شعب الایمان — حدیث نمبر 9270

باب: ایمان کی شاخوں میں سے سترویں شاخ: مصیبتوں پر صبر کرنے، اور ان لذتوں اور خواہشات سے صبر کرنے کا باب جن کی طرف نفس کھنچتا ہے۔

السبعون من شعب الإيمان وهو باب في الصبر على المصائب وعما تنزع النفس إليه من لذة وشهوة

حدیث نمبر: 9270
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ إِسْحَاقَ الْفَقِيهُ ، أَخْبَرَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ قُتَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى ، قَالَ قَرَأْتُ عَلَى مَالِكِ بْنِ أَنَسٍ ، عَنْ قَطَنِ بْنِ وَهْبِ بْنِ عُوَيْمِرِ بْنِ الْأَجْدَعِ ، عَنْ يُحَنَّسَ مَوْلَى آلِ الزُّبَيْرِ ، أَخْبَرَهُ أَنَّهُ كَانَ جَالِسًا عِنْدَ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ فِي الْفِتْنَةِ ، فَأَتَتْهُ مَوْلَاةٌ لَهُ تُسَلِّمُ عَلَيْهِ ، فَقَالَتْ : إِنِّي أَرَدْتُ الْخُرُوجَ يَا أَبَا عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، اشْتَدَّ عَلَيْنَا الزَّمَانُ ، فَقَالَ لَهَا عَبْدُ اللَّهِ : اقْعُدِي لَكَاعِ فَإِنِّي سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : "لَا يَصْبِرُ أَحَدٌ عَلَى لَأْوَائِهَا وَشِدَّتِهَا إِلَّا كُنْتُ لَهُ شَهِيدًا أَوْ شَفِيعًا يَوْمَ الْقِيَامَةِ " .
رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ عَنْ يَحْيَى بْنِ يَحْيَى .
ترجمہ

