شعب الایمان — حدیث نمبر 7249

باب: ایمان کی شاخوں میں سے ترپنویں شاخ: نیکی اور تقویٰ پر باہم تعاون کا باب۔

الثالث والخمسون من شعب الإيمان وهو باب في التعاون على البر والتقوى

حدیث نمبر: 7249
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، حَدَّثَنَا أَبُو الْعَبَّاسِ الْأَصَمُّ ، حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ عَلِيِّ بْنِ عَفَّانَ ، حَدَّثَنَا ابْنُ نُمَيْرٍ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي عَمْرٍو الشَّيْبَانِيِّ ، عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ الْأَنْصَارِيِّ ، قَالَ : أَتَى النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلٌ فَقَالَ : إِنِّي بُدِعَ بِي فَاحْمِلْنِي ، قَالَ : " مَا عِنْدِي مَا أَحْمِلُكَ عَلَيْهِ ، وَلَكِنِ ائْتِ فُلَانًا " فَأَتَاهُ فَحَمَلَهُ ، فَأَتَى رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَخْبَرَهُ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ دَلَّ عَلَى خَيْرٍ فَلَهُ مِثْلُ أَجْرِ فَاعِلِهِ " .
أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ ، مِنْ وَجْهٍ آخَرَ عَنِ الْأَعْمَشِ .
ترجمہ

سیدنا ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ کے پاس ایک آدمی آیا اور اس نے کہا: ”میری سواری ناکارہ ہو گئی ہے، لہٰذا مجھے سواری عطا فرما دیجیے۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”میرے پاس تو کچھ نہیں جس پر میں تمہیں سوار کروں، لیکن تم فلاں کے پاس چلے جاؤ۔“ چنانچہ وہ اس کے پاس گیا تو اس نے اسے سواری دے دی۔ پھر وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپ ﷺ کو خبر دی، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے کسی نیکی کی راہ دکھائی تو اسے اس نیکی کے کرنے والے کے اجر کے برابر اجر ملتا ہے۔“
اسے امام مسلم رحمہ اللہ نے ایک دوسری سند سے امام اعمش رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الثالث والخمسون من شعب الايمان وهو باب في التعاون على البر والتقوى / حدیث: 7249
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 7655
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 5129) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (1893) (سنن أبي داود 5129) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله ثقات
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله ثقات (شعب الإيمان ط الرشد: 10/ 113) . »
«أخرجه الطبراني فى (الكبير) 17/ 227 رقم 630، 17/ 226 رقم 625، 17/ 226 رقم 624، 17/ 227 رقم 627، ومسلم فى (صحيحه) 2/ 1506، وأبو داود فى (سننه) 5/ 346 رقم 5129، والطيالسي فى (مسنده) ص 85، والترمذي فى (جامعه) 5/ 41 رقم 2671، وأحمد فى (مسنده) 5/ 273، 4/ 120، وابن حبان فى (صحيحه) 1/ 255 رقم 289 "الإحسان" وأبو نعيم في "أخبار أصبهان" (2/ 265، والطحاوي فى (مشكل الآثار) 1/ 484، وعبد الرزاق فى (مصنفه) 11/ 107، 108 رقم 20056»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1893 | سنن ترمذي: 2671 | سنن ابي داود: 5129 | مشكوة المصابيح: 209 | بلوغ المرام: 1264 | رياض الصالحين: 173
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• ابن نمير هو عبد الله الكوفي.
• أبو عمرو الشيباني هو سعد بن إياس الكوفي.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1893 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا، میری سواری ہلاک ہو گئی، تو مجھے سواری دیجئے، آپﷺ نے فرمایا: ’’میرے پاس تو نہیں ہے۔‘‘ تو ایک آدمی نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول! میں اسے ایسے انسان کا پتہ دیتا ہوں، جو اسے سواری مہیا کرے گا، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص اچھے کام کی راہنمائی کرے گا تو اسے بھی کرنے والے کا اجر ملے گا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4899]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
ابدع بي: میری سواری ہلاک ہوگئی۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے، کسی اچھے کام کی تلقین کرنا، علم دین سکھانا، عبادات کا طریقہ بتانا، اتنے ہی اجرو ثواب کا باعث بنتا ہے، جتنا اجرو ثواب اس کار خیر کو سرانجام دینے والے کو ملے گا، اس لیے اچھے اور نیک کام کی راہنمائی کر کے اجرو ثواب کے حصول کی کوشش کرنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4899 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5129 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´بھلائی کی طرف رہنمائی کے ثواب کا بیان۔`
ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، اور اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میری سواری تھک گئی ہے مجھے کوئی سواری دے دیجئیے، آپ نے فرمایا: " میرے پاس کوئی چیز نہیں ہے جس پر تجھے سوار کرا سکوں لیکن تم فلاں شخص کے پاس جاؤ شاید وہ تمہیں سواری دیدے " تو وہ شخص اس شخص کے پاس گیا، اس نے اسے سواری دے دی، پھر وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور آپ کو بتایا تو آپ نے فرمایا: " جس نے کسی بھلائی کی طرف کسی کی رہنمائی کی تو اس کو اتنا ہی ثواب ملے گا جتنا اس کام کے کرنے والے کو ملے گا۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5129]
فوائد ومسائل:
اپنے مسلمان بھائی کو عمدہ مشورہ دینے اور خیر کی رہنمائی کرنے میں انسان کو کسی طرح بخیل نہیں ہونا چاہیے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5129 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 209 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´کار خیر کی طرف رہنمائی کرنے والے کے لئے اجر و ثواب`
«. . . ‏‏‏‏عَن أبي مَسْعُود الْأَنْصَارِيِّ قَالَ جَاءَ رَجُلٌ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ إِنِّي أُبْدِعَ بِي فَاحْمِلْنِي فَقَالَ مَا عِنْدِي فَقَالَ رَجُلٌ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَنَا أَدُلُّهُ عَلَى مَنْ يَحْمِلُهُ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ دَلَّ عَلَى خَيْرٍ فَلَهُ مثل أجر فَاعله» . رَوَاهُ مُسلم . . .»
". . . سیدنا ابومسعود رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ ایک شخص نے آ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ میری سواری تھک کر چلنے سے عاجز ہو گئی ہے کوئی سواری مجھے عنایت فرمائیے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "میرے پاس اس وقت کوئی سواری نہیں ہے۔" ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! میں ایک شخص کو بتاتا ہوں (کہ اگر اس کے پاس یہ چلا جائے) تو اس کو سواری دے دے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص کار خیر کو بتائے تو جتنا ثواب کرنے والے کو ملے گا اتنا ہی ثواب بتانے والے کو بھی ملے گا۔ اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْعِلْمِ: 209]
تخریج الحدیث:
[صحيح مسلم 4899]

