شعب الایمان — حدیث نمبر 9774
باب: ایمان کی شاخوں میں سے اکہترویں شاخ: زہد اور امیدیں کم رکھنے کا باب۔
الحادي والسبعون من شعب الإيمان وهو باب في الزهد وقصر الأمل
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو أَحْمَدَ بَكْرُ بْنُ مُحَمَّدٍ الصَّيْرَفِيُّ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ غَالِبٍ ، حَدَّثَنَا قَبِيصَةُ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، حَدَّثَنِي أَبِي ، عَنْ أَبِي يَعْلَى ، عَنِ الرَّبِيعِ بْنِ خُثَيْمٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ خَطَّ خَطًّا مُرَبَّعًا ، وَخَطَّ خَطًّا وَسَطَ الْخَطِّ الْمُرَبَّعِ ، وَخَطَّ خُطُوطًا إِلَى جَنْبِ الْخَطِّ الَّذِي وَسَطَ الْمُرَبَّعِ ، وَخَطَّ خُطُوطًا خَارِجَةً مِنَ الْخَطِّ الْمُرَبَّعِ قَالَ : "تَدْرُونَ مَا هَذَا ؟ " قَالُوا : اللَّهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ ، قَالَ : "هَذَا الْإِنْسَانُ الْخَطُّ الْأَوْسَطُ ، وَهَذِهِ الْخُطُوطُ إِلَى جَنْبِهِ الْأَعْرَاضُ تَنْهَشُهُ مِنْ كُلِّ مَكَانٍ ، إِنْ أَخْطَأَهُ هَذَا أَصَابَهُ هَذَا ، وَالْخَطُّ الْمُرَبَّعُ الْأَجَلُ الْمُحِيطُ بِهِ ، وَالْخَطُّ الْخَارِجُ الْأَمَلُ " .
أَخْرَجَهُ الْبُخَارِيُّ مِنْ حَدِيثِ يَحْيَى الْقَطَّانُ عَنْ سُفْيَانَ . سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ایک چوکور خط کھینچا، اور اس چوکور خط کے بیچ میں ایک خط کھینچا، اور اس بیچ والے خط کے پہلو میں کچھ خطوط کھینچے، اور چوکور خط سے باہر نکلتے ہوئے کچھ خطوط کھینچے، پھر فرمایا: ”کیا تم جانتے ہو یہ کیا ہے؟“ صحابہ نے عرض کیا: ”اللہ اور اس کا رسول ﷺ زیادہ جانتے ہیں۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہ بیچ والا خط انسان ہے، اور اس کے پہلو کے یہ خطوط آفتیں اور حادثات ہیں جو اسے ہر طرف سے نوچتے رہتے ہیں؛ اگر ایک اس سے چوک جائے تو دوسری آ لگتی ہے، اور چوکور خط اس کی موت کا وقت (اجل) ہے جو اسے گھیرے ہوئے ہے، اور باہر نکلا ہوا خط اس کی امید و آرزو ہے۔“
امام بیہقی رحمہ اللہ کے بیان کے مطابق اسے امام بخاری رحمہ اللہ نے یحییٰ القطان رحمہ اللہ کی روایت سے، انہوں نے سفیان رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔
• محمد بن غالب هو ابن حرب الضبي تمتام.
• قبيصة هو ابن عقبة بن محمد بن سليمان، صدوق.
• سفيان هو ابن سعيد الثوري.
• أبو يعلى هو المنذر بن يعلى الثوري الكوفي.
تشریح، فوائد و مسائل
اندر والی لکیر انسان ہے جس کو چاروں طرف سے مشکلات نے گھیر رکھا ہے اور گھیرنے والی لکیر اس کی موت ہے اور باہر نکلنے والی اس کی حرص وآرزو ہے جو موت آنے پر دھری رہ جاتی ہے۔
حیات چند روزہ کا یہی حال ہے۔
عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مربع خط (یعنی چوکور) لکیر کھینچی اور ایک لکیر درمیان میں اس سے باہر نکلتا ہوا کھینچی، اور اس درمیانی لکیر کے بغل میں چند چھوٹی چھوٹی لکیریں اور کھینچی، پھر فرمایا: " یہ ابن آدم ہے اور یہ لکیر اس کی موت کی ہے جو ہر طرف سے اسے گھیرے ہوئے ہے۔ اور یہ درمیان والی لکیر انسان ہے (یعنی اس کی آرزوئیں ہیں) اور یہ چھوٹی چھوٹی لکیریں انسان کو پیش آنے والے حوادث ہیں، اگر ایک حادثہ سے وہ بچ نکلا تو دوسرا اسے ڈس لے گا اور باہر نکلنے والا خط اس کی امید ہے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2454]
وضاحت:
1؎:
اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ انسان کی زندگی اگر ایک طرف آروزؤں سے بھری ہوئی ہے تو دوسری جانب اسے چاروں طرف سے حوادث گھیرے ہوئے ہیں، وہ اپنی آرزؤں کی تکمیل میں حوادث سے نبرد آزما ہوتا ہے، لیکن اس کے پاس امیدوں اور آرزؤں کا ایک وسیع اور نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے، اس کی آرزوئیں ابھی ناتمام ہی ہوتی ہیں کہ موت کا آہنی پنجہ اسے اپنے شکنجے میں کس لیتاہے، گویا موت انسان سے سب سے زیادہ قریب ہے، اس لیے انسان کو اس سے غافل نہیں رہنا چاہیے۔
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک چوکور لکیر کھینچی، اور اس کے بیچ میں ایک لکیر کھینچی، اور اس بیچ والی لکیر کے دونوں طرف بہت سی لکیریں کھینچیں، ایک لکیر چوکور لکیر سے باہر کھینچی اور فرمایا: " کیا تم جانتے ہو یہ کیا ہے "؟ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول زیادہ جانتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " یہ درمیانی لکیر انسان ہے، اور اس کے چاروں طرف جو لکیریں ہیں وہ عوارض (بیماریاں) ہیں، جو اس کو ہر طرف سے ڈستی یا نوچتی اور کاٹتی رہتی ہیں، اگر ایک سے بچتا ہے تو دوسری میں مبتلا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4231]
فوائد و مسائل:
(1)
امام نووی ؒ نے ریاض الصالحین میں اس مثال کی وضاحت کے لیے دو نقشے بنائے ہیں۔
ان کی رائے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بنایا ہوا نقشہ ان دو میں سے کسی ایک کے مطابق تھا۔
حافظ ابن حجر ؒ نے اپنے پانچ اور اقوال بھی ذکر کیے ہیں اور ان کے مطابق نقشے بنائے ہیں۔ دیکھیے: (فتح الباري: 11/ 258)
(2)
انسان کی زندگی میں مشکلات اور مصائب لازمی ہیں۔
جس طرح غریب آدمی مشکلات کا شکار ہوتا ہے اسی طرح امیر آدمی حتی کہ بادشاہ پر بھی مشکلات آتی ہیں اگرچہ ان کی نوعیت ان کے حالات کے مطابق ہوتی ہے۔
(3)
یہ مشکلات انسان کی آزمائش ہیں لہٰذا سیدھے راستے پر قائم رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
(4)
انسان کی خواہشات، پروگرام اور آرزوئیں بہت ہوتی ہیں ان میں کچھ پوری ہوتی ہیں کچھ نہیں ہوتیں۔
لہٰذا موت کو یاد رکھنا چاہیے جو لازماً آنی ہی ہے اور معلوم نہیں کب آجائے۔