شعب الایمان — حدیث نمبر 8208

باب: ایمان کی شاخوں میں سے اٹھاونویں شاخ: غلاموں کے ساتھ حسنِ سلوک کا باب۔

الثامن والخمسون من شعب الإيمان وهو باب في الإحسان إلى المماليك

حدیث نمبر: 8208
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنِي مُحَمَّدُ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ حَمْدَانَ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو كُرَيْبٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، حَدَّثَنَا الْأَعْمَشُ ، عَنْ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ الْأَنْصَارِيِّ ، قَالَ : كُنْتُ أَضْرِبُ غُلَامًا لِي فَسَمِعَتُ مِنْ خَلْفِي صَوْتًا : " اعْلَمْ أَبَا مَسْعُودٍ ، لَلَّهُ أَقْدَرُ عَلَيْكَ مِنْكَ عَلَيْهِ " ، فَالْتَفَتُّ فَإِذَا هُوَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، هُوَ حَرٌّ لِوَجْهِ اللَّهِ تَعَالَى ، فَقَالَ : " أَمَا إِنَّكَ لَوْ لَمْ تَفْعَلْ لَلَفَحَتْكَ النَّارُ - أَوْ قَالَ - : لَلَمَسَتْكَ النَّارُ " .
رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ ، عَنْ أَبِي كُرَيْبٍ .
ترجمہ

