سنن ترمذي
كتاب الديات عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: دیت و قصاص کے احکام و مسائل
باب مَا جَاءَ فِيمَنْ قُتِلَ دُونَ مَالِهِ فَهُوَ شَهِيدٌ باب: اپنے مال کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جانے والا آدمی شہید ہے۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ , حَدَّثَنَا أَبُو عَامِرٍ الْعَقَدِيُّ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ الْمُطَّلِبِ , عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْحَسَنِ , عَنْ إِبْرَاهِيمَ بْنِ مُحَمَّدِ بْنِ طَلْحَةَ , عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو , عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " مَنْ قُتِلَ دُونَ مَالِهِ فَهُوَ شَهِيدٌ " . قَالَ : وَفِي الْبَاب , عَنْ عَلِيٍّ , وَسَعِيدِ بْنِ زَيْدٍ , وَأَبِي هُرَيْرَةَ , وَابْنِ عُمَرَ , وَابْنِ عَبَّاسٍ , وَجَابِرٍ , قَالَ أَبُو عِيسَى : حَدِيثُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو حَدِيثٌ حَسَنٌ , وَقَدْ رُوِيَ عَنْهُ مِنْ غَيْرِ وَجْهٍ , وَقَدْ رَخَّصَ بَعْضُ أَهْلِ الْعِلْمِ لِلرَّجُلِ أَنْ يُقَاتِلَ عَنْ نَفْسِهِ وَمَالِهِ , وقَالَ ابْنُ الْمُبَارَكِ : يُقَاتِلُ عَنْ مَالِهِ وَلَوْ دِرْهَمَيْنِ .´عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جو اپنے مال کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے وہ شہید ہے “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : ۱- عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہما کی حدیث حسن ہے ، یہ دوسری سندوں سے بھی ان سے مروی ہے
۲- بعض اہل علم نے آدمی کو اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے دفاع کی اجازت دی ہے ، ۳- اس باب میں علی ، سعید بن زید ، ابوہریرہ ، ابن عمر ، ابن عباس اور جابر رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں ، ۴- عبداللہ بن مبارک کہتے ہیں : آدمی اپنے مال کی حفاظت کے لیے دفاع کرے خواہ اس کا مال دو درہم ہی کیوں نہ ہو ۱؎ ۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو اپنے مال کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے وہ شہید ہے۔“ [سنن ترمذي/كتاب الديات/حدیث: 1419]
وضاخت: 1؎:
مفہوم یہ ہے کہ اگر کوئی کسی دوسرے شخص کا ناحق مال لینا چاہتا ہے تو یہ دیکھے بغیر کہ مال کم ہے یا زیادہ مظلوم کو یہ حق حاصل ہے کہ اپنے مال کی حفاظت کے لیے اس کا دفاع کرے، دفاع کرتے وقت غاصب اگر مارا جائے تو دفاع کرنے والے پر قصاص اور دیت میں سے کچھ بھی نہیں ہے اور اگر دفاع کرنے والا مارا جائے تو وہ شہید ہے۔
«. . . عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، قَالَ: سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ:" مَنْ قُتِلَ دُونَ مَالِهِ فَهُوَ شَهِيدٌ . . .»
”. . . عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص اپنے مال کی حفاظت کرتے ہوئے قتل کر دیا گیا وہ شہید ہے . . .“ [صحيح البخاري/كِتَاب الْمَظَالِمِ: 2480]
ایک دوسری روایت میں مال کے ساتھ دین، اہل و عیال اور نفس کا بھی ذکر ہے۔ [صحيح جامع الصغير: 6445، نسائي: 4095، ترمذي: 1421]
اس سے معلوم ہوا کہ اگر کوئی شخص کسی کے مال، جان یا عزت پر حملہ کرے تو اس سے لڑائی کی جا سکتی ہے اور اس دوران اگر اپنا دفاع کرنے والا قتل کر دیا جائے تو وہ شہید ہے اور اگر حملہ کرنے والا مارا جائے تو اس کا خون رائیگاں جائے گا، نہ تو قاتل پر اس کا کوئی گناہ ہو گا اور نہ ہی اس سے قصاص و دیت کا مطالبہ کیا جائے گا۔
آج کل اطراف عالم میں جو صدہا مسلمان ناحق قتل کیے جارہے ہیں۔
وہ سب اس حدیث کی رو سے شہیدوں میں داخل ہیں کیوں کہ وہ محض مسلمان ہونے کے جرم میں قتل کیے جارہے ہیں إنا للہ و إنا إلیه راجعون
امام بخارى ؒ کا مقصد یہ ہے کہ انسان کو اپنا اور اپنے مال کا دفاع کرنا چاہیے کیونکہ اگر قتل ہو گیا تو درجۂ شہادت مل جائے گا اور اگر اس نے قتل کر دیا تو اس پر دیت یا قصاص نہیں، چنانچہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک آدمی آیا اور عرض کرنے لگا: اللہ کے رسول! اگر کوئی چور مجھ سے میرا مال لینا چاہے تو میں کیا کروں؟ آپ نے فرمایا: ’’اسے اپنا مال مت دو۔
‘‘ اس نے کہا: اگر وہ مجھے قتل کرنا چاہے؟ آپ نے فرمایا: ’’اس سے قتال کر۔
‘‘ اس نے کہا: اگر وہ مجھے قتل کر دے؟ فرمایا: ’’تو شہید ہے۔
‘‘ اس نے کہا: اگر میں اسے قتل کر دوں؟ فرمایا: ’’وہ آگ میں ہو گا۔
‘‘ (صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 360(140)
مذکورہ حدیث کتاب المظالم میں اس لیے بیان کی گئی ہے کہ اگر کوئی شخص کسی کے مال پر قبضہ کرنا چاہے تو وہ اپنے مال کا دفاع کر سکتا ہے، خواہ وہ خود ہی کیوں نہ مارا جائے یا اسے قتل ہی کیوں نہ کر دیا جائے۔
واللہ أعلم
عنبسہ بن ابی سفیانؓ، حضرت عبداللہ بن عمروؓ کے باغ سے زبردستی پانی کی گزر گاہ بنانا چاہتے تھے، اس لیے حضرت عبداللہ ؓ اپنے باغ کے تحفظ کے لیے لڑائی کے لیے آمادہ ہوگئے تھے۔
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” ناحق جس کا مال چھینا جائے اور وہ لڑے پھر مارا جائے وہ شہید ہے۔“ (امام نسائی کہتے ہیں:) یہ حدیث غلط ہے، صحیح سعیر بن خمس کی حدیث ہے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب تحريم الدم/حدیث: 4093]
عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو اپنے مال کی حفاظت کرتے ہوئے مظلوم مارا گیا اس کے لیے جنت ہے۔“ [سنن نسائي/كتاب تحريم الدم/حدیث: 4091]
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ” جو اپنا مال بچانے کے لیے لڑا اور مارا گیا تو وہ شہید ہے۔“ [سنن نسائي/كتاب تحريم الدم/حدیث: 4089]