شعب الایمان — حدیث نمبر 9225
باب: فصل: اپنے آپ پر پردہ ڈالنا۔
فصل في ستره على نفسه
فَصْلٌ "فِي سَتْرِهِ عَلَى نَفْسِهِ " .
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرٍ أَحْمَدُ بْنُ كَامِلِ بْنِ خَلَفٍ الْقَاضِي ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سَعْدٍ الْعَوْفِيُّ ، حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ بْنِ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَخِي ابْنِ شِهَابٍ ، عَنْ عَمِّهِ ، قَالَ قَالَ سَالِمٌ ، سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ يَقُولُ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : "كُلُّ أُمَّتِي مُعَافًى إِلَّا الْمُجَاهِرِينَ ، وَإِنَّ مِنَ الْإِجْهَارِ أَنْ يَعْمَلَ الرَّجُلُ فِي اللَّيْلِ عَمَلًا ، ثُمَّ يُصْبِحُ وَقَدْ سَتَرَهُ رَبُّهُ ، فَيَقُولُ : يَا فُلَانٌ عَمِلْتُ الْبَارِحَةَ كَذَا كَذَا ، وَقَدْ بَاتَ سْتُرُهُ رَبُّهُ ، يَبِيتُ فِي سِتْرِ رَبِّهِ وَيُصْبِحُ يَكْشِفُ سِتْرَ اللَّهِ عَنْهُ " .
رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ حَاتِمٍ وَزُهَيْرِ بْنِ حَرْبٍ : "وَإِنَّ مِنَ الْجِهَارِ أَنْ يَعْمَلَ الرَّجُلُ فِي اللَّيْلِ عَمَلًا ثُمَّ يُصْبِحُ ، وَقَدْ سَتَرَهُ رَبُّهُ ، فَيَقُولُ : يَا فُلَانُ ، عَمِلْتُ الْبَارِحَةَ كَذَا وَكَذَا . . . " فَإِنْ كَانَ مَحْفُوظًا فَلَعَلَّهُ مِنَ الْهُجْرِ وَهُوَ الْفُحْشُ ، وَالْإِهْجَارُ الْإِفْحَاشُ فِي الْكَلَامِ .
رَوَاهُ الْبُخَارِيُّ عَنِ الْأُوَيْسِيِّ عَنْ إِبْرَاهِيمَ بْنِ سَعْدٍ عَنِ ابْنِ أَخِي ابْنِ شِهَابٍ وَقَالَ : "وَإِنَّ مِنَ الْمَجَانَةِ " .سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”میری ساری امت کو معافی ملنے کی امید ہے سوائے کھلم کھلا گناہ کرنے والوں کے، اور کھلم کھلا گناہ کرنے میں سے یہ بھی ہے کہ آدمی رات کو کوئی (گناہ کا) کام کرے، پھر صبح کرے جبکہ اس کے رب نے اس پر پردہ ڈال رکھا تھا، تو وہ کہے: اے فلاں! میں نے گزشتہ رات یہ یہ کام کیا تھا۔ حالانکہ اس نے رات اس حال میں گزاری کہ اس کا رب اس پر پردہ ڈالے رہا، وہ اپنے رب کے پردے میں رات گزارتا ہے اور صبح کو اللہ کا ڈالا ہوا پردہ خود چاک کر دیتا ہے۔“
(مصنف کہتے ہیں:) اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے اپنی صحیح میں محمد بن حاتم اور زہیر بن حرب رحمہما اللہ سے روایت کیا ہے، (اس میں یوں ہے): ”اور کھلم کھلا گناہ کرنے میں سے یہ بھی ہے کہ آدمی رات کو کوئی عمل کرے، پھر صبح کرے جبکہ اس کے رب نے اس پر پردہ ڈال رکھا تھا، تو وہ کہے: اے فلاں! میں نے گزشتہ رات یہ یہ کیا تھا...“ پس اگر یہ لفظ محفوظ ہو تو شاید یہ «هُجْر» سے ہو جس کا معنی فحش گوئی ہے، اور «إِهْجَار» کلام میں فحش گوئی کو کہتے ہیں۔
اسے امام بخاری رحمہ اللہ نے اویسی رحمہ اللہ سے، انہوں نے ابراہیم بن سعد رحمہ اللہ سے، انہوں نے ابن شہاب کے بھتیجے رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے اور (اس میں) فرمایا: ”اور بے حیائی و بے باکی میں سے یہ بھی ہے۔“
• ابن أخي ابن شهاب هو محمد بن عبد الله بن مسلم الزهري المدني، صدوق.
