شعب الایمان — حدیث نمبر 4489

باب: ایمان کی شاخوں میں سے چونتیسویں شاخ: زبان کو غیر ضروری باتوں سے محفوظ رکھنے کا باب۔

الرابع والثلاثون من شعب الإيمان وهو باب في حفظ اللسان عما لا يحتاج إليه

حدیث نمبر: 4489
أَخْبَرَنَا أَبُو عَبْدِ اللَّهِ الْحَافِظُ ، أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرِ بْنِ إِسْحَاقَ ، أَخْبَرَنَا بِشْرُ بْنُ مُوسَى ، حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، حَدَّثَنَا أَيُّوبُ ، قَالَ سَمِعْتُ عِكْرِمَةَ يَقُولُ سَمِعْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ يَقُولُ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ صَوَّرَ صُورَةً عُذِّبَ وَكُلِّفَ أَنْ يَنْفُخَ فِيهَا وَلَيْسَ بِنَافِخٍ ، وَمَنْ تَحَلَّمَ كَاذِبًا عُذِّبَ ، وَكُلِّفَ أَنْ يَعْقِدَ بَيْنَ شَعِيرَتَيْنِ وَلَيْسَ بِعَاقِدٍ ، وَمَنِ اسْتَمَعَ إِلَى حَدِيثِ قَوْمٍ وَهُمْ لَهُ كَارِهُونَ ، صُبَّ فِي أُذُنِهِ الْآنُكُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ "
قَالَ سُفْيَانَ : " الْآنُكُ : الرَّصَاصِ " . رَوَاهُ الْبُخَارِيُّ فِي الصَّحِيحِ عَنْ عَلِيِّ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ عَنْ سُفْيَانَ .
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے (کسی جاندار کی) تصویر بنائی اسے عذاب دیا جائے گا اور اسے مکلف کیا جائے گا کہ وہ اس میں روح پھونکے، حالانکہ وہ ہرگز پھونک نہیں سکے گا۔ اور جس نے جھوٹا خواب گھڑ کر بیان کیا اسے عذاب دیا جائے گا اور اسے مکلف کیا جائے گا کہ وہ جو کے دو دانوں کے درمیان گرہ لگائے، حالانکہ وہ ہرگز گرہ نہیں لگا سکے گا۔ اور جس نے کچھ لوگوں کی بات کان لگا کر سنی جبکہ وہ اسے ناپسند کرتے تھے، قیامت کے دن اس کے کانوں میں پگھلا ہوا سیسہ انڈیلا جائے گا۔“
سفیان رحمہ اللہ نے کہا: ”«الآنُك» کا معنی سیسہ ہے۔“
اسے امام بخاری رحمہ اللہ نے ”الصحیح“ میں علی بن عبداللہ رحمہ اللہ کے واسطے سے سفیان رحمہ اللہ سے روایت کیا ہے۔

حوالہ حدیث شعب الإيمان / الرابع والثلاثون من شعب الايمان وهو باب في حفظ اللسان عما لا يحتاج اليه / حدیث: 4489
دوسری ترقیم دار الکتب العلمیہ (تحقیق زغلول): 4829
درجۂ حدیث تحقیق (د. عبد العلی عبد الحمید حامد): إسناده: رجاله موثقون
تخریج حدیث «قال عبد العلي عبد الحميد حامد: إسناده: رجاله موثقون (شعب الإيمان ط الرشد: 6/ 470) . »
«أخرجه البخاري فى (صحيحه) برقم: 6635، ومسلم فى (صحيحه) برقم: 2110، وأبو داود فى (سننه) برقم: 5024، والترمذي فى (جامعه) برقم: 1751، 2283، والنسائي فى (سننه) برقم: 5358، 5359، وابن ماجه فى (سننه) برقم: 3916، وأحمد فى (مسنده) برقم: 1869، 2163، 2214، 2806، 3262، 3373، 3384، وعبد الرزاق فى (مصنفه) برقم: 19491، والطبراني فى (الكبير) برقم: 11637، 11831، 11855، 11923، 11960، 12772، 12900، والطبراني فى (الأوسط) برقم: 3726، والبزار فى (مسنده) برقم: 5319، 6066، والبيهقي فى (معرفة السنن والآثار) برقم: 14425، والبغوي فى (شرح السنة) برقم: 3218»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 7042 | بلوغ المرام: 1304 | رياض الصالحين: 1544 | رياض الصالحين: 1681 | شعب الإيمان: 4439
رجال الإسناد (من تعليق المحقق):
• سفيان هو ابن عيينة.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1304 کی شرح از الشیخ عبدالسلام بھٹوی ✍️
ان لوگوں کی بات پر کان لگانے کی سزا جو اسے پسند نہیں کرتے
«وعن ابن عباس رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: ‏‏‏‏من تسمع حديث قوم وهم له كارهون صب فى اذنيه الآنك يوم القيامة ‏‏‏‏ يعني الرصاص. اخرجه البخاري.»
"ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی قوم کی باتوں پر کان لگائے اور وہ اسے ناپسند کرتے ہوں اس کے کانوں میں قیامت کے سیسہ (سکہ) ڈالا جائے گا۔" اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔ [بلوغ المرام/كتاب الجامع: 1304]
تخریج:
[بخاري 7042 كتاب التعبير باب من كذب فى حلمه]
بلوغ المرام کے نسخوں میں «من تسمع» کے لفظ ہیں جبکہ بخاری میں «استمع» کے لفظ ہیں۔ معنی تقریباً ایک ہی ہے۔

