حدیث نمبر: 1171
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ، عَنْ يَزِيدَ بْنِ أَبِي حَبِيبٍ، عَنْ أَبِي الْخَيْرِ، عَنْ عُقْبَةَ بْنِ عَامِرٍ، أَنَّ ّرَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " إِيَّاكُمْ وَالدُّخُولَ عَلَى النِّسَاءِ " ، فَقَالَ رَجُلٌ مِنْ الْأَنْصَارِ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، أَفَرَأَيْتَ الْحَمْوَ ؟ ، قَالَ : " الْحَمْوُ الْمَوْتُ ". قَالَ : وَفِي الْبَاب ، عَنْ عُمَرَ ، وَجَابِرٍ ، وَعَمْرِو بْنِ الْعَاصِ . قَالَ أَبُو عِيسَى : حَدِيثُ عُقْبَةَ بْنِ عَامِرٍ ، حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ ، وَإِنَّمَا مَعْنَى كَرَاهِيَةِ الدُّخُولِ عَلَى النِّسَاءِ عَلَى نَحْوِ مَا رُوِيَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " لَا يَخْلُوَنَّ رَجُلٌ بِامْرَأَةٍ إِلَّا كَانَ ثَالِثَهُمَا الشَّيْطَانُ " ، وَمَعْنَى قَوْلِهِ الْحَمْوُ يُقَالُ : هُوَ أَخُو الزَّوْجِ كَأَنَّهُ كَرِهَ لَهُ أَنْ يَخْلُوَ بِهَا .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عقبہ بن عامر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” عورتوں کے پاس خلوت ( تنہائی ) میں آنے سے بچو “ ، اس پر انصار کے ایک شخص نے کہا : اللہ کے رسول ! دیور ( شوہر کے بھائی ) کے بارے میں کیا خیال ہے ؟ آپ نے فرمایا : ” دیور موت ہے “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : ۱- عقبہ بن عامر رضی الله عنہ کی حدیث حسن صحیح ہے ، ۲- اس باب میں عمر ، جابر اور عمرو بن العاص رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں ، ۳- عورتوں کے پاس خلوت ( تنہائی ) میں آنے کی حرمت کا مطلب وہی ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے کہ آپ نے فرمایا : ” کوئی شخص کسی عورت کے ساتھ خلوت ( تنہائی ) میں ہوتا ہے تو اس کا تیسرا شیطان ہوتا ہے “ ، ۴- «حمو» شوہر کے بھائی یعنی دیور کو کہتے ہیں ، گویا آپ نے دیور کے بھاوج کے ساتھ تنہائی میں ہونے کو حرام قرار دیا ہے ۔

حوالہ حدیث سنن ترمذي / كتاب الرضاع / حدیث: 1171
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح غاية المرام (181)
تخریج حدیث «صحیح البخاری/النکاح 111 (5232) ، صحیح مسلم/السلام 8 (2172) ( تحفة الأشراف : 9958) مسند احمد (4/149، 153) ، سنن الدارمی/الاستئذان 14 (2684) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5232 | صحيح مسلم: 2172

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5232 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5232. سیدنا عقبہ بن عامر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "خود کو اجنبی عورتوں کے پاس جانے سے دور رکھو۔" ایک انصاری نے دریافت کیا، اللہ کے رسول! دیور جیٹھ کے متعلق آپ کا کیا خیال ہے؟ آپ نے فرمایا: "دیور موت ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5232]
حدیث حاشیہ: حمو سے خاوند کے وہ رشتہ دار مراد ہیں جن کا نکاح اس عورت سے جائز ہے جیسے خاوند کا بھائی، بھتیجا، بھانجا، چچا، چچازاد بھائی، ماموں کا بیٹا وغیرہ جن سے کسی جائز صورت میں اس عورت کا نکاح ہو سکتا ہے لیکن وہ رشتہ دار مراد نہیں ہیں جو محرم ہیں جیسے خاوند کا باپ بیٹا وغیرہ ان کا تنہا ئی میں جانا جائز ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5232 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5232 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5232. سیدنا عقبہ بن عامر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "خود کو اجنبی عورتوں کے پاس جانے سے دور رکھو۔" ایک انصاری نے دریافت کیا، اللہ کے رسول! دیور جیٹھ کے متعلق آپ کا کیا خیال ہے؟ آپ نے فرمایا: "دیور موت ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5232]
