سنن ترمذي
كتاب الرؤيا عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: خواب کے آداب و احکام
باب مَا جَاءَ فِي رُؤْيَا النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْمِيزَانَ وَالدَّلْوَ باب: نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کا خواب میں ترازو اور ڈول دیکھنے کا بیان۔
حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ عَلِيٍّ الْخَلَّالُ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ، أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ، عَنْ أَيُّوبَ، عَنِ ابْنِ سِيرِينَ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " فِي آخِرِ الزَّمَانِ لَا تَكَادُ رُؤْيَا الْمُؤْمِنِ تَكْذِبُ وَأَصْدَقُهُمْ رُؤْيَا أَصْدَقُهُمْ حَدِيثًا ، وَالرُّؤْيَا ثَلَاثٌ : الْحَسَنَةُ بُشْرَى مِنَ اللَّهِ ، وَالرُّؤْيَا يُحَدِّثُ الرَّجُلُ بِهَا نَفْسَهُ ، وَالرُّؤْيَا تَحْزِينٌ مِنَ الشَّيْطَانِ ، فَإِذَا رَأَى أَحَدُكُمْ رُؤْيَا يَكْرَهُهَا فَلَا يُحَدِّثُ بِهَا أَحَدًا ، وَلْيَقُمْ فَلْيُصَلِّ " . (حديث موقوف) (حديث موقوف) قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ : " يُعْجِبُنِي الْقَيْدُ وَأَكْرَهُ الْغُلَّ ، الْقَيْدُ ثَبَاتٌ فِي الدِّينِ " . (حديث مرفوع) (حديث موقوف) قَالَ : قَالَ : وَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " رُؤْيَا الْمُؤْمِنِ جُزْءٌ مِنْ سِتَّةٍ وَأَرْبَعِينَ جُزْءًا مِنَ النُّبُوَّةِ " ، قَالَ أَبُو عِيسَى : وَقَدْ رَوَى عَبْدُ الْوَهَّابِ الثَّقَفِيُّ هَذَا الْحَدِيثَ عَنْ أَيُّوبَ مَرْفُوعًا ، وَرَوَاهُ حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ ، عَنْ أَيُّوبَ وَوَقَفَهُ .´ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” آخر وقت میں مومن کے خواب کم ہی جھوٹے ہوں گے ، اور خواب ان لوگوں کا سچا ہو گا جن کی باتیں زیادہ سچی ہوں گی ، خواب تین قسم کے ہوتے ہیں : اچھے خواب جو اللہ کی طرف سے بشارت ہوتے ہیں ، وہ خواب جسے انسان دل میں سوچتا رہتا ہے ، اور وہ خواب جو شیطان کی طرف سے ہوتا ہے اور غم کا سبب ہوتا ہے ، لہٰذا جب تم میں سے کوئی ناپسندیدہ خوب دیکھے تو اسے کسی سے بیان نہ کرے ، اسے چاہیئے کہ اٹھ کر نماز پڑھے “ ، ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں : میں خواب میں قید دیکھنا اچھا سمجھتا ہوں اور بیڑی دیکھنا برا سمجھتا ہوں ، قید کی تعبیر ثابت قدمی ہے ، ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں : نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” مومن کا خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : عبدالوہاب ثقفی نے ایوب سے یہ حدیث مرفوعاً روایت کی ہے اور حماد بن زید نے ایوب سے اسے موقوفاً روایت کیا ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
آیت غُلَّتْ أَيْدِيهِمْ میں ہاتھوں کی بیڑیاں مذکور ہیں۔
1۔
قرب قیامت کے وقت مومن انسان کا کوئی غمخوار نہیں ہوگا تو اچھے خوابوں کے ذریعے سے اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
2۔
اس حدیث میں خواب کی تین قسمیں بیان کی گئی ہیں۔
نفسانی خیالات: بیداری کے وقت جو خیالات ذہن میں ہوں وہی خواب میں سامنے آ جاتے ہیں۔
