حدیث نمبر: 2430
- " إذا أراد الله عز وجل بأهل بيت خيرا أدخل عليهم الرفق ".
حافظ محفوظ احمد
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جب اللہ تعالیٰ کسی اہل بیت کے ساتھ خیر و بھلائی کا ارادہ کرتا ہے تو ان کو نرمی عطا کر دیتا ہے ۔“
حدیث نمبر: 2431
- " اسمح يسمح لك ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”تو نرمی کر تاکہ تیرے ساتھ بھی نرمی کی جائے ۔“
حدیث نمبر: 2432
- " ألا أخبركم بمن يحرم على النار أو بمن تحرم عليه النار؟ على كل قريب هين سهل ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”کیا میں تم کو ایسے شخص کے بارے میں نہ بتلاؤں ، جو آگ پر حرام ہو یا آگ جس پر حرام ہو ؟ جو ہر دلعزیز ، نرمی کرنے والا اور آسانی کرنے والا ہو ۔“
حدیث نمبر: 2433
- " إنه من أعطي حظه من الرفق، فقد أعطي حظه من خير الدنيا والآخرة وصلة الرحم وحسن الخلق وحسن الجوار يعمران الديار ويزيدان في الأعمار ".
حافظ محفوظ احمد
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو فرمایا : ”جس کو نرمی عطا کی گئی ، اس کو دنیا و آخرت کی خیر و بھلائی سے نواز دیا گیا اور صلہ رحمی ، حسن اخلاق اور پڑوسی سے اچھا سلوک ( جیسے امور خیر ) گھروں ( اور قبیلوں ) کو آباد کرتے ہیں اور عمروں میں اضافہ کرتے ہیں ۔“
حدیث نمبر: 2434
- " كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يبدو إلى هذه التلاع وإنه أراد البداوة مرة، فأرسل إلى ناقة محرمة من إبل الصدقة فقال لي: يا عائشة ارفقي، فإن الرفق لم يكن في شيء قط إلا زانه ولا نزع من شيء قط إلا شانه ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا مقدام بن شریح رضی اللہ عنہ اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں ، وہ کہتے ہیں : میں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے صحرائی زندگی کے بارے میں سوال کیا ۔ انہوں نے کہا : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان ٹیلوں پر جایا کرتے تھے ، ایک دفعہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحرائی زندگی کا ارادہ کیا تو میری طرف صدقہ کے اونٹوں میں سے ایک اونٹنی ، جس پر ابھی تک سواری نہیں کی گئی تھی ، بھیجی اور فرمایا : ”عائشہ ! نرمی کرنا ، کیونکہ جس چیز میں بھی نرمی ہوتی ہے ، وہ اس کو مزین کر دیتی ہے اور جس چیز سے نرمی چھین لی جائے ، وہ اس کو عیب دار بنا دیتی ہے ۔“
حدیث نمبر: 2435
- " ما أعطي أهل بيت الرفق إلا نفعهم ولا منعوه إلا ضرهم ".
حافظ محفوظ احمد
سیدنا عبیداللہ بن معمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جس گھرانے کو نرمی عطا کر دی جائے تو وہ ان کو فائدہ دے گی اور جس کو ( نرمی ) نہ دی جائے تو ( سختی ) ان کو نقصان دے گی ۔“
حدیث نمبر: 2436
- " يا عائشة ارفقي، فإن الله إذا أراد بأهل بيت خيرا دلهم على باب الرفق ".
حافظ محفوظ احمد
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں فرمایا : ”عائشہ ! نرمی کیا کرو ، کیونکہ جب اللہ تعالیٰ کسی گھر والوں کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرتے ہیں تو نرمی کے دروازے کی طرف ان کی رہنمائی کر دیتے ہیں ۔“