شعب الایمان — حدیث نمبر 7583

باب: ایمان کی شاخوں میں سے چھپنویں شاخ: صلہ رحمی کا باب۔

السادس والخمسون من شعب الإيمان وهو باب في صلة الأرحام

حدیث نمبر: 7583
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنِي مَخْلَدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا جَعْفَرُ بْنُ مُحَمَّدٍ الْفِرْيَابِيُّ ، حَدَّثَنَا أَبُو مُوسَى - حَ
(قَالَ) : وَأَخْبَرَنَا أَبُو الْفَضْلِ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ سَلَمَةَ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنِ الْعَلَاءِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّ رَجُلًا قَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ : إِنَّ لِي قَرَابَةً أَصِلُهُمْ وَيَقْطَعُونَنِي ، وَأُحْسِنُ إِلَيْهِمْ وَيُسِيئُونَ إِلَيَّ ، وَأَحْلُمُ عَنْهُمْ وَيَجْهَلُونَ عَلَيَّ ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنْ كَانَ كَمَا تَقُولُ لَكَأَنَّمَا تُسِفُّهُمُ الْمَلَّ ، وَلَا يَزَالُ مَعَكَ مِنَ اللَّهِ ظَهِيرٌ مَا دُمْتَ عَلَى ذَلِكَ " .
رَوَاهُ مُسْلِمٌ ، عَنْ أَبِي مُوسَى ، وَمُحَمَّدِ بْنِ بَشَّارٍ .
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! میرے کچھ رشتہ دار ہیں، میں ان سے صلہ رحمی کرتا ہوں اور وہ مجھ سے قطع تعلقی کرتے ہیں، میں ان کے ساتھ احسان کرتا ہوں اور وہ میرے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں، میں ان سے بردباری سے پیش آتا ہوں اور وہ مجھ سے جہالت کا برتاؤ کرتے ہیں۔“ تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”اگر معاملہ ویسا ہی ہے جیسا تم کہہ رہے ہو تو گویا تم ان کے منہ میں گرم راکھ ڈال رہے ہو، اور جب تک تم اس روش پر قائم رہو گے اللہ کی طرف سے ایک مددگار ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے گا۔“
(میں مصنف کہتا ہوں:) اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے ابو موسیٰ اور محمد بن بشار رحمہما اللہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / السادس والخمسون من شعب الايمان وهو باب في صلة الارحام / حدیث: 7583
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 7955
درجۂ حدیث تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله موثقون
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله موثقون (شعب الإيمان ط الرشد: 10/ 334) . »
«أخرجه أحمد فى (مسنده) 2/ 300، 2/ 412، والبخاري فى (الأدب المفرد) رقم 24»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : رياض الصالحين: 318 | رياض الصالحين: 647 | صحيح مسلم: 2558
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• أبو موسى هو محمد بن المثنى بن عبيد العنزي المعروف بالزمن وهو بندار.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2558 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک انسان نے عرض کیا،اے اللہ کے رسول(صلی اللہ علیہ وسلم)!میرے کچھ قرابت دار ہیں،میں ان سے صلہ رحمی کرتا ہوں اور وہ مجھ سے تعلق توڑتے ہیں،میں ان سے احسان کرتا ہوں اور وہ مجھ سے بدسلوکی کرتے ہیں اور میں ان سے تحمل اور بردباری کا برتاؤ کرتا ہوں اور وہ مجھ سے اشتعال انگیز،جاہلانہ طرز عمل سے پیش آتے ہیں تو آپ نے فرمایا:"اگر تو واقعی ایسا طرز عمل اختیار کرتا ہے،جیسا تو نے بتایا ہے تو گویا تو ان کے منہ میں گرم راکھ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6525]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
يجهلون علي: جهل، حلم کے مقابلہ میں ہے، اس لیے اس سے مراد اشتعال انگیز سلوک ہے، جس سے انسان کے جذبات بھڑک اٹھتے ہیں اور وہ اپنے اوپر قابو نہیں رکھ سکتا، اس لیے مراد لڑائی جھگڑا بھی ہو سکتا ہے۔
(2)
تسفهم: اسف البعير سے ماخوذ ہے، یعنی اونٹ کو خشک گھاس چرائی۔
(3)
المل: گرم راکھ، یعنی تو ان کو گرم راکھ کھلا رہا ہے، جس طرح گرم راکھ کھانے والے کو تکلیف ہوتی ہے، اسی طرح ان قطع رحم کرنے والوں کو گناہ ملے گا۔
(4)
من الله ظهير: اللہ کی طرف سے معاون و مددگار۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ کسی رشتہ دار کی بدسلوکی اور قطع رحمی، دوسرے رشتہ دار کے لیے بدسلوکی اور قطع رحمی کی وجہ جواز نہیں بن سکتی، کیونکہ اگر ایک رشتہ دار برا طرز عمل اختیار کرتا ہے، یا تعلقات کو توڑتا ہے تو اس کا وبال اسی پر پڑے گا اور اس کے ساتھ اچھا سلوک کرنا گویا اس کو گرم راکھ کھلانا ہے، جس کی اذیت اور تکلیف سے وہی دوچار ہو گا، اچھا سلوک کرنے والا یا تحمل و بردباری کا وطیرہ اختیار کرتے ہوئے، صلہ رحمی کرنے والا تو اللہ کے ہاں معزز اور محترم ٹھہرتا ہے اور اس کو اللہ کی طرف سے معین اور مددگار ملتا ہے اور بخاری شریف میں حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ آپ نے فرمایا: "وہ آدمی صلہ رحمی کا حق ادا نہیں کرتا جو اپنے رشتہ داروں کے ساتھ بدلہ میں صلہ رحمی کرتا ہے، جو اس کے ساتھ صلہ رحمی کا وطیرہ اپناتے ہیں، صلہ رحمی کا حق ادا کرنے والا دراصل وہ ہے جو اس حالت میں صلہ رحمی کرتا ہے، جبکہ اس کا رشتہ دار اس کے ساتھ قطع رحمی کا معاملہ کرتا ہے، یعنی اس کے حقوق تلف کرتا ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6525 سے ماخوذ ہے۔