حدیث نمبر: 3369
- " أفضل الساعات جوف الليل الآخر ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا عمرو بن عبسہ رضی اللہ عنہ ، کہتے ہیں : میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا : اے اللہ کے رسول ! کس کس نے اس دین کے معاملے میں آپ کی اطاعت کی ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ایک آزاد نے اور ایک غلام نے ۔“ میں نے کہا : اسلام کسے کہتے ہیں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”پاکیزہ کلام کرنا اور لوگوں کو کھانا کھلانا ( اسلام ہے ) ۔“ میں نے کہا : ایمان کیا ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”صبر کرنا اور نرم روی اختیار کرنا ( ایمان ہے ) ۔ “ میں نے کہا : کون سا اسلام افضل ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ( وہ صاحب اسلام سب سے افضل ہے ) جس کی زبان اور ہاتھ ( کے شر ) سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں ۔“ میں نے کہا : کون سا ایمان افضل ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”حسن اخلاق ۔“ میں نے کہا : کون سی نماز افضل ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”لمبے قیام والی ۔“ میں نے کہا کون سی ہجرت افضل ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”رب کی ناپسندیدہ چیزیں ترک کر دینا ۔“ میں نے کہا : کون سا جہاد افصل ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ( وہ مجاہد افضل ہے ) جس کے گھوڑے کی کونچیں کاٹ دی جائیں اور اس کا خون بہا دیا جائے ۔“ میں نے کہا : کون سا وقت افضل ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”رات کا آخری حصہ ( یا آخری رات کا درمیانہ حصہ ) ۔“