شعب الایمان — حدیث نمبر 9421

باب: فصل: دردوں، بیماریوں اور مصیبتوں کے کفارہ ہونے کے بارے میں جو وارد ہوا اس کا ذکر۔

فصل في ذكر ما جاء في الأوجاع والأمراض والمصيبات من الكفارات

حدیث نمبر: 9421
أَخْبَرَنَا أَبُو نَصْرِ بْنُ قَتَادَةَ وَأَبُو بَكْرٍ الْفَارِسِيُّ ، قَالَا أَخْبَرَنَا أَبُو عَمْرِو بْنُ مَطَرٍ ، حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ عَلِيٍّ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى ، حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ وَهْبٍ ، عَنْ حُيَيِّ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، عَنْ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ الْحُبُلِيِّ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ قَالَ : تُوُفِّيَ رَجُلٌ بِالْمَدِينَةِ مِمَّنْ وُلِدَ بِالْمَدِينَةِ ، فَصَلَّى عَلَيْهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ : "يَا لَيْتَهُ مَاتَ فِي غَيْرِ مَوْلِدِهِ " .
فَقَالَ رَجُلٌ مِنَ الْقَوْمِ وَلِمَ يَا رَسُولَ اللَّهِ ؟ قَالَ : "إِنَّ الرَّجُلَ إِذَا مَاتَ فِي غَيْرِ مَوْلِدِهِ قِيسَ لَهُ مِنْ مَوْلِدِهِ إِلَى مُنْقَطَعِ أَثَرِهِ فِي الْجَنَّةِ " .
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ مدینہ میں ایک آدمی فوت ہو گیا جو مدینہ ہی میں پیدا ہوا تھا، تو رسول اللہ ﷺ نے اس کی نمازِ جنازہ پڑھائی، پھر فرمایا: ”کاش! یہ اپنی جائے پیدائش کے علاوہ کسی اور جگہ فوت ہوتا۔“
ایک آدمی نے، جو لوگوں میں سے تھا، عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! وہ کیوں؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”جب آدمی اپنی جائے پیدائش کے علاوہ کسی اور جگہ فوت ہوتا ہے تو اس کی جائے پیدائش سے لے کر اس کے آخری نشانِ قدم (جہاں اس کا سفر ختم ہوا) تک کا فاصلہ جنت میں اس کے لیے ناپ دیا جاتا ہے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السبعون من شعب الايمان وهو باب في الصبر على المصائب وعما تنزع النفس اليه من لذة وشهوة / حدیث: 9421
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 9887
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن (سنن النسائي 1833) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن (سنن النسائي 1833) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: حسن
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: حسن (شعب الإيمان ط الرشد: 12/ 294) . »
«أخرجه أبو نعيم فى (ذكر أخبار أصبهان) 2/ 213، والنسائي فى (سننه) 4/ 7، وابن ماجه فى (سننه) 1/ 515 رقم 1614»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1833 | سنن ابن ماجه: 1614
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• أبو بكر الفارسي هو محمد بن إبراهيم بن أحمد.
• يحيى بن يحيى هو ابن بكير التميمي.
• حمص بن عبد الله هو المعافري المصري، صدوق.
• أبو عبد الرحمن الحبلي هو عبد الله بن يزيد المعافري.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1833 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´اپنے مقام پیدائش کے علاوہ کہیں اور مرنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ مدینے کا ایک آدمی جو وہیں پیدا ہونے والوں میں سے تھا مر گیا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس (کے جنازے) کی نماز پڑھائی، پھر فرمایا: " کاش! (یہ شخص) اپنے پیدائش کی جگہ کے علاوہ کہیں اور مرا ہوتا "، لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ایسا کیوں تو آپ نے فرمایا: " آدمی جب اپنی جائے پیدائش کے علاوہ کہیں اور مرتا ہے، تو اسے جنت میں اس کی جائے پیدائش سے جائے موت تک جگہ دی جاتی ہے " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1833]
1833۔ اردو حاشیہ: یہ عام بات ہے۔ باقی رہا مدینہ منورہ میں فوت ہونا تو یہ بہت بڑی سعادت ہے جو اس بیان شدہ فضیلت سے کہیں بڑھ کر ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ مطلب نہیں کہ یہ شخص مدینہ منورہ سے باہر فوت ہوتا بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ کاش یہ مدینہ کا پیدائشی نہ ہوتا۔ کسی اور جگہ پیدا ہو کر یہاں ہجرت کرتا اور پھر مدینہ منورہ میں فوت ہوتا کیونکہ مدینے میں وفات کی فضیلت تو احادیث میں وارد ہے۔ دیکھیے: (سنن ابن ماجہ، المناسک، حدیث: 3112، و مسند أحمد: 74/2) اور یہ مومن کے لیے بڑی سعادت ہے۔ یاد رہے کہ ہر سعادت کے حصول کے لیے صحیح ایمان شرط ہے ورنہ ہر چیز بے کار ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1833 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1614 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´پردیس میں موت کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ مدینہ ہی میں پیدا ہونے والے ایک شخص کا مدینہ میں انتقال ہو گیا، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی نماز جنازہ پڑھائی اور فرمایا: " کاش کہ اپنی جائے پیدائش کے علاوہ سر زمین میں انتقال کیا ہوتا " ایک شخص نے پوچھا: کیوں اے اللہ کے رسول؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب آدمی کا انتقال اپنی جائے پیدائش کے علاوہ مقام میں ہوتا ہے، تو اس کی پیدائش کے مقام سے لے کر موت کے مقام تک جنت میں اس کو جگہ دی جاتی ہے ۱؎۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1614]
اردو حاشہ:
فائدہ: اللہ کا یہ انعام اس مومن کے لئے ہے۔
جو وطن سے دور فوت ہوتا ہے۔
اور یہ محض اس کا احسان ہے۔
جس میں بندے کی کسی کوشش یا ارادے کو دخل نہیں۔
اس کے نیک اعمال کی وجہ سے اس کے علاوہ بھی جنت میں بہت سی جگہ مل سکتی ہے۔
لیکن یہ خصوصی انعام ہے۔
واللہ اعلم۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1614 سے ماخوذ ہے۔