شعب الایمان — حدیث نمبر 7455

باب: ایمان کی شاخوں میں سے پچپنویں شاخ: والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کا باب۔

الخامس والخمسون من شعب الإيمان وهو باب في بر الوالدين

حدیث نمبر: 7455
أَخْبَرَنَا أَبُو مَنْصُورٍ عَبْدُ الْقَاهِرِ بْنُ طَاهِرٍ الْإِمَامُ ، مِنْ أَصْلِ كِتَابِهِ ، وَأَبُو نَصْرِ بْنُ قَتَادَةَ ، وَعَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَلِيِّ بْنِ حَمْدَانَ ، قَالُوا : أَخْبَرَنَا أَبُو عَمْرٍو إِسْمَاعِيلُ بْنُ نُجَيْدٍ ، أَخْبَرَنَا أَبُو مُسْلِمٍ ، حَدَّثَنَا الْأَنْصَارِيُّ ، حَدَّثَنِي بَهْزُ بْنُ حَكِيمٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ جَدِّهِ ، قَالَ : قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، مَنْ أَبَرُّ ؟ قَالَ : " أُمُّكَ " . قَالَ : ثُمَّ مَنْ ؟ قَالَ : " ثُمَّ أُمُّكَ ، ثُمَّ أَبَاكَ ، ثُمَّ الْأَقْرَبَ فَالْأَقْرَبَ " .
ترجمہ

