شعب الایمان — حدیث نمبر 5470

باب: گرا ہوا لقمہ اٹھانا، پیالہ صاف کرنا اور چاٹنے کے بعد رومال سے ہاتھ پونچھنا۔

رفع اللقمة إذا سقطت ، وإنقاء القصعة والتمسح بالمنديل بعد اللعق

حدیث نمبر: 5470
أَخْبَرَنَا أَبُو زَكَرِيَّا بْنُ أَبِي إِسْحَاقَ ، أَخْبَرَنَا حَامِدُ بْنُ مُحَمَّدٍ الْهَرَوِيُّ ، حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ كَثِيرٍ الْعَبْدِيُّ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ الثَّوْرِيُّ ، عَنْ أَبِي الزُّبَيْرِ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لَا يَمْسَحِ الرَّجُلُ يَدَهُ بِالْمِنْدِيلِ حَتَّى يَلْعَقَ أَصَابِعَهُ " .
قَالَ أَحْمَدُ : أَخْرَجَهُ مُسْلِمٌ فِي الصَّحِيحِ مِنْ أَوْجُهٍ عَنْ سُفْيَانَ أَتَمَّ مِنْ هَذَا وَقَالَ : حَتَّى " يَلْعَقَهَا أَوْ يَلْعَقَهَا " وَكَذَلِكَ هُوَ فِي حَدِيثِ ابْنِ عَبَّاسٍ ، فَإِنْ لَمْ يَكُنْ هَذَا شَكًّا مِنَ الرَّاوِي وَكَانَا جَمِيعًا مَحْفُوظَيْنِ ، فَإِنَّمَا أَرَادَ يِلَعْقِهَا صَبِيًّا أَوْ صَبِيَّةً أَوْ مَنْ يَعْلَمُ أَنَّهُ لَا يَتَقَذَّرُهَا ، يَحِلُّ لَهُ مَسُّ فَمِهِ ، وَيُحْتَمَلُ أَنْ يَكُونَ أَرَادَ بِلَعْقِ أُصْبُعِهِ فَمَهُ ، فَيَكُونَ بِمَعْنَى قَوْلِهِ : يَلْعَقُهَا ، وَالْأَخْبَارُ كُلُّهَا تَدُلُّ عَلَى أَنَّ هَذَا اللَّعْقَ إِنَّمَا هُوَ عِنْدَ الْفَرَاغِ مِنَ الطَّعَامِ وَاللَّهُ أَعْلَمُ .
ترجمہ

سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”آدمی اپنا ہاتھ رومال سے نہ پونچھے یہاں تک کہ اپنی انگلیاں چاٹ لے۔“
امام احمد (بیہقی) رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”امام مسلم رحمہ اللہ نے اسے ”الصحیح“ میں سفیان رحمہ اللہ سے کئی طرق سے اس سے زیادہ مکمل صورت میں روایت کیا ہے، اور اس میں یوں فرمایا: ”یہاں تک کہ وہ اسے چاٹ لے یا چٹوا لے“ اور اسی طرح سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی حدیث میں بھی ہے۔ اگر یہ راوی کا شک نہ ہو اور دونوں الفاظ محفوظ ہوں تو مراد یہ ہے کہ وہ اسے کسی بچے یا بچی سے چٹوائے، یا کسی ایسے شخص سے جس کے بارے میں معلوم ہو کہ وہ اس سے گھن نہیں کرے گا اور جس کے لیے اس کے منہ کا لگنا حلال ہے۔ اور یہ بھی احتمال ہے کہ مراد یہ ہو کہ وہ اپنی انگلی اپنے منہ میں ڈال کر چاٹے، تو یہ ”وہ اسے چاٹ لے“ کے معنی میں ہوگا۔ اور تمام روایات اس پر دلالت کرتی ہیں کہ یہ چاٹنا کھانے سے فارغ ہونے کے وقت ہوتا ہے۔ واللہ اعلم۔“

حوالہ حدیث شعب الإيمان / التاسع والثلاثون من شعب الايمان باب في المطاعم والمشارب / حدیث: 5470
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 5856
درجۂ حدیث تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله موثقون
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله موثقون (شعب الإيمان ط الرشد: 8/ 40) . »
«أخرجه ابن ماجه فى (سننه) 2/ 1088 رقم 3270، 2/ 1088 رقم 3269، ومسلم فى (صحيحه) 2/ 1606، 2/ 1605 رقم 129، 2/ 1605 رقم 135، والبخاري فى (صحيحه) 6/ 213، والدارير ص 491، وأبو يعلى فى (مسنده) 4/ 382 رقم 2553، وأحمد فى (مسنده) 1/ 221، 1/ 293، 346، 370، والبغوي فى (شرح السنة) 11/ 315 رقم 2875، والبيهقي فى (السنن الكبرى) 7/ 278»

