حدیث نمبر: 1164
حدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ مَنِيعٍ، وَهَنَّادٌ، قَالَا : حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ، عَنْ عَاصِمٍ الْأَحْوَلِ، عَنْ عِيسَى بْنِ حِطَّانَ، عَنْ مُسْلِمِ بْنِ سَلَّامٍ، عَنْ عَلِيِّ بْنِ طَلْقٍ، قَالَ : أَتَى أَعْرَابِيٌّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، الرَّجُلُ مِنَّا يَكُونُ فِي الْفَلَاةِ فَتَكُونُ مِنْهُ الرُّوَيْحَةُ ، وَيَكُونُ فِي الْمَاءِ قِلَّةٌ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِذَا فَسَا أَحَدُكُمْ فَلْيَتَوَضَّأْ ، وَلَا تَأْتُوا النِّسَاءَ فِي أَعْجَازِهِنَّ ، فَإِنَّ اللَّهَ لَا يَسْتَحْيِي مِنَ الْحَقِّ " . قَالَ : وَفِي الْبَاب ، عَنْ عُمَرَ ، وَخُزَيْمَةَ بْنِ ثَابِتٍ ، وَابْنِ عَبَّاسٍ ، وَأَبِي هُرَيْرَةَ . قَالَ أَبُو عِيسَى : حَدِيثُ عَلِيِّ بْنِ طَلْقٍ حَدِيثٌ حَسَنٌ ، وسَمِعْت مُحَمَّدًا ، يَقُولُ : لَا أَعْرِفُ لِعَلِيِّ بْنِ طَلْقٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، غَيْرَ هَذَا الْحَدِيثِ الْوَاحِدِ ، وَلَا أَعْرِفُ هَذَا الْحَدِيثَ ، مِنْ حَدِيثِ طَلْقِ بْنِ عَلِيٍّ السُّحَيْمِيِّ ، وَكَأَنَّهُ رَأَى أَنَّ هَذَا رَجُلٌ آخَرُ ، مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´علی بن طلق رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ` ایک اعرابی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر کہا : اللہ کے رسول ! ہم میں ایک شخص صحرا ( بیابان ) میں ہوتا ہے ، اور اس کو ہوا خارج ہو جاتی ہے ( اور وضو ٹوٹ جاتا ہے ) اور پانی کی قلت بھی ہوتی ہے ( تو وہ کیا کرے ؟ ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم میں سے کسی کی جب ہوا خارج ہو جائے تو چاہیئے کہ وہ وضو کرے ، اور عورتوں کی دبر میں صحبت نہ کرو ، اللہ تعالیٰ حق بات سے نہیں شرماتا “ ۔
امام ترمذی کہتے ہیں : ۱- علی بن طلق کی حدیث حسن ہے ، ۲- اور میں نے محمد بن اسماعیل بخاری کو کہتے سنا کہ سوائے اس ایک حدیث کے علی بن طلق کی کوئی اور حدیث مجھے نہیں معلوم ، جسے انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہو ، اور طلق بن علی سحیمی کی روایت سے میں یہ حدیث نہیں جانتا ۔ گویا ان کی رائے یہ ہے کہ یہ صحابہ میں سے کوئی اور آدمی ہیں ، ۳- اس باب میں عمر ، خزیمہ بن ثابت ، ابن عباس اور ابوہریرہ رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں ۔

حوالہ حدیث سنن ترمذي / كتاب الرضاع / حدیث: 1164
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: // ضعيف الجامع الصغير (607) ، المشكاة (314 و 1006) ، ضعيف أبي داود (35 / 205) //
تخریج حدیث «سنن ابی داود/ الطہارة 82 (205) ، والصلاة 193 (1005) ، سنن الدارمی/الطہارة 114 (1181) (ضعیف) (اس کے دو راوی عیسیٰ بن حطان اور ان کے شیخ مسلم بن سلام الحنفی دونوں کے بارے میں ابن حجر نے کہا ہے کہ مقبول ہیں، یعنی جب ان کا کوئی متابع یا شاہد ہو، لیکن یہاں کوئی چیز ان کو تقویت پہنچانے والی نہیں ہے اس واسطے دونوں لین الحدیث ہیں، اس لیے حدیث ضعیف ہے، نیز ملاحظہ ہو: تراجع الالبانی 353)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 205 | سنن ابي داود: 1005 | بلوغ المرام: 160 | سنن ترمذي: 1166

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی
´عورتوں کی دبر میں صحبت کرنے کی حرمت کا بیان۔`
علی بن طلق رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ ایک اعرابی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر کہا: اللہ کے رسول! ہم میں ایک شخص صحرا (بیابان) میں ہوتا ہے، اور اس کو ہوا خارج ہو جاتی ہے (اور وضو ٹوٹ جاتا ہے) اور پانی کی قلت بھی ہوتی ہے (تو وہ کیا کرے؟) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کسی کی جب ہوا خارج ہو جائے تو چاہیئے کہ وہ وضو کرے، اور عورتوں کی دبر میں صحبت نہ کرو، اللہ تعالیٰ حق بات سے نہیں شرماتا۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الرضاع/حدیث: 1164]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(اس کے دوراوی عیسیٰ بن حطان اور ان کے شیخ مسلم بن سلام الحنفی دونوں کے بارے میں ابن حجر نے کہا ہے کہ مقبول ہیں، یعنی جب ان کا کوئی متابع یا شاہد ہو، لیکن یہاں کوئی چیز ان کو تقویت پہنچانے والی نہیں ہے اس واسطے دونوں لین الحدیث ہیں، اس لیے حدیث ضعیف ہے،) نیز ملاحظہ ہو:  (تراجع الالبانی 353)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1164 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1005 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´وضو ٹوٹ جانے پر دوبارہ نماز ادا کرنے کا بیان۔`
