سنن ترمذي
كتاب الأحكام عن رسول الله صلى الله عليه وسلم— کتاب: نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے احکامات اور فیصلے
باب مَا جَاءَ إِذَا حُدَّتِ الْحُدُودُ وَوَقَعَتِ السِّهَامُ فَلاَ شُفْعَةَ باب: جب حد بندی ہو جائے اور حصے تقسیم ہو جائیں تو شفعہ نہیں۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ بْنُ حُمَيْدٍ , أَخْبَرَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ , أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ , عَنْ الزُّهْرِيِّ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ , قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِذَا وَقَعَتِ الْحُدُودُ , وَصُرِّفَتِ الطُّرُقُ , فَلَا شُفْعَةَ " . قَالَ أَبُو عِيسَى : هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ , وَقَدْ رَوَاهُ بَعْضُهُمْ مُرْسَلًا ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَالْعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ بَعْضِ أَهْلِ الْعِلْمِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْهُمْ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ , وَعُثْمَانُ بْنُ عَفَّانَ , وَبِهِ يَقُولُ بَعْضُ فُقَهَاءِ التَّابِعِينَ , مِثْلَ عُمَرَ بْنِ عَبْدِ الْعَزِيزِ , وَغَيْرِهِ , وَهُوَ قَوْلُ : أَهْلِ الْمَدِينَةِ مِنْهُمْ يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ الْأَنْصَارِيُّ , وَرَبِيعَةُ بْنُ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ , وَمَالِكُ بْنُ أَنَسٍ , وَبِهِ يَقُولُ الشَّافِعِيُّ , وَأَحْمَدُ , وَإِسْحَاق : لَا يَرَوْنَ الشُّفْعَةَ إِلَّا لِلْخَلِيطِ , وَلَا يَرَوْنَ لِلْجَارِ شُفْعَةً إِذَا لَمْ يَكُنْ خَلِيطًا , وَقَالَ بَعْضُ أَهْلِ الْعِلْمِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَغَيْرِهِمْ : الشُّفْعَةُ لِلْجَارِ , وَاحْتَجُّوا بِالْحَدِيثِ الْمَرْفُوعِ , عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " جَارُ الدَّارِ أَحَقُّ بِالدَّارِ " ، وَقَالَ : " الْجَارُ أَحَقُّ بِسَقَبِهِ " , وَهُوَ قَوْلُ : الثَّوْرِيِّ , وَابْنِ الْمُبَارَكِ ، وَأَهْلِ الْكُوفَةِ .´جابر بن عبداللہ رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب حد بندی ہو جائے اور راستے الگ الگ کر دیے جائیں تو شفعہ نہیں “ ۱؎ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : ۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے ، ۲- اسے بعض لوگوں نے ابوسلمہ سے اور انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے مرسلاً روایت کیا ہے ، ۳- صحابہ کرام میں سے بعض اہل علم کا جن میں عمر بن خطاب اور عثمان بن عفان بھی شامل ہیں اسی پر عمل ہے اور بعض تابعین فقہاء جیسے عمر بن عبدالعزیز وغیرہ بھی اسی کے قائل ہیں ۔ اور یہی اہل مدینہ کا بھی قول ہے ، جن میں یحییٰ بن سعید انصاری ، ربیعہ بن ابوعبدالرحمٰن اور مالک بن انس شامل ہیں ، شافعی ، احمد اور اسحاق بن راہویہ بھی اسی کے قائل ہیں ، یہ لوگ صرف ساجھی دار کے لیے ہی حق شفعہ کے قائل ہیں ۔ اور جب پڑوسی ساجھی دار نہ ہو تو اس کے لیے حق شفعہ کے قائل نہیں ۔ صحابہ کرام وغیرہم میں سے بعض اہل علم کہتے ہیں کہ پڑوسی کے لیے بھی شفعہ ہے اور ان لوگوں نے مرفوع حدیث سے استدلال کیا ہے جس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ” گھر کا پڑوسی گھر کا زیادہ حقدار ہے ۲؎ “ ، نیز فرماتے ہیں : ” پڑوسی اپنے سے لگی ہوئی زمین یا مکان کا زیادہ حقدار ہے اور یہی ثوری ، ابن مبارک اور اہل کوفہ کا بھی قول ہے ۔
۲؎: جمہور اس حدیث کا جواب یہ دیتے ہیں کہ اس حدیث میں مراد شریک (ساجھی) ہے، مطلق پڑوسی کا تو کبھی راستہ الگ بھی ہوتا ہے، جب کہ راستہ الگ ہو جانے پر حق شفعہ نہیں ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
جابر بن عبداللہ رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جب حد بندی ہو جائے اور راستے الگ الگ کر دیے جائیں تو شفعہ نہیں “ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأحكام/حدیث: 1370]
وضاحت:
1؎:
یہ حدیث اس بات پر دلیل ہے کہ شفعہ صرف اس جائداد میں ہے جو مشترک ملکیت میں ہو، محض پڑوسی ہو نا حق شفعہ کے اثبات کے لیے کافی نہیں، یہی جمہور کا مسلک ہے اور یہی حجت وصواب سے قریب تربھی ہے، حنفیہ نے اس کی مخالفت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ شفعہ جس طرح مشترک جائیداد میں ہے اسی طرح پڑوس کی بنیاد پربھی شفعہ جائزہے، ان کی دلیل حدیث نبوی ’’جار الدار أحق بالدار‘‘ ہے۔
2؎:
جمہوراس حدیث کا جواب یہ دیتے ہیں کہ اس حدیث میں مراد شریک (ساجھی) ہے، مطلق پڑوسی کا تو کبھی راستہ الگ بھی ہوتا ہے، جب کہ راستہ الگ ہوجانے پر حق شفعہ نہیں ہے۔
(1)
اس عنوان میں امام بخاری ؒ نے زمین اور گھروں کے ساتھ عروض کا لفظ بھی شامل کیا ہے،اس کے معنی ہیں: اسباب وسامان وغیرہ۔
جب اس میں دوسرے شریک ہوں تو ان کے ہاتھ بھی فروخت کیا جاسکتا ہے، مثلاً: ایک گھوڑے میں اگر دوشریک ہیں تو ایک شریک کو چاہیے کہ وہ دوسرے شریک کو پیش کش کرے کہ وہ پورا گھوڑا خرید لے۔
اگر وہ ایسا نہ کرے تو جس قیمت میں وہ فروخت ہوا ہے، اس میں سے دوسرے شریک کو حصہ دے۔
(2)
آخر میں امام بخاری ؒ نے الفاظ حدیث کے اختلاف کو بیان کیا ہے، لیکن یہ اختلاف حدیث کے مفہوم پر کسی طرح اثر انداز نہیں ہوتا۔
والله أعلم.