فقہ الحدیث:
➊ نیکی کی طرف دعوت دینے والے کی بات پر جو لوگ عمل کریں گے تو ان کے ساتھ ساتھ دعوت دینے والے کو بھی ثواب ملے گا۔
➋ خیر کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا بہت اچھا اور اجر و ثواب والا کام ہے۔
➌ ایک دوسرے سے ماتحت الاسباب تعاون مانگنا جائز ہے۔
➍ مشکل کشا صرف ایک اللہ ہے، جس کے پاس بےحد و انتہا خزانے ہی خزانے ہیں۔
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 209 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1264 کی شرح از الشیخ عبدالسلام بھٹوی ✍️
نیکی کا راستہ دکھانے کا اجر
«وعن ابن مسعود رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏من دل على خير فله مثل اجر فاعله . ‏‏‏‏ اخرجه مسلم.» "ابومسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص (کسی کو) بھلائی (کے کام) کا راستہ دکھائے اس کے لئے بھلائی کرنے والے کے ثواب کی طرح ثواب ہے۔" مسلم۔ [بلوغ المرام/كتاب الجامع: 1264]
تخریج:
[مسلم الامارة4899]، [تحفة الاشراف 329/7]

فوائد:
➊ جو شخص کسی کو نیکی کا کوئی کام بتائے اسے نیکی کرنے والے جتنا اجر مل جاتا ہے جریر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ راوی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اسلام میں اچھا طریقہ (جو کتاب و سنت سے ثابت ہو) جاری کرے اس کے لئے اس کا اجر ہے اور ان سب لوگوں کا اجر ہے جو اس کے بعد اس پر عمل کریں گے بغیر اس کے کہ ان کے اجر میں کوئی کمی کی جائے۔ [مسلم 1017]
➋ نیکی کا کام خود بتا دے یا کسی ایسی جگہ بھیج دے جہاں سے اسے رہنمائی حاصل ہو جائے اشارے سے بتا دے یا زبان سے یا تصنیف و تالیف کے ذریعے سے۔ اس فضیلت میں مبلغین، اساتذہ، مصنفین، مدارس میں طلباء کو بھیجنے والے سب شامل ہیں اور مجاہدین اسلام بدرجہ اولیٰ شامل ہیں جن کے ذریعے بے شمار لوگوں کو اسلام کی دولت حاصل ہوئی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علی رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا کہ اللہ تعالیٰ تیرے ذریعے ایک آدمی کو ہدایت دے دے تو یہ تیرے لئے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے۔ [مسلم /2406]
اس لئے جو مقام صحابہ رضی اللہ عنہ کو حاصل ہوا بعد والے لوگوں کو حاصل نہیں ہوتا کیونکہ بعد والوں کی نیکیاں صحابہ کے دین پہنچانے کی وجہ سے صحابہ کے نامہ اعمال میں بھی شامل ہو چکی ہیں۔
درج بالا اقتباس شرح بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام کتاب الجامع، حدیث/صفحہ نمبر: 97 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1264 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´نیکی اور صلہ رحمی کا بیان`
سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’ جو کوئی خیر و بھلائی کا راستہ بتائے اس کو بھی نیکی کرنے والے کے برابر ثواب ملتا ہے۔ " (مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 1264»
تخریج:
«أخرجه مسلم، الإمارة، باب فضل إعانة الغازي في سبيل الله بمر كوب وغيره...، حديث:1893.»
تشریح: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نیک عمل کی طرف راہنمائی کرنے والے کو اتنا ہی اجر و ثواب ملے گا جتنا اس نیکی پر عمل کرنے والے کو ملے گا۔
یہ راہنمائی براہ راست ہو یا بالواسطہ کہ دوسرے کسی عالم کی طرف رجوع کا اشارہ کیا جائے‘ دونوں کو شامل ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1264 سے ماخوذ ہے۔