بہز بن حکیم رحمہ اللہ اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہا: ”میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں کس کے ساتھ سب سے زیادہ نیکی اور حسنِ سلوک کروں؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اپنی ماں کے ساتھ۔“ میں نے پوچھا: ”پھر کس کے ساتھ؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”پھر اپنی ماں کے ساتھ، پھر اپنے باپ کے ساتھ، پھر جو رشتے میں زیادہ قریب ہو، پھر جو اس کے بعد قریب ہو۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الخامس والخمسون من شعب الايمان وهو باب في بر الوالدين / حدیث: 7455
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 7839
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن صحيح (سنن أبي داود 5139) , شیخ زبیر علی زئی: حسن, مشكوة المصابيح (4929), أخرجه الترمذي (1897 وسنده حسن) (سنن أبي داود 5139) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: حسن
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: حسن (شعب الإيمان ط الرشد: 10/ 253) . »
«أخرجه البخاري فى (الأدب المفرد) رقم 5، رقم 3، والبخاري فى (صحيحه) 7/ 69، ومسلم فى (صحيحه) 3/ 1974 رقم 1، 2، وأحمد فى (مسنده) 8/ 353، 5/ 5، والطحاوي فى (مشكل الآثار) 2/ 271، 272، والحميدي فى (مسنده) 2/ 476 رقم 1118، ومن طريعّه الطحاوي فى (مشكل الآثار) 2/ 271، وابن حبان فى (صحيحه) 1/ 329، 330 رقم 434، 435، والبغوي 13/ 303 رقم 3426، وهناد فى (الزهد) 2/ 475 رقم 264، 2/ 476 رقم 965، والطبراني فى (الأوسط) 3/ 183 رقم 2377، والطبراني فى (الكبير) 19/ 404 رقم 957، 19/ 405 رقم 959، والبيهقي فى (السنن الكبرى) 4/ 179، والترمذي فى (جامعه) 4/ 309 رقم 1897، والحاكم فى (المستدرك) 4/ 150»
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• عبد الرحمن بن علي بن حمدان كذا في جميع النسخ والصواب عبد الرحمن بن حمدان بن محمد بن حمدان، أبو سعد النضروي كذا قال الذهبي في "السير".
• أبو مسلم هو الكجي إبراهيم بن عبد الله بن مسلم البصري.
• الأنصاري هو محمد بن عبد الله بن المثنى، تقدموا.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1897 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´ماں باپ کے ساتھ نیک سلوک کرنے کا بیان۔`
معاویہ بن حیدہ قشیری رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا اللہ کے رسول! میں کس کے ساتھ نیک سلوک اور صلہ رحمی کروں؟ آپ نے فرمایا: " اپنی ماں کے ساتھ "، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: " اپنی ماں کے ساتھ "، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: " اپنی ماں کے ساتھ "، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: " پھر اپنے باپ کے ساتھ، پھر رشتہ داروں کے ساتھ پھر سب سے زیادہ قریبی رشتہ دار پھر اس کے بعد کا، درجہ بدرجہ " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 1897]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
ماں کوتین مشکل حالات سے گذرنا پڑتاہے: ایک مرحلہ وہ ہوتا ہے جب نوماہ تک بچہ کو پیٹ میں رکھ کر مشقت و تکلیف برداشت کرتی ہے، دوسرا مرحلہ وہ ہوتا ہے جب بچہ جننے کا وقت آتاہے، وضع حمل کے وقت کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے یہ ماں ہی کو معلوم ہے، تیسرا مرحلہ دودھ پلانے کا ہے، یہی وجہ ہے کہ ماں کو قرابت داروں میں نیکی اور صلہ رحمی کے لیے سب سے افضل اور سب سے مستحق قراردیا گیاہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1897 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: الادب المفرد / حدیث: 3 کی شرح از الشیخ مولانا عثمان منیب ✍️
حضرت بہز بن حکیم اپنے باپ کے واسطے سے اپنے دادا (سیدنا معاویہ بن حیدہ رضی اللہ عنہ) سے بیان کرتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں کس سے حسن سلوک کروں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اپنی ماں سے۔" ... [الادب المفرد 3]
فوائد ومسائل:
۱۔ انسان پر مالی اور بدنی دو قسم کے حقوق واجب ہوتے ہیں، دونوں قسم کے حقوق میں والدین کا درجہ سب سے پہلے ہے اور والدین میں بھی حسن سلوک کی زیادہ مستحق انسان کی ماں ہے۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بار بار پوچھنے پر تین مرتبہ بتایا کہ ماں حسن سلوک کی دنیا میں سب سے زیادہ مستحق ہے اور چوتھی مرتبہ آپ نے باپ کا ذکر کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ ماں فطرتاً کمزور اور نرم دل ہوتی ہے جس کی وجہ سے اکثر لوگ ماں کی نافرمانی کے مرتکب ہوتے ہیں۔
۲۔ ماں کا تین بار اور والد کا ایک بار ذکر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ تین قسم کی مشقتیں ایسی ہیں جنھیں ماں تنہا برداشت کرتی ہے، یعنی حمل، جننے اور دودھ پلانے کی مشقت، اور بعد میں تربیت میں والد بھی شریک ہوتا ہے اس لیے چوتھی بار اس کا تذکرہ کیا ہے۔
۳۔ ماں کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ماں کا معاملہ چار دیواری تک محدود ہوتا ہے جبکہ باپ کے معاملے سے لوگ بھی آگاہ ہوتے ہیں۔ انسان لوگوں کی باتوں سے بچنے کے لیے والد کے ساتھ تو بسااوقات اچھا سلوک کرتا ہے لیکن والدہ اس سے محروم رہتی ہے۔
۴۔ ماں چونکہ کمزور خلقت ہے اس لیے ممکن ہے وہ نافرمانی اور برا سلوک برداشت نہ کرسکے اور اولاد کے لیے اس کی زبان سے بددعا نکل جائے اور انسان اس بددعا کی وجہ سے تباہ ہوجائے۔
۵۔ حدیث کے آخری حصے سے معلوم ہوتا ہے کہ جو جتنا زیادہ قریبی ہے اس کا زیادہ حق ہے، اس لیے مراتب کا لحاظ ضرور رکھنا چاہیے۔ اکثر لوگ دوستوں اور غیروں کے ساتھ تو اچھا سلوک کرتے ہیں لیکن رشتے داروں اور والدین کے ساتھ ان کا رویہ درست نہیں ہوتا ہے۔ ایسا فعل بھی محل نظر ہے۔
۶۔ ہمارے معاشرے میں اگر میاں بیوی میں ناراضی ہوجائے اور معاملہ طلاق تک پہنچ جائے تو اولاد اکثر بگڑ جاتی ہے۔ ماں بچوں کو باپ کی نافرمانی کا حکم دیتی ہے اور باپ ماں کی برائیاں بیان کرتا ہے۔ ایسی صورت میں اولاد کو کیا کرنا چاہیے، یہ ایک نہایت اہم سوال ہے جس کا جواب رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں مل جاتا ہے، وہ یہ ہے کہ ایسی صورت میں انسان ماں اور باپ دونوں کو ان کے حقوق دیتا رہے اور ماں کے ساتھ حسن سلوک کو مقدم رکھے اور عزت و تکریم میں باپ کو فوقیت دے۔ ماں کی وجہ سے باپ اور والد کی وجہ سے ماں کے ساتھ ہرگز بدسلوکی نہ کرے۔
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 3 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 2567 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´جس سے مانگا جائے اور وہ نہ دے۔`
بہز بن حکیم اپنے دادا معاویہ بن حیدہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: " آدمی اپنے مالک کے پاس اس کی ضرورت سے زائد و فاضل چیز مانگنے آئے، اور وہ اسے نہ دے تو اس کے لیے قیامت کے دن ایک گنجا (زہریلا) سانپ بلایا جائے گا، جو اس کے فاضل مال کو جسے اس نے دینے سے انکار کر دیا تھا چاٹتا پھرے گا " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الزكاة/حدیث: 2567]
اردو حاشہ: "چبائے گا۔" یہ معنیٰ بھی بن سکتے ہیں: "قیامت کے دن ایک گنجا سانپ بلایا جائے گا جو اس مالک کو چبائے گا اور یہ سانپ اس کا وہ زائد مال ہوگا جو اس نے مانگنے پر نہیں دیا تھا۔" بظاہر یہ معنیٰ زیادہ مناسب لگتے ہیں مگر الفاظ ان کا ساتھ نہیں دیتے، اس لیے ظاہر معنیٰ کو متن میں لکھا گیا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2567 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5139 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´ماں باپ کے ساتھ اچھے سلوک کرنے کا بیان۔`
معاویہ بن حیدہ قشیری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں کس کے ساتھ حسن سلوک کروں؟ آپ نے فرمایا: " اپنی ماں کے ساتھ، پھر اپنی ماں کے ساتھ، پھر اپنی ماں کے ساتھ، پھر اپنے باپ کے ساتھ، پھر جو قریبی رشتہ دار ہوں ان کے ساتھ، پھر جو اس کے بعد قریب ہوں۔‏‏‏‏" پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو شخص اپنے غلام سے وہ مال مانگے، جو اس کی حاجت سے زیادہ ہو اور وہ اسے نہ دے تو قیامت کے دن اس کا وہ فاضل مال جس کے دینے سے اس نے انکار کیا ایک گنجے سانپ کی صورت میں اس کے سامنے لایا جائے گا۔‏‏‏‏" ابوداؤد کہتے ہیں: «أقر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5139]
فوائد ومسائل:
1۔
شریعت نے ماں کے حقوق کو تین گنا بتایا ہے۔
اور باپ کے حقوق کو ایک چوتھائی مگر اسے جنت (میں داخلے) کا بہترین دروازہ قرار دیا ہے۔
دیکھئے۔
(مسند أحمد:196/5و 445/6۔
448۔
451) غلام اور اس کے مالک کا تعلق آزاد کر دینے کے بعد بھی قائم رہتا ہے۔
جسے تعلق ولا کہتے ہیں۔
اور آزاد ہونے پر واجب ہوتا ہے کہ اپنے آزاد کرنے والے کے ساتھ حتیٰ الامکان حسن سلوک کرتا رہے۔