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2033 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب تم میں سے کسی کا لقمہ گر جائے تو وہ اس کو اٹھائے اور اس کو لگنے والی تکلیف دہ چیز (مٹی، ریت اور تنکے وغیرہ) دور کر کے اس کو کھالے اور جب تک اپنی چاٹ نہ لے، اپنا ہاتھ رومال سے صاف نہ کرے، کیونکہ اسے معلوم نہیں ہے، اس کے کھانے کے کس حصہ میں خیر و برکت ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5301]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: جب انسان کھانا شروع کر دیتا ہے تو اس کا اکثر حصہ اس کے پیٹ میں چلا جاتا ہے، کچھ برتن کو لگ جاتا ہے، کچھ انگلیوں کو لگ جاتا ہے، بعض دفعہ کچھ برتن میں رہ جاتا ہے اور کوئی لقمہ گر جاتا ہے، اب انسان کو معلوم نہیں ہے، کھانے کے ان سب اجزاء میں سے کون سا حصہ یا جز اس کے لیے خیر و برکت اور سیری کا باعث ہے اور اس کے لیے وقت و طاقت کا سبب ہے، اس لیے اسے ان تمام اجزاء کو استعمال کرنا چاہیے، کوئی حصہ چھوڑنا نہیں چاہیے، حتی کہ گرنے والا لقمہ بھی اسی طرح گرے پڑے نہیں رہنا دینا چاہیے اور اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے برتن میں اتنا ہی کھانا ڈالنا چاہیے جتنا کھانا ہو۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5301 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2033 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ’’شیطان تمہارے ہر معاملہ کے وقت آجاتا ہے، حتی کہ وہ تمہارے کھانے کے وقت بھی آ جاتا ہے، اس لیے جب تم میں سے کسی سے کوئی لقمہ گر جائے تو وہ اس سے اذیت کا باعث چیز زائل کرکے اس کو کھالے، اس کو شیطان کے لیے نہ پڑا رہنے دے اور جب فارغ ہو جائے تو اپنی انگلیاں چاٹ لے، کیونکہ اسے علم نہیں ہے اس کے کس کھانے میں برکت ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5303]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ شیطان ہر وقت اور ہر آن انسان کی تاک میں رہتا ہے، وہ جب بھی کوئی کام شروع کرتا ہے تو اس کی کوشش ہوتی ہے، میرا بھی اس کام میں کچھ حصہ پڑ جائے، اس لیے وہ اکسا کر اس سے کوئی نہ کوئی کام دینی ہدایات و تعلیمات کا منافی کروا لیتا ہے، جس طرح گرنے والا لقمہ کو اٹھانا وہ اسے اپنی شان کے منافی باور کرواتا ہے اور اس کو خست و کمینگی بتاتا ہے، اس طرح انسان اس کے چکمے میں آ کر لقمہ اس کے لیے چھوڑ دیتا ہے اور انسان کو احساس ہی نہیں ہوتا کہ شیطان کا داؤ چل گیا ہے، ہاں اگر لقمہ ناپاک جگہ میں گر جائے یا اس کو صاف کرنا ممکن نہ ہو تو پھر اسے بلی، کتے کو ڈال دے، اس کو ضائع نہ کرے، کیونکہ شریعت کسی معمولی چیز کا ضیاع بھی گوارا نہیں کرتی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5303 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1802 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´گرے ہوئے لقمہ کا بیان۔`
جابر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب تم میں سے کوئی کھانا کھائے اور نوالہ گر جائے تو اس میں سے جو ناپسند سمجھے اسے ہٹا دے ۱؎، اسے پھر کھا لے، اسے شیطان کے لیے نہ چھوڑے۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1802]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی گرے ہوئے نوالہ پر جو گردوغبار جم گیا ہے، اسے ہٹا کر اللہ کی اس نعمت کی قدر کرے، اسے کھالے، شیطان کے لیے نہ چھوڑے کیوں کہ چھوڑنے سے اس نعمت کی ناقدری ہوگی، لیکن اس کابھی لحاظ رہے کہ وہ نوالہ ایسی جگہ نہ گرا ہو جو ناپاک اور گندی ہو، اگر ایسی بات ہے تو بہتر ہوگا کہ اسے صاف کرکے کسی جانور کو کھلادے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1802 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3270 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´(کھانے کے بعد) انگلیاں چاٹنے کا بیان۔`
جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم میں سے کوئی اپنے ہاتھ کو صاف نہ کرے یہاں تک کہ اسے چاٹ لے، اس لیے کہ اسے نہیں معلوم کہ اس کے کھانے کے کس حصے میں برکت ہے " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأطعمة/حدیث: 3270]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
کھانا کھانے کےبعد ہاتھ کی انگلیوں کو زبان سے صاف کر لینا چاہیے۔

(2)
غذا کا معمولی حصہ ضائع کرنا بھی نعمت کی ناشکری ہے۔

(3)
بغیر صاف کیے ہاتھ کو کپڑے سے پونچھنا یا پانی سے دھونا مناسب نہیں کیونکہ اس طرح کپڑا خراب ہو گا یا پانی ضرورت سے زیادہ استعمال کرنا پڑے گا اور ہاتھ کو لگے ہوئے غذا کے ذرات نانی میں جائیں گے جو رزق کی نعمت کی ناقدری ہے۔

(4)
برکت ایک معنوی اور غیر محسوس چیز ہے۔
اس کے حصوں کےلیے نبی ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے اور رزق کو ضائع کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔

(5)
کسی سے چٹوانا اس وقت درست ہے جب دوسرا آدمی اس میں کراہت محسوس نہ کرے مثلاً: بیوی یا اولاد وغیرہ ہو۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3270 سے ماخوذ ہے۔