حدیث نمبر: 5489
وَبِإِسْنَادِهِ عَنْ أَبِي دَاوُدَ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ يَزِيدَ بْنِ خُمَيْرٍ قَالَ : سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ بُسْرٍ السَّلَمِيَّ قَالَ : أَتَانًا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَلْقَتْ لَهُ أُمِّي قَطِيفَةً ، فَجَلَسَ عَلَيْهَا ، فَأَتَتْهُ بِتَمْرٍ ، فَجَعَلَ يَأْكُلُ وَيَقُولُ بِالنَّوَاةِ [ هَكَذَا قَالَ أَبُو دَاوُدَ : هَكَذَا بِالسَّبَّابَةِ وَالْوُسْطَى يَرْمِي بِالنَّوَاةِ ] ، فَوْقَ أُصْبُعِهِ ، ثُمَّ دَعَا بِشَرَابٍ فَشَرِبَ ، ثُمَّ سَقَى الَّذِي عَنْ يَمِينِهِ ، فَقَالَتْ أُمِّي : يَا رَسُولَ اللَّهِ ادْعُ اللَّهَ لَنَا ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " اللَّهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِيمَا رَزَقْتَهُمْ ، وَاغْفِرْ لَهُمْ ، وَارْحَمْهُمْ " .
أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ مِنْ أَوْجُهٍ عَنْ شُعْبَةَ .
قَالَ ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ ، عَنْ شُعْبَةَ فِي هَذَا الْحَدِيثِ : مَرَّ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِأَبِي وَهُوَ عَلَى بَغْلَةٍ بَيْضَاءَ ، فَأَخَذَ بِلِجَامِهَا ، فَقَالَ : انْزِلْ عِنْدِي يَا رَسُولَ اللَّهِ ، فَنَزَلَ عِنْدَهُ ، قَالَ : فَجَاءَهُمْ بِحَيْسٍ ، فَأَكَلُوا ثُمَّ جَاءَهُمْ بِتَمْرٍ ، قَالَ : فَجَعَلَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَأْكُلُ وَيَقُولُ بِالنَّوَى هَكَذَا وَضَمَّ شُعْبَةُ بِأُصْبُعِهِ السَّبَّابَةِ وَالْوُسْطَى وَيَقُولُ بِالنَّوَى عَلَى ظُهُورِهِمَا وَيُقَلِّبُهُ يَرْمِي بِهِ ، قَالَ : ثُمَّ أُتِيَ بِشَرَابٍ فَشَرِبَ ثُمَّ نَاوَلَهُ الَّذِي عَنْ يَمِينِهِ ، وَقَالَ : " اللَّهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِيمَا رَزَقْتَهُمْ ، وَاغْفِرْ لَهُمْ وَارْحَمْهُمْ " .
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن بسر سلمی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہمارے ہاں تشریف لائے تو میری والدہ نے آپ ﷺ کے لیے ایک چادر بچھا دی، آپ ﷺ اس پر بیٹھ گئے، پھر وہ آپ ﷺ کے پاس کھجوریں لائیں تو آپ ﷺ انہیں کھانے لگے اور گٹھلی کو اپنی انگلی کے اوپر سے (اس طرح) پھینکنے لگے۔ [امام ابوداود رحمہ اللہ نے فرمایا: اس طرح شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی سے، آپ ﷺ گٹھلی پھینکتے تھے]۔ پھر آپ ﷺ نے کوئی مشروب منگوایا اور نوش فرمایا، پھر اپنے دائیں جانب والے کو پلایا۔ میری والدہ نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! ہمارے لیے اللہ سے دعا فرما دیجیے۔“ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: «اللَّهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِيمَا رَزَقْتَهُمْ، وَاغْفِرْ لَهُمْ، وَارْحَمْهُمْ» ”اے اللہ! جو رزق تو نے انہیں دیا ہے اس میں انہیں برکت عطا فرما، انہیں بخش دے اور ان پر رحم فرما۔“
امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے ”الصحیح“ میں امام شعبہ رحمہ اللہ سے کئی طرق سے روایت کیا ہے۔
ابن ابی عدی، شعبہ رحمہ اللہ سے اس حدیث میں بیان کرتے ہیں: رسول اللہ ﷺ میرے والد کے پاس سے گزرے، اس وقت آپ ﷺ ایک سفید خچر پر سوار تھے، تو میرے والد نے اس کی لگام تھام لی اور عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! میرے ہاں قیام فرمائیے۔“ چنانچہ آپ ﷺ ان کے ہاں اتر گئے۔ راوی کہتے ہیں: پھر وہ ان کے پاس حیس (کھجور، گھی اور پنیر سے بنا کھانا) لائے، سب نے کھایا، پھر وہ کھجوریں لائے۔ راوی کہتے ہیں: نبی ﷺ کھجور کھانے لگے اور گٹھلی کو اس طرح کرتے تھے، اور شعبہ رحمہ اللہ نے اپنی شہادت کی اور درمیانی انگلی کو ملا کر دکھایا، (یعنی) گٹھلی کو ان دونوں کی پشت پر رکھ کر پلٹتے اور پھینک دیتے۔ راوی کہتے ہیں: پھر آپ ﷺ کے پاس مشروب لایا گیا، آپ ﷺ نے نوش فرمایا، پھر اپنے دائیں جانب والے کو دیا، اور فرمایا: «اللَّهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِيمَا رَزَقْتَهُمْ، وَاغْفِرْ لَهُمْ وَارْحَمْهُمْ» ”اے اللہ! جو رزق تو نے انہیں دیا ہے اس میں انہیں برکت عطا فرما، انہیں بخش دے اور ان پر رحم فرما۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / التاسع والثلاثون من شعب الايمان باب في المطاعم والمشارب / حدیث: 5489
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 5878
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (سنن أبي داود 3729) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (2042) (سنن أبي داود 3729) , تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله موثقون والحديث صحيح
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله موثقون والحديث صحيح (شعب الإيمان ط الرشد: 8/ 55) . »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2042 | سنن ترمذي: 3576 | سنن ابي داود: 3729