فوائد:
کسی کی باہمی بات چیت پر کان لگانا ان کے ناپسند کرنے کی صورت میں حرام ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جو لوگ آپس میں کوئی بات کر رہے ہوں اگر وہ کسی شخص کا سننا پسند نہیں کرتے تو ایسے ان کی بات پر کان لگانا حرام ہے کیونکہ صرف مکروہ کام پر اتنی سخت سزا نہیں ہو سکتی کہ کانوں میں سکہ ڈالا جائے۔
اب یہ پتہ کیسے چلے گا کہ وہ اس کا سننا پسند نہیں کرتے تو یہ قرائن سے معلوم ہو جاتا ہے۔ سب سے پہلے تو دو یا زیادہ آدمی کہیں علیحدہ ہو کر بیٹھے ہوں تو صاف ظاہر ہے کہ وہ اپنی گفتگو میں کسی کی شرکت پسند نہیں کرتے۔ بعض اوقات وہ اپنی ناگواری کا صاف اظہار بھی کر دیتے ہیں۔ اب قرائن سے یا صاف لفظوں میں ان کی ناگواری معلوم ہو جانے کے بعد کوئی شخص چھپ کر یا کسی طریقے سے سننے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے کانوں میں سکہ ڈالا جائے گا۔ کیونکہ یہ گناہ کان کے ذریعے سرزد ہوا ہے۔
سعید مقبری فرماتے ہیں کہ میں ابن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس سے گزرا تو ان کے پاس ایک آدمی کھڑا ہو کر باتیں کر رہا تھا۔ میں بھی ان کے پاس کھڑا ہو گیا تو ابن عمر رضی اللہ عنہما نے میرے سینے میں دھکا دے کر کہا: جب تم دیکھو کہ دو آدمی باتیں کر رہے ہیں تو اجازت لینے کے بغیر ان کے پاس کھڑے مت ہو۔ [مسند احمد و سنده صحيح حديث نمبر 5949 تحقيق احمد شاكر]
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ آپس میں گفتگو کرنے والے لوگ اگر اس کے اجازت طلب کرنے پر اسے اجازت دے بھی دیں، مگر اس کو سمجھ آ رہی ہو کہ انہوں نے یہ اجازت حیا کی وجہ سے یا بادل ناخواستہ دی ہے اور دل سے وہ اس کا سننا پسند نہیں کرتے تو اسے ان کی بات پر کان لگانا پھر بھی جائز نہیں۔
بعض لوگ ذرا دور بیٹھ کر ایک آدھ لفظ سن کر باقی خود بخود سمجھ جاتے ہیں اس طرح کرنے والے بھی اس وعید میں شامل ہیں۔ اسی طرح کسی کے گھر جھانکنا، سونگھنا، ٹوہ لگانا بھی حرام ہے۔ بچوں سے گھر کی ایسی باتیں پوچھتے رہنا بھی حرام ہے جو اس کے گھر والے پسند نہیں کرتے۔ ہاں اگر کسی پختہ ذریعے سے معلوم ہو کہ یہ لوگ کسی گناہ یا ظلم کے منصوبے بنا رہے ہیں تو نہی عن المنکر کے لیے بات سننا جائز ہے۔
درج بالا اقتباس شرح بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام کتاب الجامع، حدیث/صفحہ نمبر: 217 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1304 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´برے اخلاق و عادات سے ڈرانے اور خوف دلانے کا بیان`
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ جو کوئی کسی قوم کی بات سننے کی سعی کرے جبکہ وہ اسے ناپسند کرتے ہوں تو قیامت کے روز اس کے دونوں کانوں میں سیسہ ڈالا جائے گا۔ " «آنك» کا معنی سیسہ ہے۔ (بخاری) «بلوغ المرام/حدیث: 1304»
تخریج:
«أخرجه البخاري، التعبير، باب من كذب في حلمه، حديث:7042.»
تشریح: اس حدیث میں اس بات کی ممانعت ہے کہ آدمی کسی دوسرے آدمی یا قوم کے راز اور خفیہ باتیں (جنھیں وہ دوسرے کے روبرو بیان کرنا نہیں چاہتے) بڑے اہتمام‘ توجہ اور کوشش سے سننے کی ٹوہ میں لگا رہے۔
ایسے آدمی کے کانوں میں قیامت کے روز پگھلا ہوا سیسہ ڈالا جائے گا۔
یہ مجلسی آداب میں سے ایک ادب ہے جسے ملحوظ رکھنا چاہیے۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ’’الادب المفرد‘‘ میں سعید مقبری سے روایت نقل کی ہے‘ وہ فرماتے ہیں کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کسی آدمی سے گفتگو کر رہے تھے‘ میں بھی ان کے قریب آکر کھڑا ہو گیا تو حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے میرے سینے پر تھپڑ رسید کیا اور فرمایا کہ جب دو آدمی الگ سے بات چیت کر رہے ہوں تو ان کی باتیں نہ سنا کرو‘ یہ ممنوع ہے۔
(الأدب المفرد‘ باب إذا رأی قوماً یتناجون فلا یدخل معھم:۲ /۶۶۰‘ رقم:۱۱۶۶ طبع مکتبۃ المعارف‘ الریاض) بہرحال کسی کی راز داری میں مداخلت درست نہیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1304 سے ماخوذ ہے۔