شعب الایمان — حدیث نمبر 9823

باب: ایمان کی شاخوں میں سے اکہترویں شاخ: زہد اور امیدیں کم رکھنے کا باب۔

الحادي والسبعون من شعب الإيمان وهو باب في الزهد وقصر الأمل

حدیث نمبر: 9823
وَأَخْبَرَنَا أَبُو مُحَمَّدِ بْنُ يُوسُفَ الْأَصْبَهَانِيُّ ، أَخْبَرَنَا أَبُو سَعِيدِ بْنُ الْأَعْرَابِيِّ ، حَدَّثَنَا عَبَّاسٌ التَّرْقُفِيُّ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَمْرِو ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي سَعِيدٍ ، عَنْ عُبَيْدٍ سَنُوطَا ، قَالَ : دَخَلْنَا عَلَى أُمِّ مُحَمَّدٍ الَّتِي كَانَتْ عِنْدَ حَمْزَةَ بْنِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ ، فَدَخَلَ عَلَيْهَا زَوْجُهَا حَنْظَلَةُ الزُّرَقِيُّ ، فَقَالَ : يَا أُمَّ مُحَمَّدٍ اتَّقِي اللَّهَ وَانْظُرِي مَا تُحَدِّثِينَ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَتْ : دَخَلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى حَمْزَةَ بَيْتَهُ فَذَكَرُوا الدُّنْيَا وَالْأَمَانِيَّ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "إِنَّ الدُّنْيَا حُلْوَةٌ خَضِرَةٌ نَضِرَةٌ مَنْ أَخَذَهَا بِحَقِّهَا بَارَكَ اللَّهُ لَهُ فِيهَا ، وَرُبَّ مُتَخَوِّضٍ فِي مَالِ اللَّهِ وَرَسُولِهِ فِيمَا اشْتَهَتْ نَفْسُهُ لَهُ النَّارُ يَوْمُ الْقِيَامَةِ " .
وَرَوَاهُ ابْنُ كَثِيرِ بْنِ أَفْلَحَ عَنْ عُبَيْدٍ سَنُوطَا عَنْ خَوْلَةَ بِنْتِ قَيْسٍ .
ترجمہ

عبید سنوطا رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ہم ام محمد کے پاس گئے، جو سیدنا حمزہ بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ کے نکاح میں رہی تھیں، پھر ان کے شوہر حنظلہ زرقی ان کے پاس آئے اور کہا: ”اے ام محمد! اللہ سے ڈرو اور دیکھو کہ رسول اللہ ﷺ سے کیا بیان کرتی ہو۔“ تو انہوں نے کہا: ”رسول اللہ ﷺ سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ کے گھر تشریف لائے، تو لوگوں نے دنیا اور آرزوؤں کا ذکر کیا، اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک دنیا شیریں، سرسبز اور تروتازہ ہے، جس نے اسے حق کے ساتھ لیا اللہ اس کے لیے اس میں برکت دے گا، اور کتنے ہی لوگ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے مال میں اپنی خواہش کے مطابق ناحق تصرف کرنے والے ہیں، ان کے لیے قیامت کے دن آگ ہے۔“
اور ابن کثیر بن افلح نے اسے عبید سنوطا رحمہ اللہ سے، انہوں نے سیدہ خولہ بنت قیس رضی اللہ عنہا سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الحادي والسبعون من شعب الايمان وهو باب في الزهد وقصر الامل / حدیث: 9823
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 10304
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، الصحيحة (1592) ، المشكاة (4017 / التحقيق الثانى) (سنن الترمذي 2374) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (4017) (سنن الترمذي 2374) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: حسن
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: حسن (شعب الإيمان ط الرشد: 12/ 519) . »
«أخرجه الترمذي فى (الزهد) 4/ 587 رقم 2374، وأحمد فى (مسنده) 6/ 378، 6/ 364، 410، والطبراني فى (الكبير) 24/ 228 رقم 578، والحميدي فى (مسنده) 1/ 171، وابن أبي شيبة فى (مصنفه) 13/ 242، وعبد الرزاق فى (مصنفه) 4/ 59 رقم 6962، وابن أبي عاصم فى (الزهد) رقم 152، وأبو نعيم فى (الحلية) 7/ 311»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2374 | مسند الحميدي: 356
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• محمد بن عمرو هو ابن علقمة بن وقاص الليثي المدني صدوق له أوهام.
• سعيدا ن أبي سعيد هو المقبري.
• عبيد هو سنوطا ويقال: ابن سنوطا أبو الوليد المدني، وثقه العجلي، من الثالثة (ت).
• أم محمد هي خولة بنت قيس بن فهد الأنصارية زوج حمزة بن عبد المطلب.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2374 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´حلال اور جائز طریقہ سے مال و دولت حاصل کرنے کا بیان۔`
حمزہ بن عبدالمطلب کی بیوی خولہ بنت قیس رضی الله عنہما کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: " یہ مال سرسبز اور میٹھا ہے ۱؎ جس نے اسے حلال طریقے سے حاصل کیا اس کے لیے اس میں برکت ہو گی اور کتنے ایسے ہیں جو اللہ اور اس کے رسول کے مال کو حرام و ناجائز طریقہ سے حاصل کرنے والے ہیں ان کے لیے قیامت کے دن جہنم کی آگ تیار ہے۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2374]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
مال سے مراد دنیاہے، یعنی دنیا بے انتہا میٹھی، ہری بھری، اور دل کو لبھانے والی ہے، زبان اور نگاہ سب کی لذت کی جامع ہے، اس لیے اس کے حصول کے لیے حرام طریقہ سے بچ کر صرف حلال طریقہ اپنانا چاہئے، کیونکہ حلال طریقہ اپنانے والے کے لیے جنت اورحرام طریقہ اپنانے والے کے لیے جہنم ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2374 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 356 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
356- سیدہ خولہ بنت قیس رضی اللہ عنہا جو سیدنا حمزہ بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ کی اہلیہ ہیں وہ بیان کرتی ہیں: میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ دنیا کے بارے میں گفتگو کررہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "بے شک دنیا میٹھی اور سرسبز ہے، جو اس کے حق کے ہمراہ اسے حاصل کرتا ہے اس کے لئے اس میں برکت ڈال دی جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے مال اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مال میں تصرف کرنے والے (یعنی ناحق طور پر اسے حاصل کرنے والے) کے لئے اس دن آگ ہوگی جب وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہوگا۔" سفیان نامی راوی نے بعض او۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:356]
فائدہ:
حدیث میں "حق کے مطابق" کا مطلب ہے کہ حلال آمدنی جو حلال ذرائع سے حاصل کی جائے، اس میں برکت ہی برکت ہے، لیکن اگر کوئی ناجائز اور حرام طریقوں سے روزی کما تا ہے تو اس میں خیر و برکت نہیں ہوگی، بلکہ دنیا و آخرت میں اللہ کی رحمت سے دور ہو گا، اور آخر کار اپنی بداعمالیوں کی وجہ سے جہنم میں داخل ہوگا۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 356 سے ماخوذ ہے۔