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3576 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مہمان میزبان کے لیے کیا دعا کرے اس کا بیان`
عبداللہ بن بسر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے باپ کے پاس آئے، ہم نے آپ کے کھانے کے لیے کچھ پیش کیا تو آپ نے اس میں سے کھایا، پھر آپ کے لیے کچھ کھجوریں لائی گئیں، تو آپ کھجوریں کھانے اور گھٹلی اپنی دونوں انگلیوں سبابہ اور وسطی (شہادت اور بیچ کی انگلی سے (دونوں کو ملا کر) پھینکتے جاتے تھے، شعبہ کہتے ہیں: جو میں کہہ رہا ہوں وہ میرا گمان و خیال ہے، اللہ نے چاہا تو صحیح ہو گا، آپ دونوں انگلیوں کے بیچ میں گٹھلی رکھ کر پھینک دیتے تھے، پھر آپ کے سامنے پینے کی کوئی چیز لائی گئی تو آپ نے پی اور اپنے دائیں جانب ہا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3576]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اے اللہ! ان کے رزق میں برکت عطا فرما اور انہیں بخش دے اور ان پر رحمت نازل فرما۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3576 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3729 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´پانی کے برتن میں پھونک مارنا اور سانس لینا منع ہے۔`
عبداللہ بن بسر جو بنی سلیم سے تعلق رکھتے ہیں کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے والد کے پاس تشریف لائے اور ان کے پاس قیام کیا تو انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں کھانا پیش کیا، پھر انہوں نے حیس ۱؎ کا ذکر کیا جسے وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے کر آئے پھر وہ آپ کے پاس پانی لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیا پھر جو آپ کے داہنے تھا اسے دیدیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھجوریں کھائیں اور ان کی گٹھلیاں درمیانی اور شہادت والی انگلیوں کی پشت پر رکھ کر پھینکنے لگے، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے تو میرے والد بھی کھڑے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الأشربة /حدیث: 3729]
فوائد ومسائل:
1۔
اس حدیث سے واضح ہوا کہ نبی کریم ﷺنے کھائی ہوئی کھجوروں کی گھٹلیاں اسی برتن میں نہیں ڈالیں۔
بلکہ علیحدہ رکھیں کیونکہ نفیس طبایع پر بات بہت ناگوار گزرتی ہے۔
تو اس طرح پانی کے برتن میں سانس لینا بھی دوسروں کوبُرا لگتا ہے۔

2۔
مشروب پینے کے بعد آپ نے دایئں طرف والے کو یا۔

3۔
اصحاب فضل والے کی تکریم کرنا جس طرح میزبان نے رسول اللہ ﷺ کی تکریم کی پسندیدہ بات ہے۔

4۔
میزبان اپنے مہمان سے دعا کی درخواست کرسکتا ہے۔

5۔
کھانے کے بعد دعا کرنا سنت ہے۔
اور جو دعا رسول اللہ ﷺنے فرمائی وہی دعا کرنا افضل ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3729 سے ماخوذ ہے۔