاف کردیا ہے۔
" (صحیح مسلم التوبہ حدیث7007(2765)

سیدنا ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "پانچوں نمازیں جمعہ دوسرے جمعے تک اور رمضان دوسرے رمضان تک کے گناہوں کا کفارہ بن جاتے ہیں جبکہ وہ بڑے گناہوں سے اجتناب کرتا رہے۔
(صحیح مسلم الطہارۃ حدیث552۔
(233)

نیکیوں سے برائیاں ختم ہونے کی تین صورتیں ہیں۔

جو شخص نیکیاں بکثرت کرے اس کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔

اس سے برائی کی عادت چھوٹ جاتی ہے۔

جس معاشرے میں نیکی کے کام بکثرت ہو رہے ہوں برائیاں خود بخود وہاں سے رخصت ہو نے لگتی ہیں۔
واللہ اعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4687 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4254 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´توبہ کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک شخص نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر بتایا کہ اس نے ایک عورت کا بوسہ لیا ہے، وہ اس کا کفارہ پوچھنے لگا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کچھ نہیں کہا تو اس پر اللہ عزوجل نے یہ آیت نازل فرمائی: «وأقم الصلاة طرفي النهار وزلفا من الليل إن الحسنات يذهبن السيئات ذلك ذكرى للذاكرين» نماز قائم کرو دن کے دونوں حصوں (صبح و شام) میں اور رات کے ایک حصے میں، بیشک نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں، یہ ذکر کرنے والوں کے لیے ایک نصیحت ہے (سورۃ ہود: ۱۱۴)، اس شخص نے عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا یہ (خاص) میرے لیے ہے؟ تو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4254]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
بعض گناہ دوسرے گناہوں سے چھوٹے بڑے ہوتے ہیں۔
جتنا بڑا گناہ ہوگا اس کی معافی کے لئے اتنی بڑی نیکی کی ضرورت ہے۔

(2)
وہ شخص اپنے گناہ پرنادم تھا۔
اور اس کی معافی کے لئے ہر کفارہ ادا کرنے کوتیارتھا۔
اس وجہ سے وہ گناہ نماز کی برکت سے معاف ہوگیا۔
جو شخص نادم نہ ہو۔
گناہ کو معمولی سمجھے اس کا چھوٹا گناہ بھی بڑا ہوجاتاہے۔

(3)
آیت کے شان نزول سے اس کا مطلب اور مفہوم واضح ہوجاتا ہے لیکن آیت میں مذکور حکم امت کے سب افراد کےلئے ہوتا ہے۔

(4)
گناہ ہوجائے تو فورا کوئی نیکی کرنی چاہیے مثلاً نفل نماز پڑھ کر گناہ کی معافی کی دعا کرے۔
یا صدقہ خیرات کرے یا کوئی اور نیکی کرے جو اس گناہ کی معافی سے مناسبت رکھتی ہو۔
مثلاً ذکر و اذکار، تلاوت اور نفلی روزہ وغیرہ۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4254 سے ماخوذ ہے۔