شیطانی خواب: شیطان در اندازی کر کے انسان کو پریشان اور فکر مند کرتا ہے۔
بشارت: اللہ تعالیٰ کی طرف سے بشارت اور خوشخبری ہوتی ہیں اور باعث خیرو برکت قرار دے جاتے ہیں۔
3۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے چند ایک دوسرے خواب ذکر کیے ہیں۔
مثلاً: شیطان کا کھیلنا: جیسا کہ آدمی بے تکے خواب دیکھے کہ اس کا سر کٹا ہوا ہے اور وہ آدمی اس کٹے ہوئے سر کے پیچھے بھاگتا ہے۔
اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے شیطانی کھیل قرار دیا ہے۔
انسانی عادت: انسان روٹی کھاتے کھاتے مر گیا تو حسب عادت وہ خواب میں روٹی کھائے گا یا بھوکا سویا ہے توخواب میں قے کرتا ہوا نظر آئے گا۔
مزاج کا مدد جزر: اگر کوئی شخص خود کو پانی میں تیرتا یا برف دیکھتا ہے تو ایسا بلغم کے اضافے کی وجہ سے ہو گا۔
یعنی اخلاط (بدن کی چار رطوبتیں جو غذا تحلیل ہونے سے پیدا ہوتی ہیں)
کی کمی بیشی بھی خواب پر اثر انداز ہوتی ہے۔
(فتح الباري: 12/509)
4۔
بہر حال خواب میں طوق دیکھنا اچھا نہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اسے اہل جہنم کی صفت قرار دیا ہے اور پاؤں میں بیڑی کو پسند کیا گیا ہے کہ اس سے انسان چل پھر نہیں سکتا۔
گویا نا فرمانی، گناہوں اور باطل سے رک جانےکی طرف اشارہ ہے۔
واللہ أعلم۔
اس سے مراد دن اور رات کا موسم بہار میں تقریبا برابر برابر ہونا ہے، جب کہ انسان کی چاروں خلطیں، خون، بلغم، سودا اور سفراء کے اعتدال و توازن کی وجہ سے طباع میں اعتدال ہوتا ہے تو خواب بھی سچے نظر آتے ہیں۔
1۔
جب وقوع قیامت کا زمانہ قریب آجائے گا، اصحاب علم و فضل بہت کم رہ جائیں گے۔
فتنہ و فساد کے باعث دین کے آثار اور امتیازات مت جائیں گے اور مسلمان دینی معلومات کے محتاج ہوں گے تو ایسے حالات میں سچے خوابوں کے ذریعہ ان کی رہنمائی کی جائے گی۔
2۔
قرب قیامت کی بنا پر جب زمانہ بہت تیزی سے گزرے گا، سال، مہینہ کے برابر محسوس ہو گا اور ماہ، ہفتہ کے برابر ہو گا اور ہفتہ ایک دن کی طرح گزر جائے گا۔
3۔
مہدی علیہ السلام کے نزول کے سبب دنیا میں عدل و انصاف اور امن و سکون برپا ہو گا اور رزق کی فروانی اور خشحالی کی بنا پر، گزرنے والے دنوں کو پتہ ہی نہیں چلے گا۔
4۔
عیسیٰ علیہ السلام کے ساتھ رہنے والے لوگ، جن میں آپس میں پیارو محبت ہو گا، عداوت و نفرت ختم ہو جائے گی اور وہ سچ بولیں گے، ان کے خواب بھی سچے ہوں گے اور ان کا خواب جھوٹا نہیں ہوگا، کیونکہ جب کاد پر نفی داخل ہو تو اس سے مراد بالکلیہ نفی ہوتی ہے کہ یہ نہیں ہوگا، اس لیے لم تکدرؤیا المسلم تکذب کا معنی ہو گا۔
صحیح مسلمانوں کا کوئی خواب جھوٹا نہیں ہوگا، اصدقكم رُويا اصدقكم حديثا تم میں سے سچے خواب انہیں کے ہوں گے، جو سچ بولتے ہوں گے، کیونکہ سچا مسلمان جھوٹ نہیں بولتا، اس لیے اس کا دل روشن ہوتا ہے اور علم و شعور اور آگاہی کا ملکہ صحیح ہوتا ہے، اس لیے اس پر صحیح باتوں کا عکس پڑتا ہے، جھوٹے کا دل فاسد اور سیاہ ہوتا ہے، اس لیے اس پر معانی اور مطالب کا صحیح عکس نہیں پڑتا، اس لیے اس کا خواب بھی عموما پراگندہ خیالی پر مبنی ہوتا ہے، سچے انسان کا خواب بہت کم پراگندہ خیالی کا شکار ہوتا ہے۔