علی بن طلق رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کو دوران نماز بغیر آواز کے ہوا خارج ہو تو وہ (نماز) چھوڑ کر چلا جائے اور وضو کرے اور نماز دہرائے ۱؎۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 1005]
1005۔ اردو حاشیہ:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ہوا خارج ہونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ ہوا کا خروج آواز کے ساتھ ہو یا بے آواز دونوں طرح سے مسئلہ اسی طرح ہے۔
➋ یہ بھی معلوم ہوا کہ اگر دوران نماز وضو ٹوٹ جائے تو دوبارہ وضو کر کے نماز دہرانی پڑے گی نہ کہ بنا کی جائے گی۔ کیونکہ حدیث شریف کے واضح الفاظ ہیں۔ «وليعد صلوته» کہ ایسے شخص کو اپنی نماز دہرانی چاہیے۔
➌ شیخ البانی رحمہ اللہ اور دیگر اکثر محققین کے نزدیک یہ روایت ضعیف ہے۔ لیکن جس طرح بے وضو آدمی کی نماز مقبول نہیں (صحیح بخاری حدیث 6954 میں ہے۔) اسی طرح دوران نماز میں بے وضو ہو جانے کی صورت میں بھی اس کی نماز ٹوٹ جائے گی۔ اور اسے نئے سرے سے نماز پڑھنی پڑے گی اور اس کی دلیل بھی صحیح بخاری کی مذکورہ حدیث ہی ہو گی۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1005 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 160 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´نماز میں جس کا وضو ٹوٹ جائے اسے ازسر نو دوبارہ نماز پڑھنا واجب ہے`
«. . . عن علي بن طلق رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: إذا فسا احدكم في الصلاة فلينصرف وليتوضا وليعد الصلاة . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دوران نماز جب تم میں سے کسی کی ہوا خارج ہو جائے تو وہ واپس جائے، ازسرنو (دوبارہ سے) وضو کرے اور نماز دوبارہ پڑھے . . . [بلوغ المرام/كتاب الصلاة: 160]
لغوی تشریح:
«بَابُ شُرُوطِ الصَّلَاةِ» شرط اسے کہتے ہیں جو اصل چیز سے خارج ہو لیکن اس کے لیے اس طرح لازمی اور ضروری ہو کہ اس کے نہ ہونے سے اس چیز کا وجود بھی ناپید ہو جائے، یعنی اس چیز کا ہونا اس شرط کے ساتھ لازم ہو۔ بالفاظ دیگر شرط اس کام کو کہتے ہیں کہ جس کے نہ ہونے سے شرط والا کام بھی نہ ہو۔ «اذا فات الشرط فات المشروط» جب شرط نہ رہے تو مشروط بھی معدوم ہو جاتا ہے۔
«فَسَا» «فسو» سے ماضی کا صیغہ ہے۔ مراد ہے مقعد سے بغیر آواز کے خارج ہونے والی ہوا۔
«وَلْيُعِدْ الصَّلَاةَ» «وَلْيُعِدْ» اعادہ سے ماخوذ ہے جس کے معنی ہیں: لوٹانا، دوبارہ ادا کرنا۔ اس سے یہ معلوم ہوا کہ نماز میں جس کا وضو ٹوٹ جائے اسے ازسر نو دوبارہ نماز پڑھنا واجب ہے۔ پہلی نماز پر بنا کسی صورت بھی صحیح نہیں۔ یہ اس حدیث کے معارض ہے جو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے نواقض وضو کے باب میں پہلے گزر چکی ہے جس میں مذکور ہے کہ حالت نماز میں بے وضو ہو جانے والا آدمی نیا وضو کرے اور اپنی نماز پر بنا کرے۔ چونکہ وہ حدیث ضعیف ہے، لہٰذا اس حدیث کا باب مذکور کی حدیث سے مقابلہ نہیں ہو سکتا، لہٰذا صحیح بات یہی ہے کہ نماز نئے سرے سے پڑھی جائے۔
راوئ حدیث:
(سیدنا علی بن طلق رضی اللہ عنہ) پورا نام علی بن طلق (طا پر فتحہ اور لام ساکن ہے) بن منذر بن قیس سحیمی یمامی حنفی ہے، بنو حنیفہ کی طرف نسبت کی وجہ سے حنفی ہیں۔ صحابی ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ طلق بن علی رضی اللہ عنہ کے والد ہیں اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ دونوں ایک ہی شخص کے نام ہیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 160 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1166 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´عورتوں کی دبر میں صحبت کرنے کی حرمت کا بیان۔`
علی بن طلق رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی ہوا خارج کرے تو چاہیئے کہ وضو کرے اور تم عورتوں کی دبر میں صحبت نہ کرو۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الرضاع/حدیث: 1166]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(اس میں مسلم بن سلام ضعیف راوی ہے)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1166 سے ماخوذ ہے۔