2۔
اس سے یہ بھی واضح ہوا کہ صاحب ایمان کو کبھی کسی کا احسان نہیں بھولنا چاہیے۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5139 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 986 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´نفقات کا بیان`
سیدنا بھز بن حکیم رحمہ اللہ نے اپنے باپ کے واسطہ سے اپنے دادا سے روایت کیا ہے کہ میں نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول! میں حسن سلوک اور بھلائی کس کے ساتھ کروں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " اپنی والدہ کے ساتھ۔ " میں نے پھر عرض کیا۔ پھر کس سے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا " اپنی والدہ سے۔ " میں نے پھر عرض کیا پھر کس سے؟ فرمایا " اپنی والدہ سے۔ " میں نے پھر عرض کیا۔ پھر کس سے؟ فرمایا " اپنے والد سے۔ " اس کے بعد پھر درجہ بدرجہ زیادہ قریبی رشتہ دار سے۔ اسے ابوداؤد اور ترمذی نے تخریج کیا اور ترمذی نے اسے حسن قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 986»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، الأدب، باب في بر الوالدين، حديث:5139، والترمذي، البر والصلة، حديث:1897.»
تشریح: 1. اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ماں کا درجہ والد سے زیادہ ہے۔
2.ماں بچے کی وجہ سے جو تکلیفیں اور دکھ برداشت کرتی ہے اس کی وجہ سے ماں کے ساتھ حسن سلوک کی زیادہ تاکید فرمائی گئی ہے۔
عورت کمزور اور صنف نازک ہے۔
بچے بڑے ہو کر ماں کے قابو اور کنٹرول میں بہت کم رہتے ہیں۔
ماں کی بے قدری کی جاتی ہے۔
شریعت نے ماں کے ساتھ حسن سلوک کی اتنی شدت سے تاکید کی ہے اور اولاد کو احساس دلایا ہے کہ ماں کو ہر ممکن طریقے سے زیادہ سے زیادہ آرام اور راحت پہنچانی چاہیے۔
اس کے حکم کو بے چون و چرا ماننا اور تسلیم کرنا چاہیے بشرطیکہ وہ خلاف شرع حکم نہ دے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 986 سے ماخوذ ہے۔