کتب حدیثسلسله احاديث صحيحهابوابباب: کسی مقصد کے پیش نظر بیویوں سے اعراض کرنا
حدیث نمبر: 1511
- (كذلك سَوْقُكَ بالقوارير، يعني النساء. قاله - صلى الله عليه وسلم - في حجة الوداع) .
حافظ محفوظ احمد
سیدہ صفیہ بنت حیی رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیویوں کی ساتھ حج کیا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کہیں راستہ میں تھے کہ ایک آدمی اترا ، اور عورتوں کی سواریوں کو تیز تیز چلانے لگا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اس طرح شیشوں ( عورتوں ) کو لے کر چلتے ہیں ؟ “ سو وہ چل رہے تھے کہ سیدہ صفیہ بنت حیی رضی اللہ عنہا کا اونٹ بیٹھ گیا ، حالانکہ ان کی سواری سب سے اچھی تھی ، وہ رونے لگیں ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پتہ چلا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور اپنے ہاتھ سے ان کے آنسو پونچھنے لگ گئے ، وہ اور زیادہ رونے لگیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو منع کرتے رہے ۔ جب وہ بہت زیادہ رونے لگ گئیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو ڈانٹ ڈپٹ کی اور لوگوں کو اترنے کا حکم دے دیا ، سو وہ اتر گئے ، اگرچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اترنے کا ارادہ نہیں تھا ۔ وہ کہتی ہیں : صحابہ اکرام اتر پڑے اور اس دن میری باری تھی ۔ جب صحابہ اترے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا خیمہ نصب کیا گیا ، آپ اس میں داخل ہو گئے ۔ وہ کہتی ہیں : یہ بات میری سمجھ میں نہ آ سکی کہ میں کیسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گھس جاؤں اور مجھے یہ ڈر بھی تھا کہ ممکن ہے کہ ) آپ کے دل میں میرے بارے میں کوئی ناراضی ہو ۔ وہ کہتی ہیں : میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گئی اور ان سے کہا : تم جانتی ہو کہ میں کسی چیز کے عوض اپنے دن کا سودا نہیں کروں گی ، لیکن میں تجھے اپنی باری کا دن اس شرط پر ہبہ کرتی ہوں کہ تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مجھ سے راضی کروا دو ۔ انہوں نے کہا : ٹھیک ہے ۔ اب وہ کہتی ہیں : سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے زعفران میں رنگی ہوئی چادر لی اور اس پر پانی چھڑکا تاکہ اس کی خوشبو تروتازہ ہو جائے ، پھر اپنے کپڑے زیب تن کیے ، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف چلی گئیں اور ( جا کر ) خیمہ کا ایک کنارہ اٹھایا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا : ” اے عائشہ ! تجھے کیا ہوا ؟ یہ دن تیرا تو نہیں ہے ۔ “ انہوں نے کہا : یہ اللہ کا فضل ہے ، وہ جسے چاہتا ہے ، عطا کرتا ہے ۔ آپ اپنی اہلیہ کے پاس ہی ٹھرے رہے ۔ جب شام ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا سے فرمایا : ” اے زینب ! اپنی بہن صفیہ کو ایک اونٹ مستعار دے دو ۔ “ کیونکہ ان کے پاس سواریاں زیادہ تھیں ۔ زینب نے کہا : کیا میں آپ کی یہودیہ کو مستعار دے دوں ؟ یہ بات سن کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے ناراض ہو گئے اور اس سے بولنا ترک کر دیا اور اس سے کوئی بات نہ کی ، حتی کہ مکہ پہنچ گئے ، پھر منی والے دن ( بیت گئے ) یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ واپس آ گئے اور محرم اور صفر کے ( دو ماہ ) بھی گزر گئے ، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نہ زینب کے پاس گئے اور نہ ہی اس کے لیے کوئی باری مقرر کی ۔ وہ بھی آپ سے ناامید ہو گئی ۔ جب ربیع الاول کا مہینہ تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس گئے ۔ زینب نے آپ کا سایہ دیکھا اور کہا : یہ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سایہ ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو میرے پاس آتے ہی نہیں ، سو یہ ( سائے والا ) کون ہو سکتا ہے ؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ان کے داخل ہوئے ، جب زینب نے آپ کو دیکھا تو کہا : اے اللہ کے رسول ! آپ کے آنے سے ( مجھے اتنی خوشی ہوئی ہے ) کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میں کیا کروں ۔ وہ کہتی ہیں : ان کی ایک لونڈی تھی ، جس کو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے چھپا کر رکھتی تھیں ۔ پھر اس نے کہا : فلاں لونڈی آپ کے لیے ہے ۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سیدہ زینب کی چارپائی کی طرف گئے ، اسے اٹھا لیا گیا تھا ، آپ نے اس کو اپنے ہاتھ سے بچھایا ، پھر اپنی اہلیہ سے مباشرت کی اور ان سے راضی ہوئے ۔
حوالہ حدیث سلسله احاديث صحيحه / الزواج ، والعدل بين الزوجات وتربية الاولاد والعدل بينهم وتحسين اسمائهم / حدیث: 1511