یحنس رحمہ اللہ، جو آلِ زبیر کے آزاد کردہ غلام تھے، بیان کرتے ہیں کہ وہ فتنے کے زمانے میں سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس بیٹھے تھے کہ ان کی ایک آزاد کردہ باندی سلام کرنے کے لیے ان کے پاس آئی اور کہنے لگی: ”اے ابوعبدالرحمن! میں (مدینہ سے) نکل جانے کا ارادہ رکھتی ہوں، ہم پر زمانہ بہت سخت ہو گیا ہے۔“ تو سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ نے اس سے فرمایا: ”اے نادان! بیٹھی رہو، کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ’جو شخص بھی مدینہ کی سختی اور شدت پر صبر کرے گا، میں قیامت کے دن اس کے لیے گواہ یا سفارشی بنوں گا۔‘“
اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے صحیح میں یحییٰ بن یحییٰ رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السبعون من شعب الايمان وهو باب في الصبر على المصائب وعما تنزع النفس اليه من لذة وشهوة / حدیث: 9270
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 9721
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح تخريج فقه السيرة (184) (سنن الترمذي 3924) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح, صحيح مسلم (سنن الترمذي 3924) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 12/ 196) . »
«أخرجه أحمد فى (مسنده) 2/ 113، وو 2/ 119، 2/ 133، والطبراني فى (الكبير) 12/ 347 رقم 13307، وهو ص 884، والترمذي فى (جامعه) 5/ 719 رقم 3918»
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• قطن بن وهب بن عويمر بن الأجدع الليثي أو الخزاعي، أبو الحسن المدني، صدوق، من السادسة (م س).
• يحنس هو ابن عبد الله أبو موسى مولى آل الزبير، مدني، مقرئ، ثقة، من الثالثة (خ س).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3924 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مدینہ کی فضیلت کا بیان`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " مدینہ کی تنگی معیشت اور اس کی سختیوں پر جو صبر کرے گا میں قیامت کے دن اس کے لیے گواہ اور سفارشی ہوں گا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3924]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
شرط وہی ہے کہ وہ پکا موحد ہو، کسی طرح کے بھی شرک کا مرتکب اس شفاعت کا مستحق نہیں ہو گا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3924 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1377 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ’’جو بندہ بھی مدینہ کی تنگی و ترشی پر صبر کرے گا، میں قیامت کے دن اس کی سفارش کروں گا، یا اس کے حق میں گواہی دوں گا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:3344]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث میں (او)
کا لفظ اگرتنويع وتقسيم كے لیے ہو تو اس کا یہ معنی ہو گا، کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اہل مدینہ میں سےگناہگاروں کی سفارش فرمائیں گے اورنیکو کاروں کےحق میں گواہی دیں گے یا اپنے دور کے لوگوں کے حق میں گواہی دیں گے، اور بعد کے لوگوں کے بارے میں سفارش کریں گے، اگر (او)
واؤ کےمعنی میں ہو تو سفارش اعمال صالحہ کی اور اس بات کی کہ یہ بندہ تنگیوں اور تکلیفوں پر صبر کیے مدینہ میں پڑا رہا، اور یہ اپنے دور کے لوگوں کے حق میں ہو گی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3344 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3918 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مدینہ کی فضیلت کا بیان`
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ ان کی ایک آزاد کردہ لونڈی ان کے پاس آئی اور ان سے کہنے لگی میں گردش زمانہ کی شکار ہوں اور عراق جانا چاہتی ہوں، تو انہوں نے کہا: تو شام کیوں نہیں چلی جاتی جو حشر و نشر کی سر زمین ہے، (آپ نے کہا) «اصبري لكاع» ! کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے: " جس نے اس کی (مدینہ کی) سختی اور تنگی معیشت پر صبر کیا تو میں قیامت کے دن اس کے لیے گواہ یا سفارشی ہوں گا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3918]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یہ بھی مدینہ کی ایک فضیلت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3918 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 648 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´مدینے کی مصیبتوں پر صبر کرنے کی فضیلت`
«. . . 406- مالك عن قطن بن وهب عن عويمر بن الأجدع أن يحنس مولى الزبير أخبره أنه كان جالسا عند عبد الله بن عمر فى الفتنة، فأتته مولاة له تسلم عليه، فقالت: إني أردت الخروج يا أبا عبد الرحمن، اشتد علينا الزمان، فقال لها عبد الله بن عمر: اقعدي لكاع، فإني سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: "لا يصبر على لأوائها وشدتها أحد إلا كنت له شهيدا أو شفيعا يوم القيامة." . . .»
". . . سیدنا زبیر رضی اللہ عنہ کے غلام یحنس رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ وہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس فتنے (مسلمانوں کی باہمی جنگ) کے دور میں بیٹھے ہوئے تھے کہ ان کی ایک لونڈی سلام کرنے کے لئے آئی تو کہا: اے ابوعبدالرحمٰن! میں (مدینے سے) نکل جانا چاہتی ہوں، ہم پر زمانہ بہت سخت ہے۔ تو سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے اس سے کہا: اری بیوقوف بیٹھ، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ مدینے کی مصیبتوں اور سختیوں پر جو بھی صبر کرے گا تو میں قیامت کے دن اس پر گواہ یا اس کا سفارشی ہوں گا۔ . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 648]
تخریج الحدیث:
[وأخرجه مسلم 1377/482، من حديث مالك به . من كتب الرجال وجاء فى الأصل: "قطن بن واحد" وهو خطأ . من رواية يحي بن يحي، وجاء فى الأصل: "عن" وهو خطأ]
تفقه:
➊ مدینہ طیبہ میں رہائش اور یہاں رہتے ہوئے مشکلات پر صبر کرنا انتہائی افضل کام ہے۔
➋ الله تعالی کے اذن کے ساتھ سفارش برحق ہے۔
➌ مک مکرمہ کے بعد مدینہ طیبہ تمام شہروں اور تمام علاقوں سے افضل ہے۔
➍ نیز دیکھئے [الموطأ ح 85، 479، 511، البخاري 7211، 1871، 1875، ومسلم 1382، 1383، 1388]
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 406 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1186 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1186- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "مجھے ایک بستی کے بارے میں حکم دیا گیا کہ وہ باقی بستیوں کوکھا جائے گی لوگ یہ کہتے ہیں: یہ "یثرب" ہے، حالانکہ یہ "مدینہ" ہے، جو لوگوں کویوں باہر نکال دے گا، جس طرح بھٹی لو ہے کے زنگ کو صاف کر دیتی ہے۔‏‏‏‏" [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1186]
فائدہ:
اس حدیث سے مدینہ منورہ کی فضیلت ثابت ہوتی ہے، پہلے اس کا نام" یثرب" تھا، یاد رہے که مکہ مدینہ سے مجموعی فضائل کے اعتبار سے افضل ہے۔
بعض جھوٹی روایات میں مدینہ مدینہ کہنے کی فضیلت آئی ہے، حالانکہ وہ سخت ترین ضعیف ہیں۔
اے اللہ! راقم کو اور اس کے اہل خانہ کو مکہ یا مد بینہ میں مستقل جگہ نصیب فرما، اور اپنے دین کی خدمت کا موقع میسر فرما، بے شک تو دعاؤں کو سننے والا اور قبول کرنے والا ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1184 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1201 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1201- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: "جو بھی ظالم شخص اہل مدینہ کے ساتھ برائی کا ارادہ کرے گا اللہ تعالیٰ اسے جہنم میں یوں گھول دے گا، جس طرح نمک پانی میں گھل جاتا ہے اور جو شخص یہاں کی سختی اور شدت پر صبر سے کام لے گا، میں قیامت کے دن اس کے لیے گواہ ہوں گا (راوی کو شک ہے شاید یہ الفاظ ہیں) اس کی شفاعت کروں گا۔‏‏‏‏" [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1201]
فائدہ:
اس حدیث میں مدینہ کی فضیلت بیان کی گئی ہے کہ جو شخص مدینہ کے ساتھ برائی کا ارادہ رکھے گا اور اس کے ساتھ فتنہ و فساد کر نے کی کوشش کرے گا اللہ تعالیٰ اس کو تباہ و برباد فرما دے گا، نیز اس حدیث میں مدینہ میں رہنے والوں کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی قیامت والے دن سفارش کا ثبوت بھی ملتا ہے، مدینہ میں رہنے والوں کو اگر کسی مشکل کا سامنا بھی ہو تب بھی وہ مدینہ نہ چھوڑیں، کیونکہ جب وہ مدینہ چھوڑ جائیں گے تو قیامت کے دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارش سے محروم ہو جائیں گے، اے اللہ! ہمیں بھی مکہ یا مدینہ میں مستقل رہنے کا شرف عطا فرما، بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے، آمین۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1199 سے ماخوذ ہے۔