رويا المسلم جزء من خمس واربعين جزأ من النبوة صحیح مسلمان کا خواب نبوت کو پینتالیسواں حصہ ہے، عام روایات کی رو سے چھیالیسواں حصہ ہے، بعض کی رو سے سترھواں حصہ ہے، بعض روایات میں اس سے کم و بیش حصے آئے ہیں اور بقول حافظ ابن حجر رحمُہ اللہ اس میں پندرہ اقوال آئے ہیں، اللہ تعالیٰ کا نبی بہت سی صفات سے متصف ہوتا ہے اور اس کی ایک صفت یہ بھی ہے، اس کو سچے خواب نظر آتے ہیں، جن کے ذریعہ اس کو کس چیز کا قطعی اور یقینی علم دے دیا جاتا ہے اور اب بھی بعض سچے مسلمانوں کو خواب کے ذریعہ صحیح معلومات سے آگاہ کر دیا جاتا ہے، لیکن اس میں قطعیت اور یقین نہیں ہوتا اور خواب دیکھنے والے کے اعتبار سے اس کے اندر یقین ووثوق کی نسبت بدلتی رہتی ہے، اس لیے آپ نے بھی مختلف نسبتیں بیان کی ہیں، لیکن یہ بات طے ہے کسی کے اندر، اگر نبوت کا کوئی وصف کمی و بیشی کے ساتھ پایا جاتا ہے تو وہ نبی نہیں بن جاتا، بعج حیوانوں میں انسان کی بعض صفات پائی جاتی ہیں تو وہ انسان نہیں بن جاتے، جس طرح بعض انسانوں میں حیوانی صفات پائی جاتی ہیں تو وہ حیوان نہیں بن جاتے اور عام طور پر علماء نے چھیالیسویں حصہ کو ترجیح دی ہے، کیونکہ آپ کے تئیس سال دور نبوت سے پہلے، چھ ماہ آپ کو سچے خواب نظر آتے رہے ہیں، پھر وہی کا آغاز ہوا، اس طرح خوابوں کی نسبت چھیالیسواں حصہ ٹھہرے۔
'
ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب زمانہ قریب ہو جائے گا ۱؎ تو مومن کے خواب کم ہی جھوٹے ہوں گے، ان میں سب سے زیادہ سچے خواب والا وہ ہو گا جس کی باتیں زیادہ سچی ہوں گی، مسلمان کا خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے ۲؎ خواب تین قسم کے ہوتے ہیں، بہتر اور اچھے خواب اللہ کی طرف سے بشارت ہوتے ہیں، کچھ خواب شیطان کی طرف سے تکلیف و رنج کا باعث ہوتے ہیں، اور کچھ خواب آدمی کے دل کے خیالات ہوتے ہیں، لہٰذا جب تم میں سے کوئی ایسا خواب دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو کھڑا ہو کر تھوکے اور اسے لوگوں سے نہ بیان کرے "۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الرؤيا/حدیث: 2270]
وضاحت:
1؎:
زمانہ قریب ہو نے کا مطلب تین طرح سے بیان کیا جاتا ہے: پہلا مطلب یہ ہے کہ اس سے مراد قرب قیامت ہے اور اس وقت کا خواب کثرت سے صحیح اورسچ ثابت ہوگا، دوسرا مطلب یہ ہے کہ اس سے مراد دن اور رات کا برابرہونا ہے، تیسرا مطلب یہ ہے کہ اس سے مراد زمانہ کا چھوٹا ہونا ہے یعنی ایک سال ایک ماہ کے برابر، ایک ماہ ہفتہ کے برابراورایک ہفتہ ایک دن کے برابر اور ایک دن ایک گھڑی کے برابرہوگا۔
2؎:
اس کے دومفہوم ہوسکتے ہیں: پہلا مفہوم یہ ہے کہ مومن کا خواب صحیح اورسچ ہوتا ہے، دوسرامفہوم یہ ہے کہ ابتدائی دور میں چھ ما ہ تک آپ کے پاس وحی خواب کی شکل میں آتی تھی، یہ مدت آپ کی نبوت کے کامل مدت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ ہے اس طرح سچاخواب نبوت کے چھیالیس حصوں میں سے ایک حصہ بنتا ہے۔
3؎:
کیونکہ طوق پہننے سے اشارہ قرض داررہنے، کسی کے مظالم کا شکاربننے اورمحکوم علیہ ہونے کی جانب ہوتا ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب زمانہ قریب ہو جائے گا، تو مومن کا خواب جھوٹا نہ ہو گا، اور ان میں سب سے زیادہ سچا خواب اسی کا ہو گا، جو ان میں گفتگو میں سب سے سچا ہو گا، خواب تین طرح کے ہوتے ہیں: بہتر اور اچھے خواب اللہ کی جانب سے خوشخبری ہوتے ہیں اور کچھ خواب شیطان کی طرف سے تکلیف و رنج کا باعث ہوتے ہیں، اور کچھ خواب آدمی کے دل کے خیالات ہوتے ہیں لہٰذا جب تم میں سے کوئی (خواب میں) ناپسندیدہ بات دیکھے تو چاہیئے کہ اٹھ کر نماز پڑھ لے اور اسے لوگوں سے بیان نہ کرے، فرمایا: میں قید (پیر میں بیڑی پہننے) کو (خواب میں)۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5019]
