حدیث نمبر: 2560
- " ما من مسلم يفعل خصلة من هؤلاء إلا أخذت بيده حتى تدخله الجنة ".
حافظ محفوظ احمد
مالک بن مرثد اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں ، وہ کہتے ہیں : سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں : میں نے کہا کہ اے اللہ کے رسول ! کون سی چیز بندے کو آگ سے نجات دلاتی ہے ؟ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: ”الله پر ایمان لانا ۔“ میں نے کہا : اے الله کے نبی! کیا ایمان کے ساتھ عمل بھی ضروری ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”الله تعالی نے اسے جو رزق عطا کیا ہے ، وه اس میں سے خرچ کرے ۔“ میں نے کہا ! اے اللہ کے رسول ! اگر وہ فقیر ہو اور اس کے پاس کوئی ایسی چیز نہ ہو جو ( اللہ تعالیٰ کے راستے میں ) دے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”تو پھر وہ نیکی کا حکم دے اور برائی سے منع کرے ۔“ میں نے کہا : اے اللہ کے رسول ! اگر وہ ایسا کرنے سے بھی عاجز ہو اور نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کی طاقت نہ رکھتا ہو ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”کسی بےہنر ( اور جاہل ) کو کوئی ہنر سکھا دے ۔“ میں نے کہا : اگر وہ خود بےہنر ہو اور کچھ بھی کرنے کی طاقت نہ رکھتا ہو ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”تو پھر کسی مغلوب ( اور مظلوم ) کی مدد کر دیا کرے ۔“ میں نے کہا : اگر وہ خود ضعیف ہو اور مظلوم کی مدد کرنے کی طاقت نہ رکھتا ہو ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”تو تو اپنے بھائی میں کوئی خیر و بھلائی چھوڑنا ہی نہیں چاہتا ۔ ( ایسے ضعیف آدمی کو چاہیئے کہ ) وہ لوگوں کو تکلیف نہ پہنچنے دے ۔“ میں نے کہا : اے اللہ کے رسول ! جب کوئی آدمی یہ عمل کرے گا تو وہ جنت میں داخل ہو جائے گا ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جو مسلمان بھی ان خصلتوں میں سے کسی خصلت پر عمل کرے گا تو وہ خصلت اس کا ہاتھ پکڑے رکھے گی ، حتی کہ اس کو جنت میں داخل کر دے گی ۔“