شعب الایمان — حدیث نمبر 5907
باب: فصل: کپڑوں کے رنگ۔
فصل في ألوان الثياب
أَخْبَرَنَا أَبُو الْحُسَيْنِ بْنُ بِشْرَانَ ، أَخْبَرَنَا أَبُو جَعْفَرٍ مُحَمَّدُ بْنُ عَمْرٍو الرَّزَّازُ ، حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ الْوَلِيدِ الْفَحَّامُ ، حَدَّثَنَا رَوْحُ بْنُ عُبَادَةَ ، حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ أَبِي عَرُوبَةَ ، عَنْ قَتَادَةَ عَنِ الْحَسَنِ عَنِ عِمْرَانَ بْنِ حُصَيْنٍ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " لَا أَرْكَبُ الْأُرْجُوَانَ ، وَلَا أَلْبَسُ الْمُعَصْفَرَ ، وَلَا أَلْبَسُ الْقَمِيصَ الْمُكَفَّفَ بِالْحَرِيرِ " .
قَالَ : وَأَوْمَأَ الْحَسَنُ إِلَى جَيْبِ قَمِيصِهِ .
قَالَ الشَّيْخُ : الْأُرْجُوَانُ : هِيَ الْمَيَاثِرُ الْحُمْرُ وَقَدْ تُتَّخَذُ مِنْ دِيبَاجٍ وَحَرِيرٍ ، فَإِنْ كَانَتْ مِنْ دِيبَاجٍ وَحَرِيرٍ لَمْ تَحِلَّ لِلرِّجَالِ ، وَإِنْ كَانَتْ مِنْ غَيْرَهِمَا فَكَأَنَّهُ كَرِهَ الْحُمْرَ إِذَا صُبِغَ بِهَا الثَّوْبُ بَعْدَ النَّسْجِ ، وَكَرِهَ الْمُعَصْفَرَ أَيْضًا لِذَلِكَ ، وَلَمْ يَلْبَسِ الْقَمِيصَ الْمُكَفَّفَ بِالْحَرِيرِ ، وَهُوَ مَا اتُّخِذَ جَيْبُهُ مِنْ حَرِيرٍ ، وَكَانَ لِذَيْلِهِ وَأَكْمَامِهِ كَفَافٌ مِنْهُ ، وَذَلِكَ يَزِيدُ عَلَى قَدْرِ أَرْبَعِ أَصَابِعَ الَّتِي وَرَدَتِ الرُّخْصَةُ فِيهَا فِي غَيْرِ الْحَرْبِ ، وَقَدْ مَضَى فِي جُبَّتِهِ الْمُكَفَّفَةِ الَّتِي كَانَ يَلْبَسُهَا فِي الْحَرْبِ وَاللَّهُ أَعْلَمُ .سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ”میں ارغوانی (سرخ) گدیلوں پر سواری نہیں کرتا، نہ زرد رنگ (عصفر سے رنگا ہوا) لباس پہنتا ہوں اور نہ ایسی قمیص پہنتا ہوں جس پر ریشم کی گوٹ لگی ہو۔“
راوی کہتے ہیں: امام حسن بصری رحمہ اللہ نے اپنی قمیص کے گریبان کی طرف اشارہ کیا۔
شیخ (امام بیہقی رحمہ اللہ) فرماتے ہیں: ”ارغوان سے مراد سرخ گدیلے ہیں، اور یہ کبھی دیباج اور ریشم سے بنائے جاتے ہیں؛ اگر وہ دیباج اور ریشم سے بنے ہوں تو مردوں کے لیے حلال نہیں، اور اگر ان کے علاوہ کسی چیز سے بنے ہوں تو گویا آپ ﷺ نے سرخ رنگ کو اس لیے ناپسند فرمایا کہ جب کپڑا بُنے جانے کے بعد اس سے رنگا جائے (تو وہ ناپسندیدہ ہے)، اور اسی وجہ سے زرد عصفر سے رنگے ہوئے کپڑے کو بھی ناپسند فرمایا۔ اور آپ ﷺ نے ایسی قمیص نہیں پہنی جس پر ریشم کی گوٹ ہو، یعنی جس کا گریبان ریشم کا بنایا گیا ہو اور اس کے دامن اور آستینوں پر ریشم کے کنارے ہوں، اور یہ چار انگلیوں کی اس مقدار سے زائد ہوتا ہے جس کی جنگ کے علاوہ حالات میں رخصت وارد ہوئی ہے۔ اور آپ ﷺ کے اس گوٹ دار جبے کا ذکر گزر چکا ہے جو آپ ﷺ جنگ میں پہنتے تھے۔ واللہ اعلم۔“
• الحسن هو البصري.
تشریح، فوائد و مسائل
عمران بن حصین رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ اللہ کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں سرخ گدوں (زین پوشوں) پر سوار نہیں ہوتا اور نہ کسم کے رنگے کپڑے پہنتا ہوں، اور نہ ایسی قمیص پہنتا ہوں جس پر ریشمی بیل بوٹے بنے ہوں۔" راوی کہتے ہیں: حسن نے اپنی قمیص کے گریبان کی طرف اشارہ کیا وہ کہتے ہیں۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " سنو! مردوں کی خوشبو وہ ہے جس میں بو ہو رنگ نہ ہو، سنو! اور عورتوں کی خوشبو وہ ہے جس میں رنگ ہو بو نہ ہو۔" سعید کہتے ہیں: میرا خیال ہے قتادہ نے کہا: علماء نے عورتوں کے سلسلہ میں آپ کے اس قول کو اس صورت پر محمول کیا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب اللباس /حدیث: 4048]
1: یہ روایت بعض محققین کے نزدیک صحیح ہے،علاوہ ازیں مذکورہ مسائل دیگر صحیح روایات سے بھی بھی ثابت ہیں۔
2: رسول ؐ کا یہ فرمانا ہے کہ میں یہ کام نہیں کرتا ہوں اس میں لطیف انداز سے افراد امت کو ان امور سے ممانعت ہے، بلاشبہ اللہ اور اس کے رسول ؐ سے محبت کی وجہ سے ان کی مخالفت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
3: مردوں کے لئے جائز نہیں کہ ایسے پاوڈر اور کریمیں استعمال کریں جو ان کے رنگ وروپ کو نکھارنےکا والی ہوں، یہ صرف عورتوں کے لئے جائز ہیں۔
4: مہک والی خوشبوئیں اور عطر مردوں کے لئے اور عورت جب تک گھر کے اندر ہو شوہر کی دلداری کے لئے استعمال کرسکتی ہے، باہر جانا ہو تو اسے خوب صاف کرلے۔
5: اسلام اپنے معاشرے میں ایسے کسی عمل کی اجازت نہیں دیتا جو بظاہر معمولی ہی سہی، مگر دھیرے دھیرے بہت بڑے فتنے کا باعث ہو سکتا ہو۔
بالخصوص وعصمت وعفت کا بگاڑ اور معاشرے میں فساد، اللہ کی رحمت سے دوری اور اس کے شدید عقاب کا باعث بنتا ہے۔