کسی پریشان کن اور بُرےخواب دیکھنے کی صورت میں اس کی نحوست سے بچنے کےلئے انسان کو تعوذ پڑھتے ہوئے اپنی بایئں طرف تھوکنا اور پہلو بھی بدل لینا چاہیے۔
اور سب سے افضل یہ ہے کہ انسان نماز پڑھے۔
اور خواب کسی سے بیان نہ کرے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں خواب میں گلے میں زنجیر اور طوق دیکھنے کو ناپسند کرتا ہوں، اور پاؤں میں بیڑی دیکھنے کو پسند کرتا ہوں، کیونکہ بیڑی کی تعبیر دین میں ثابت قدمی ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب تعبير الرؤيا/حدیث: 3926]
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے اور دیگر محققین نے ضعیف قراردیا ہے۔
اس روایت کی بابت اکثر محققین کی رائے ہے کہ یہ روایت مرفوعاً ضعیف ہے موقوفاً صحیح ہے جیساکہ ہمارے فاضل محقق نے بھی اس طرف اشارہ کیا ہے کہ یہ رسول اللہ ﷺ کا قول نہیں بلکہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا قول ہے۔
مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (ضعیف سن ابن ماجة، رقم: 784 وسنن ابن ماجة بتحقیق الدکتور بشار عواد رقم: 3926)
(2)
حافظ ابن حجر حمة الله عليہ نے امام قرطبی ؒ کا قول نقل فرمایا ہے کہ جس کے پاؤں میں بیڑی ہو وہ ایک جگہ ٹھرا رہتا ہے اس لیے اگر دین دار نیک آدمی خواب میں اپنے پاؤں میں بیڑی دیکھتا ہے تو اس کا مطلب اس کا نیکی اور ہدایت پر قائم رہنا ہی ہوگا۔
اور طوق کا ذکر قرآن میں سزا اور ذلت کے طور پر آیا ہے اس لیے اس سے دین کا نقص گناہ پر اصرار اور کسی حق دار کے حق کی ادائیگی سے گریز یا دنیا کی مشکلات مراد ہوسکتی ہیں۔ دیکھیے: (فتح الباري، التعبير، باب القيد في المنام: 12/ 505)
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب قیامت قریب آ جائے گی تو مومن کے خواب کم ہی جھوٹے ہوں گے، اور جو شخص جتنا ہی بات میں سچا ہو گا اتنا ہی اس کا خواب سچا ہو گا، کیونکہ مومن کا خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب تعبير الرؤيا/حدیث: 3917]
فوائد و مسائل:
(1)
قیامت کے قریب کفر، فسق اور جہالت کا غلبہ ہوگا۔
سچے مومن بہت کم ہونگے۔
ان مومنوں کے خواب سچے ہوں گے۔
(2)
بعض علماء نے اس سے مراد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کا زمانہ لیا ہے البتہ حافظ ابن حجر ؒ نے پہلے قول کو ترجیح دی ہے۔ (فتح الباري: 12/ 508)
نیک آدمی کے خواب زیادہ سچے ہوتے ہیں۔
(3)
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ مذکورہ روایت کا اکثر حصہ صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ہے جیسا کہ تخریج میں ہمارے محقق نے بھی اشارہ کیا ہے، لہٰذا مذکورہ روایت سنداً ضعیف اور معناً صحیح ہے۔
اولیاء اللہ کے بارے میں آیت ﴿لَھُمُ البُشریٰ في الحیوةِ الدُّنیا﴾ میں ان ہی مبشرات کا ذکر ہے۔
جس دن سے خدمت قرآن مجید وبخاری شریف کا کام شروع کیا ہے بہت سے مبشرات اللہ نے خواب میں دکھلائے ہیں۔
1۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مذکورہ حدیث مرض وفات میں بیان فرمائی، چنانچہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرض وفات میں پردہ اٹھایا جبکہ آپ نے بیماری کی وجہ سے اپنا سر باندھ رکھا تھا اور لوگ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اقتدا میں نماز ادا کر رہے تھے، آپ نےفرمایا: ’’لوگو! مبشرات نبوت سے اب صرف اچھے خواب باقی رہ گئے ہیں جنھیں ایک مسلمان دیکھتا ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، الصلاة، حدیث: 1074(479)
اس کا قطعاً مطلب یہ نہیں کہ جسے اچھا خواب آئے اسے نبوت کا کچھ حصہ مل جاتا ہے کیونکہ اس حدیث میں خواب کے معاملے کو نبوت سے تشبیہ دی گئی ہے۔
اگر کوئی شخص أشھد ان لا إلٰه إلا اللہ بآواز بلند کہتا ہے تو اسے مؤذن نہیں کہا جاتا، حالانکہ یہ کلمہ اذان کا جز ہے۔
2۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے مہلب کے حوالے سے لکھا ہے کہ اچھے خواب کو مبشرات سے تعبیر کرنا اغلبیت کی وجہ سے ہے کیونکہ کچھ خواب سچے ہوتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ مومن کو اس لیے دکھاتا ہے کہ وہ مستقبل میں پیش آنے والے حادثے کے لیے خود کو تیار کر کے، یعنی مبشرات کے بجائے منذرات سے ہوتا ہے۔
(فتح الباري: 470/12)
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز فجر سے (سلام پھیر کر) پلٹتے تو پوچھتے: " کیا تم میں سے کسی نے آج رات کوئی خواب دیکھا ہے؟ اور فرماتے: میرے بعد نیک خواب کے سوا نبوت کا کوئی حصہ باقی نہیں رہے گا ۱؎۔" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5017]
قرآن وحدیث سے ثابت ہے کہ خواب ایک حقیقت واقعہ ہے۔
یہ سچے اور جھوٹے دونوں طرح کے ہوتے ہیں۔
سچے خواب اللہ عزوجل کی جانب سے اور جھوٹے شیطان کی طرف سے ہوتے ہیں۔
بلکہ انبیاء رسلﷺ کا تو خاصہ ہے۔
کہ ان کے خواب بالکل سچے اور وحی کی ایک قسم کے ہوتے ہیں۔
اور رسول اللہﷺ کی ابتدائے نبوت خواب ہی سے حاصل ہوئی تھی۔
اور عام مسلمانوں کے خواب جو وہ صحت واعتدال کی کیفیت میں دیکھے وہ بھی بالعموم سچے ہوتے ہیں۔
اور انہی کو نبوت کا چھیالیسواں حصہ قرار دیا گیا ہے۔
البتہ ان کی تعبیر کا معاملہ خفا میں ہوتا ہے۔
کبھی تو کوئی صاحب علم اس کی حقیقت کو سمجھ لیتا ہے۔
اور کبھی اس کی تہ تک پہنچنے میں ناکام رہتا ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مومن کا خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب تعبير الرؤيا/حدیث: 3894]
فوائد و مسائل:
''مومن''کےلفظ سے ظاہر ہوتا ہے۔
کہ کافر کا خواب سچا بھی ہو تو وہ اللہ کی طرف سے عزت افزائی کا باعث نہیں بلکہ وہ ایسے ہی ہے جیسے کافر کو دنیا میں دوسری نعمتیں اورحکومت وغیرہ دے کر آزمایا جاتا ہے۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نیک اور اچھے بندے کو بھی گندے سے گندے خواب آ جاتے ہیں، کیونکہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو یہ واقعہ ضرور پیش آیا ہوگا، تب آپ نے ایسے خوابوں کے بارے میں ارشادات جاری فرمائیں ہوں گے، اور صحابہ سے بڑھ کر کوئی نیک نہیں ہوسکتا۔
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اللہ کو یاد کر نے سے برائی جاتی رہتی ہے، اور اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ برا خواب تعبیر بتانے والے کے علاوہ کسی کو نہیں بتانا چاہیے۔