شعب الایمان — حدیث نمبر 6996

باب: فصل: عادل حکمران کی فضیلت اور حکمرانوں کے ظلم کے بارے میں جو وارد ہوا۔

فصل في فضل الإمام العادل وما جاء في جور الولاة

حدیث نمبر: 6996
أَخْبَرَنَاهُ عَلِيُّ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ عَبْدَانَ ، أَخْبَرَنَا أَحْمَدُ بْنُ عُبَيْدٍ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ إِسْحَاقَ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ عَبْدِ الْحَمِيدِ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الْمُبَارَكِ ، حَدَّثَنِي عِيسَى بْنُ يَزِيدَ ، عَنْ جَرِيرِ بْنِ يَزِيدَ ، أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا زُرْعَةَ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " حَدٌّ يُقَامُ فِي الْأَرْضِ خَيْرٌ مِنْ أَنْ تُمْطَرَ أَرْبَعِينَ صَبَاحًا " .
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”زمین میں ایک حد کا قائم کیا جانا چالیس صبحیں بارش برسنے سے بہتر ہے۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / التاسع والاربعون من شعب الايمان وهو باب في طاعة اولي الامر بفصولها / حدیث: 6996
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 7381
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن (سنن ابن ماجه 2538) , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, نسائي (4908،4909), انوار الصحيفه، صفحه نمبر 470 (سنن ابن ماجه 2538) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: ضعيف
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: ضعيف (شعب الإيمان ط الرشد: 9/ 483) . »
«أخرجه سمويه فى (الفوائد) 37/ 2، والطبراني فى (الكبير) 11/ 337 رقم 11932، والنسائي فى (سننه) 8/ 76»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 2538 | معجم صغير للطبراني: 931 | سنن نسائي: 4908
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• عيسى بن يزيد الأزرق أبومعاذ المروزي النحوي، مقبول، من السابعة (س ق).
• جرير بن يزيد بن جرير بن عبد الله البجلي، ضعيف، من السابعة (س ق).
• أبو زرعة هو ابن عمرو بن جرير بن عبد الله البجلي الكوفي.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2538 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´حدود کے نفاذ کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " کوئی ایک حد جو دنیا میں نافذ ہو، اہل زمین کے لیے یہ اس سے کہیں بہتر ہے کہ چالیس دن تک بارش ہو۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الحدود/حدیث: 2538]
اردو حاشہ:
فوائد و  مسائل: (1)
’’حد‘‘سے مراد خاص جرائم کی وہ سزائیں جواللہ کی طرف سے مقرر کردی گئی ہےمثلاً: چوری کی سزا ہاتھ کاٹنا یا قتل کی سزا قصاص ہے۔
ان میں کمی بیشی جائز نہیں۔
ان کے علاوہ دوسرے جرائم کی سزا تعزیر کہلاتی ہےاس میں قاضی کو رائے دخل ہے وہ جرم کی نوعیت کے مطابق مناسب سزادے سکتا ہے۔

(2)
حدود و تعزیر کا مقصد یہ ہے کہ دوسرے لوگ عبرت حاصل کریں اور اس جرم سے اجتناب کریں اس لیے حدود کے نفاذ سے معاشرے میں امن قائم ہوتا ہے اور ملک میں انصاف اورامن ہرقسم کی برکات کا باعث ہے۔

(3)
برکات کو بارش سے تشبیہ دی گئی ہے جوعرب کے صحرائی علاقے میں بہت بڑی نعمت اور رحمت شمارہوتی ہے۔

(4)
مذکورہ دونوں روایتوں کو ہمارے فاضل محقق نے ضعیف کہا ہے جبکہ شیخ البانی رحمة الله عليه نے دیگرشواہد کی بنا پر ان کو حسن کہا ہے۔ دیکھیے: (الصحیحة، رقم: 231)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2538 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4908 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´حد نافذ کرنے کی ترغیب کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ایک حد کا نافذ ہونا اہل زمین کے لیے تیس دن بارش ہونے سے بہتر ہے " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب قطع السارق/حدیث: 4908]
اردو حاشہ: (1) کچھ سزائیں "حد" کہلاتی ہیں اور کچھ  "تعزیر"۔ حد تو وہ سزا ہوتی ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ ہو جبکہ تعزیر اس سزا کو کہتے ہیں جو قاضی اور جج یا کوئی بھی ذمہ دار شخص جرم کی نوعیت دیکھ کر مناسبت سے اس جرم کی روک تھام کے لیے اپنی صواب دید کے مطابق دے سکتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ تعزیر اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔ البتہ حد اور تعزیر دونوں کے نفاذ کا مقصد لوگوں کو جرائم سے روکنا ہوتا ہے۔ یہ سزائیں اس لیے دی جاتی ہیں کہ مجرم کا حشر دیکھ کر دوسرے لوگ عبرت حاصل کریں اور جرم سے اجتناب کریں۔
(2) عام طور پر بارش ہر جگہ اور ہر علاقے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن صحرائی علاقوں میں اس کی ضرورت کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔ عرب جو بہت بڑے صحرائی علاقے پر مشتمل ہے وہاں اس کی ضرورت مسلمہ ہے اس لیے اس سے تشبیہ دی۔
(3) "بہتر ہے" کیونکہ حدود کا نفاذ معاشرے میں امن وامان اور سکون و اطمینان پیدا کرتا ہے نیز لڑائی جھگڑے اور خون ریزی کو ختم کرتا ہے۔ بارش کا فائدہ وقتی ہے مگر حدود کا فائدہ دائمی اور مستقل ہے نیز بارش صرف دنیا میں مفید ہے جب کہ حدود کا نفاذ آخرت میں بھی مفید ہوگا۔ رزق کا کیا فائدہ اگر جان اور مال وعزت ہی محفوظ نہ ہو؟ بلکہ رزق کی کثرت بسا اوقات جان وعزت کے لیے خطرہ بن جاتی ہے جب معاشرے میں امن و امان نہ ہو۔ حدود انسان کے جان و مال اور عزت کو محفوظ کرنے کے لیے نسخہ کیمیا ہیں۔ تجربہ شرط ہے۔
(4) "تیس دن" کثرت مراد ہے جیسا کہ آئندہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے نیز یہ ایک فرضی بات ہے ورنہ مسلسل تیس دن بارش برستی رہے تو نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ البتہ پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش بھی مفید رہتی ہے یا وقفے وقفے سے مراد ہوگی، یعنی ضرورت کے مطابق پڑتی رہے۔ بارش کا خصوصی ذکر اس لیے فرمایا کہ بارش کے ساتھ ہی زمینی زندگی کی بقا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4908 سے ماخوذ ہے۔