حدیث نمبر: 510
- (إذا راحَ أحدُكم إلى الجُمعةِ؛ فليغتسل) .
حافظ محفوظ احمد
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ جمعہ کے دن خطبہ دے رہے تھے ، ایک آدمی (اور ایک روایت کے مطابق سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ ) مسجد میں داخل ہوئے ، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے پوچھا: تم لوگ نماز کے معاملے میں تاخیر کیوں کرتے ہو ؟ انہوں نے کہا: میں نے جونہی اذان سنی تو وضو کر کے آ گیا ۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: کیا آپ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث نہیں سنی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ”جب تم میں سے کوئی جمعہ کے لیے (مسجد میں) آئے تو غسل کرے ۔ “
حدیث نمبر: 511
- (اغتسلُوا يوم الجمعة، واغسلُوا رؤوسَكُم، وإن لم تكونوا جنُباً) .
حافظ محفوظ احمد
طاؤس یمانی کہتے ہیں : میں نے سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے پوچھا کہ لوگ اس قسم کی بات کر رہے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا : ”جمعہ کے دن غسل کیا کرو اور سروں کو بھی (اچھی طرح) دھویا کرو ، اگرچہ تم جنابت کی حالت میں نہ ہو اور خوشبو بھی لگایا کرو ۔ “ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: خوشبو کا تو مجھے علم نہیں ، البتہ غسل کے بارے میں یہی بات ہے ۔
حدیث نمبر: 512
- " ثلاث حق على كل مسلم: الغسل يوم الجمعة والسواك ويمس من طيب إن وجد ".
حافظ محفوظ احمد
ایک انصاری صحابی سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا : ”یہ تین چیزیں ہر مسلمان پر حق ہیں : جمعہ کے روز غسل کرنا ، مسواک کرنا اور خوشبو لگانا ، بشرطیکہ دستیاب ہو ۔ “