سیدنا ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ”میں اپنے ایک غلام کو مار رہا تھا کہ میں نے اپنے پیچھے سے ایک آواز سنی: «اعلم ابا مسعود» ”ابو مسعود! جان لو، اللہ تم پر اس سے کہیں زیادہ قدرت رکھتا ہے جتنی تم اس پر رکھتے ہو۔“ میں نے مڑ کر دیکھا تو وہ رسول اللہ ﷺ تھے، چنانچہ میں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! یہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے آزاد ہے۔“ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”اگر تم ایسا نہ کرتے تو آگ تمہیں جھلسا دیتی“ - یا فرمایا - ”آگ تمہیں چھو لیتی۔“
امام بیہقی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے ”الصحیح“ میں ابوکریب رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الثامن والخمسون من شعب الايمان وهو باب في الاحسان الى المماليك / حدیث: 8208
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 8569
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 5159) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (1659) (سنن أبي داود 5159) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله موثقون
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله موثقون (شعب الإيمان ط الرشد: 11/ 77) . »
«أخرجه الطبراني 17/ 246 رقم 686، 17/ 245 رقم 685، وأبو داود فى (سننه) 5/ 361 رقم 5160، والبيهقي فى (السنن الكبرى) 8/ 10، ومسلم فى (صحيحه) 2/ 1281، والترمذي فى (جامعه) 4/ 335 رقم 1948، وأحمد فى (مسنده) 4/ 120، 5/ 274، 5/ 273، والطبراني فى (الكبير) 17/ 245 رقم 683، 17/ 245 رقم 684، وعبد الرزاق فى (مصنفه) 9/ 446 رقم 17959، والخرائطي فى (المنتقى من مكارم الأخلاق) رقم 250، والبخاري فى (الأدب المفرد) رقم 171، والبيهقي فى (الآداب) رقم 66»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1659 | سنن ترمذي: 1948 | سنن ابي داود: 5159 | رياض الصالحين: 1604 | شعب الإيمان: 8207
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• عبد الله بن محمد هو ابن سيار الفرهاذاني الإمام الحافظ أبو محمد.
• أبو كريب هو محمد بن العلاء بن كريب الهمداني الكوفي.
• أبو معاوية هو محمد بن خازم الضرير، تقدموا.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1659 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں اپنے غلام کو کوڑے مار رہا تھا، تو میں نے اپنے پیچھے سے آواز سنی، ’’جان لو! اے ابو مسعود‘‘ میں غصہ کی وجہ سے آواز پہچان نہ سکا، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم مجھ سے قریب ہوئے، تو آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے اور آپﷺ فرما رہے تھے، ’’جان لو، اے ابو مسعود، جان لو، اے ابو مسعود!‘‘ تو میں نے اپنے ہاتھ سے کوڑا پھینک دیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جان لو، اے ابو مسعود! اللہ تعالیٰ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:4306]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: غلام ایک انسان ہے جو غلطی کا ارتکاب کر سکتا ہے، اور انسان بھی اللہ کا غلام اور اس کی مخلوق ہے، جس کے ایک آقا کے اپنے غلام پر بڑھ کر حقوق ہیں، جن میں انسان کوتاہی کرتا ہے، اس کے باوجود اللہ تعالیٰ انتہائی قادر ہونے کے باوجود انسان کے قصور اور کوتاہی سے درگزر کرتا ہے، اور اس کو توبہ کا موقع دیتا ہے، تو انسان کو بھی چاہیے، اگر اس کا غلام اور ماتحت کسی غلطی یا قصور کا ارتکاب کر بیٹھے تو وہ درگزر اور چشم پوشی سے کام لے، تاکہ وہ مؤاخذہ کے وقت اللہ تعالیٰ کی معافی اور غفران کا امیداوار بن سکے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4306 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1659 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے، میں اپنے غلام کو مار رہا تھا کہ میں نے اپنے پیچھے سے آواز سنی، ’’جان لو! اے ابو مسعود، اللہ تعالیٰ کو تجھ پر اس سے زیادہ قدرت حاصل ہے، جتنی تمہیں اس پر حاصل ہے۔‘‘ تو میں نے مڑ کر دیکھا، تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے، اس پر میں نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول! وہ اللہ کی رضا کی خاطر آزاد ہے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر تم ایسا نہ کرتے، تو تمہیں آگ جھلساتی یا آگ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:4308]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: حضرت ابو مسعود رضی اللہ عنہ سے اللہ کے واسطہ سے اس کا غلام پناہ طلب کرتا رہا، آخرکار اللہ کے رسول کے نام سے پناہ لی، تو اس زیادتی کی بناء پر وہ سزا کے حقدار ٹھہرے، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر تم اسے آزاد نہ کرتے، تو تمہیں اپنے ظلم و زیادتی کا خمیازہ بھگتنا پڑتا۔
‘‘
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4308 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1948 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´خادم کو مارنا پیٹنا اور اسے گالی دینا اور برا بھلا کہنا منع ہے۔`
ابومسعود انصاری رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں اپنے غلام کو مار رہا تھا کہ پیچھے سے کسی کہنے والے کی آواز سنی وہ کہہ رہا تھا: ابومسعود جان لو، ابومسعود جان لو (یعنی خبردار)، جب میں نے مڑ کر دیکھا تو میرے پاس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے آپ نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ تم پر اس سے کہیں زیادہ قادر ہے جتنا کہ تم اس غلام پر قادر ہو۔‏‏‏‏" ابومسعود کہتے ہیں: اس کے بعد میں نے اپنے کسی غلام کو نہیں مارا ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 1948]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
غلاموں اور نوکروں چاکروں پرسختی برتنا مناسب نہیں، بلکہ بعض روایات میں ان پر بے جا سختی کرنے یا جرم سے زیادہ سزادینے پر وعید آئی ہے، نبی اکرمﷺ اللہ کی جانب سے جلالت و ہیبت کے جس مقام پر فائز تھے اس حدیث میں اس کی بھی ایک جھلک دیکھی جاسکتی ہے، چنانچہ آپﷺ کے خبردار کہنے پر ابومسعود اس غلام کو نہ صرف یہ کہ مارنے سے رک گئے بلکہ آئندہ کسی غلام کو نہ مارنے کا عہد بھی کر بیٹھے اور زندگی اس پر قائم رہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1948 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5159 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´غلام اور لونڈی کے حقوق کا بیان۔`
ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں اپنے ایک غلام کو مار رہا تھا اتنے میں میں نے اپنے پیچھے سے ایک آواز سنی: اے ابومسعود! جان لو، اللہ تعالیٰ تم پر اس سے زیادہ قدرت و اختیار رکھتا ہے جتنا تم اس (غلام) پر رکھتے ہو، یہ آواز دو مرتبہ سنائی پڑی، میں نے مڑ کر دیکھا تو وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تھے، میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! وہ اللہ کی رضا کے لیے آزاد ہے، آپ نے فرمایا: " اگر تم اسے (آزاد) نہ کرتے تو آگ تمہیں لپٹ جاتی یا آگ تمہیں چھو لیتی۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5159]
فوائد ومسائل:
1۔
انسان اپنے غصے اور قدرت کا اظہار کرتے ہوئے ہمیشا یاد رکھے کہ اللہ عز وجل اس سے بڈھ کر قدرت رکھنے والا ہے، اس لیے ہمیشا ظلم سے باز رہے، ورنہ اس کا انجام آگ ہے۔

2۔
اس حدیث میں ابو مسعود کی فضیلت کا اظہار ہے کہ انھوں نے فوراً اپنی غلطی کی تلافی کی اور ایک افضل عمل سے کی۔
 
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5159 سے ماخوذ ہے۔