حدیث حاشیہ:
(1)
حمو سے مراد وہ رشتے دار ہیں جو اس کے باپ اور بیٹوں کے علاوہ ہوں، یعنی شوہر کے بھائی، بھتیجے، بھانجے اور چچا، ماموں وغیرہ کیونکہ یہ رشتے دار عورت کے محرم نہیں ہیں۔
اگر شوہر فوت ہو جائے یا بیوی کو طلاق مل جائے تو ان کے ساتھ نکاح ہو سکتا ہے۔
(2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان رشتے داروں کو موت قرار دیا ہے کہ عام طور پر ان سے غفلت اور سستی کی جاتی ہے، اس بنا پر خطرناک نتائج سامنے آتے ہیں۔
یہ حضرات خاوند کی عدم موجودگی میں اس کی بیوی سے خلوت کرتے ہیں تو اگر معاملہ بوس و کنار تک محدود ہو تو دین کی ہلاکت اور اگر بدکاری تک نوبت پہنچ جائے تو جان کی ہلاکت ہے۔
اس میں عورت کی بھی ہلاکت ہے کہ شوہر کو پتا چلنے کے بعد وہ اسے طلاق دے دے گا یا غیرت میں آ کر قتل کر دے گا۔
(3)
غور و فکر کرنے سے یہ حدیث مذکورہ بالا دونوں مسائل کے لیے دلیل بن سکتی ہے۔
والله المستعان
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5232 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2172 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم عورتوں کے پاس جانے سے بچو۔‘‘ تو ایک انصاری آدمی نے دریافت کیا، اے اللہ کے رسولﷺ! دیور کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’دیور موت ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5674]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
الحمو: خاوند کا قریبی رشتہ دار، مثلا بھائی، چچازاد، ماموں زاد، بھتیجا، چچا، کیونکہ بقول امام نووی رحمہ اللہ اہل لغت کے نزدیک بالا تفاق، احماء، حمو کی جمع ہے۔
)
سے مراد عورت کے خاوند کے رشتہ دار ہیں، مثلاً اس کا چچا، بھائی، بھتیجا وغیر ہم ہے اور اختان سے مراد، بیوی کے اقارب ہیں اور اصھار کا اطلاق، دونوں کے عزیزواقارب پر ہوتا ہے اور یہاں حمو سے مراد خاوند کے باپ اور بیٹے کے علاوہ عزیزواقارب ہیں، کیونکہ خاوند کا باپ اور بیٹا تو محرم ہیں۔
فوائد ومسائل: حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حمو کو موت قرار دیا ہے، کیونکہ عام طور پر اس کا عورت کے پاس تنہائی میں ملنا بیٹھنا معیوب خیال نہیں کیا جاتا اور اس کی آڑ میں بسا اوقات ان دونوں میں جنسی تعلقات استوار ہو جاتے ہیں، جو انسان یعنی مرد اور عورت کے دین کی موت ہے، اور اگر پتہ چل جائے تو عورت کے لیے رجم کا باعث ہے اور حمو شادی شدہ ہو تو اس کو بھی سنگسار کیا جائے گا اور خاوند غیرت میں آ کر، ان کو قتل بھی کر سکتا ہے، یا وہ بیوی کو طلاق دے دے گا، اس لیے اس سے تنہائی یا خلوت زیادہ خطرناک ہے، اس لیے حمو کی تنہائی کو معمولی خیال نہیں کرنا چاہیے، بدقسمتی سے آج ان ہدایات کو اہمیت نہیں دی جاتی، جس کی بنا پر افسوسناک تعلقات ظہور پذیر ہو رہے ہیں، بھائی، بھائی کی بیوی سے تعلقات استوار کر لیتا ہے، دوست، دوست کی بیوی کو لے اڑتا ہے، اس طرح خاندان تباہ ہو رہے ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5674 سے ماخوذ ہے۔