• وعمه هو ابن شهاب الزهري الفرشي.
• سالم هو ابن عبد الله بن عمر القرشي العدوي.
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
اللہ تعالیٰ کی صفات میں سے ایک صفت "سِتير'' بھی ہے کہ وہ پردہ پوشی کرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ دنیا میں بندے کے بہت سے گناہوں پر پردہ ڈالتا ہے، اسی طرح آخرت میں بھی وہ اپنے بندوں کو ذلیل ورسوا نہیں کرے گا لیکن کچھ آدمی ایسے ہوتے ہیں کہ وہ خود اپنی پردہ دری کرتے ہیں، وہ چوری پھر سینہ زوری کرتے ہوئے اپنے گناہوں کا چرچا کرتے ہیں کہ ہم نے آج رات فلاں فلاں گناہ کیا ہے۔
یہ تو بے حیائی اور بے باکی ہے جسے اللہ تعالیٰ معاف نہیں کرے گا۔
(2)
اللہ تعالیٰ بندے کے گناہ پر پردہ اسی صورت میں ڈالتا ہے کہ بندہ اپنے گناہ پر خود بھی پردہ ڈالنے والا ہو۔
اس کے برعکس جو انسان اپنے گناہوں کا چرچا کرتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ کو ناراض کرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ بھی اس کے گناہوں پر پردہ نہیں ڈالے گا۔
انسان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے اور لوگوں سے حیا کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی تشہیر نہ کرے تاکہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے پناہ میں رکھے اور اسے ذلیل وخوار نہ کرے۔
«. . . سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ، يَقُولُ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ: كُلُّ أُمَّتِي مُعَافَاةٌ إِلَّا الْمُجَاهِرِينَ، وَإِنَّ مِنَ الْإِجْهَارِ أَنْ يَعْمَلَ الْعَبْدُ بِاللَّيْلِ عَمَلًا، ثُمَّ يُصْبِحُ قَدْ سَتَرَهُ رَبُّهُ، فَيَقُولُ يَا فُلَانُ: قَدْ عَمِلْتُ الْبَارِحَةَ كَذَا وَكَذَا، وَقَدْ بَاتَ يَسْتُرُهُ رَبُّهُ، فَيَبِيتُ يَسْتُرُهُ رَبُّهُ، وَيُصْبِحُ يَكْشِفُ سِتْرَ اللَّهِ عَنْهُ . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: "میری تمام امت کے گناہ بخشے جائیں گے مگر ان لوگوں کے جو اپنے گناہوں کو فاش کرتے ہیں اور وہ یہ ہے کہ آدمی رات کو ایک گناہ کا کام کرے، پھر صبح ہو اور پروردگار نے اس کا گناہ پوشیدہ رکھا ہو وہ دوسرے سے کہے: اے فلانے! میں نے گزشتہ رات کو ایسا ایسا کام کیا، رات کو تو پروردگار نے اس کو چھپایا اور رات بھر چھپاتا رہا، صبح کو اس نے پردہ کھول دیا . . ." [صحيح مسلم/كِتَاب الزُّهْدِ وَالرَّقَائِقِ: 7485]
پوشیدہ گناہوں کو لوگوں پر ظاہر کرنا ایسا سخت گناہ کبیرہ ہے کہ معاف نہ ہو گا اس واسطے کہ اس میں گناہ پر جرات اور بےپروا ہی ثابت ہوتی ہے اور صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ظاہر کرنے والا اللہ تعالیٰ سے نہیں ڈرتا اور یہ جو بعض نادان کہتے ہیں کہ صاحب جس کا اللہ سے پردہ نہیں اس کا آدمی سے پردہ کرنا کیا ضروری ہے؟ سو غلط سمجھے ہیں کہ اگر وہ شرماتا اور ظاہر نہ کرتا البتہ اللہ تعالیٰ اس کی پردہ پوشی کرتا اور جب کہ اس نے بےحیا بن کر خود اپنا پردہ فاش کیا تو مغفرت اور پردہ پوشی کے لائق نہ رہا اور حدیث میں آیا ہے کہ پوشیدہ گناہ کی پوشیدہ توبہ کرے اور ظاہر گناہ کی ظاہر ہو کر توبہ کرے تاکہ نیک لوگ خوش ہو کر اس کی توبہ کے گواہ ہوں یا اور گناہ گار اس کو دیکھ کر توبہ پر مستعد ہوں۔ [تحفته الاخيار]