حدیث نمبر: 3986
- " أطفال المسلمين في جبل في الجنة يكفلهم إبراهيم وسارة حتى يدفعونهم إلى آبائهم يوم القيامة ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”مسلمانوں کے بچے جنت کے ایک پہاڑ میں رہتے ہیں ، سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور سیدہ سارہ علیہا السلام ان کی کفالت کرتے ہیں ، روز قیامت انہیں ان کے آباء کے حوالے کر دیں گے ۔“
حدیث نمبر: 3987
- " ذراري المسلمين في الجنة تكفلهم إبراهيم صلى الله عليه وسلم ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”مسلمانوں کے ( نابالغ ) بچے جنت میں ہیں ، سیدنا ابراہیم علیہ السلام ان کی کفالت کرتے ہیں ۔“
حدیث نمبر: 3988
- " صغارهم دعاميص الجنة، يتلقى أحدهم أباه ـ أو قال: أبويه ـ فيأخذ بثوبه ـ أو قال بيده ـ كما آخذ أنا بصنفة ثوبك هذا فلا يتناهى ـ أو قال: فلا ينتهي ـ حتى يدخله الله وإياه الجنة ".
حافظ محفوظ احمد
ابوحسان کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو بتایا کہ میرے دو بیٹے فوت ہو گئے ہیں ، کیا آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی ایسی حدیث بیان کر سکتے ہیں ، جس سے ہمیں اپنے فوت شدگان کے بارے میں صبر و تسلی ہو جائے ؟ انہوں نے کہا : جی ہاں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”( مومنوں کے ) چھوٹے بچے جنت کے کیڑے ہوں گے ( یعنی بے روک ٹوک جنت میں آتے جاتے رہیں گے ) ۔ ایسا بچہ اپنے باپ یا اپنے والدین سے ملاقات کرے گا ، اس کا ہاتھ پکڑ لے گا ، جس طرح میں نے تیرے کپڑے کا کنارہ پکڑ لیا ہے ۔ اور اسے نہیں چھوڑے گا ، حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ اسے اور اس کے باپ دونوں کو جنت میں داخل کر دے گا ۔
حدیث نمبر: 3989
- " أطفال المشركين هم خدم أهل الجنة ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا ابومالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مشرکین کے بچوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”وہ جنتیوں کے خادم ہوں گے ۔“