(1)
شفعے کے لغوی معنی’’ ایک چیز کو دوسری چیز سے ملالینے‘‘ کے ہیں۔
چونکہ شفعہ کرنے والا اپنی ملکیت کے ساتھ دوسرے کی ملکیت کو حاصل کرکے ملالیتا ہے، اس لیے اس فعل کو شفعہ کہا جاتا ہے۔
اصطلاحی طور پر شفعے سے مراد مشتری سے اس کی رضامندی کے بغیر خرید کردہ چیز کو اس قیمت پر حاصل کرنا ہے جس قیمت میں مشتری نے اسے اصل مالک سے خریدا تھا۔
(2)
شفعے کے بالترتیب تین اسباب حسب ذیل ہیں: ٭ شرکتِ ملکیت: ایک شخص فروخت کردہ مشفوعہ جائیداد کی ذات میں شریک ہو جیسا کہ دویا دوسے زیادہ آدمی غیر منقسم زمین یا مکان میں شریک ہوں۔
٭ شرکتِ حق: دویا دو سے زیادہ اشخاص فروخت کردہ جائیداد کی ذات کے بجائے اس کے حقوق میں شریک ہوں، مثلاً: حق گزر یا حق سیرابی وغیرہ۔
٭ ہمسائیگی: شفعہ کرنے والے کا مکان فروخت کردہ جائیداد سے متصل ہو۔
(3)
شفعہ خلاف اصل ثابت ہوتا ہے کیونکہ اسے مشتری کی ملک سے چھین کر اس کی رضامندی کے بغیر اسے معاوضہ لینے پر مجبور کیا جاتا ہے، تاہم شریعت نے بعض مصالح کی بنا پر اسے جائز قرار دیا ہے، اس لیے مطلق طور پر اسے جائز نہیں قرار دیا جاسکتا بلکہ اس کے لیے چند ایک شرائط حسب ذیل ہیں: ٭ پیش کردہ حدیث کے مطابق شفعے کےلیے ضروری ہے کہ وہ جائیداد مشترک ہواور اسے تقسیم نہ کیا گیا ہو۔
اگر جائیداد تقسیم ہوجائے اور راستے الگ الگ ہوجائیں تو حق شفعہ ساقط ہوجاتا ہے۔
٭وہ ایسی جائیداد ہو جو فروخت کرنے والے کی ملکیت غیر منقولہ ہو۔
منقولہ جائیداد فروخت کرنے میں کوئی شفعہ نہیں ہوگا، مثلاً: حیوانات، اناج یا پھل وغیرہ۔
٭شفعہ کرنے والے کی وہ جائیداد جس کی وجہ سے اسے شفعے کا حق حاصل ہورہا ہے اس کی اپنی مملوکہ ہو۔
وقف کی اراضی یا حکومت کی جائیداد پر کسی کو شفعے کا حق حاصل نہیں ہوگا۔
٭ شفعے کا حق اس وقت حاصل ہوگا جب کوئی جائیداد بذریعہ عقد بیع قطعی طور پر منتقل کی گئی ہو۔
اس بنا پر ہبہ، وراثت یا صدقے کے ذریعے سے ملنے والی چیز پر شفعہ نہیں ہوگا۔
٭اس کا مطالبہ بھی فوری ہونا چاہیے۔
جب علم ہونے کے بعد خاموشی اختیار کی جائے تو اس سے حق شفعہ ساقط ہوجاتا ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں کہ یہ حدیث اس امر کی دلیل ہے کہ شفعہ ہر مشترکہ جائیداد میں ہے لیکن سیاق حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حق شفعہ صرف زمین کے ساتھ خاص ہے۔
(فتح الباري: 551/4)
صحیح مسلم میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’شفعہ ہر مشترکہ جائیداد میں ہے، مثلاً: زمین، دوکان یا باغ وغیرہ۔
انسان کے لیے جائز نہیں کہ وہ اسے فروخت کرے یہاں تک کہ اس کا شریک اس کی اجازت دے۔
اگر وہ چاہے تو خود رکھ لے، چاہے تو اس سے دست بردار ہوجائے۔
اس کی اجازت کے بغیر اگر اسے فروخت کردیا گیا تو وہ اس کا زیادہ حق دار ہے۔
‘‘ (صحیح مسلم، البیوع، حدیث: 4127(1608)